تازہ ترینخبریںٹیکنالوجی

ٹوئٹر سے ناراض صارفین نے دیگر ایپس کا استعمال شروع کردیا

سماجی رابطے کی مشہور ویب سائٹ ٹوئٹر کے مالک کی جانب سے متعدد متنازعہ فیصلوں کے بعد لاکھوں صارفین نے ٹوئٹر کو خیر باد کہنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالنے اور ”بلیو ٹک“ پر آٹھ ڈالرز فیس جیسے اقدامات کے بعد لاتعداد صارفین نے اس پالیسی پر اپنی شدید ناراضی کا اظہار کیا ہے۔

ایسے کون سے پلیٹ فارمز ہیں جو ٹوئٹر کا متبادل ہوسکتے ہیں؟ جانیے

اسی ناراضی کے پیش نظر مذکورہ صارفین کا رجحان ٹوئٹر کو چھوڑ کر مسٹوڈن، کوہوسٹ، ٹروتھ سوشل، ٹرائبل سوشل، ٹمبلر اور کلب ہاؤس نامی ایپس پر بڑھ گیا ہے۔

مسٹوڈن :

رپورٹ کے مطابق ان ایپس میں سب سے نمایاں مسٹوڈن سافٹ ویئر ہے جس پر صارفین اپنے نئے اکاؤنٹس مرتب کررہے ہیں اور اب تک لاکھوں کی تعداد میں ٹوئٹر صارفین ”مسٹوڈن“پلیٹ فارم پر منتقل ہونا شروع ہوگئے ہیں

مسٹوڈن سال2016 سے انٹرنیٹ پر موجود ہے اور اس کا فالوونگ سسٹم بھی ٹوئٹر جیسا ہی ہے لیکن اس میں لوگوں کے پاس اپنے سرور کے انتخاب کا آپشن ہوتا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم مسٹوڈن آمدنی کے لیے اشتہارات پر انحصار نہیں کرتا اور اس میں 500 حروف کی حد تک پیغام لکھنے کی گنجائش ہے، اس کے ساتھ ہی حسب ضرورت ایموجیز بھی موجود ہیں۔

اس حوالے سے مسٹوڈن کے بانی یوگن روچکو کا کہنا ہے کہ ان کا پلیٹ فارم اس نیٹ ورک کا اب تک کا سب سے بڑا پلیٹ فارم ہے اور 27 اکتوبر سے اب تک اس کے صارفین میں 2 لاکھ 30 ہزار کا اضافہ ہوچکا ہے۔

کوہوسٹ :

کوہوسٹ بھی اشتہارات کے بغیر ایک سوشل میڈیا پلیٹ فارم ہے اس پلیٹ فارم پر کی گئی پوسٹس ایک ٹائم لائن میں آتی ہیں جو بالکل ٹویٹر کی طرح ہیں۔

ٹروتھ سوشل :

یہ ادارہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے قائم کیا گیا، ٹروتھ سوشل ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جسے قدامت پسندوں نے پسند کیا ہے اور اسے حال ہی میں ایپل انکارپوریشنز آئی او ایس اور گوگل کی ملکیت والے اینڈرائیڈ پر متعارف کیا گیا تھا، ٹروتھ سوشل صرف امریکا میں صارفین کے لیے دستیاب ہے۔

ٹرائبل سوشل :

یہ ایک گراس روٹ سوشل ایپلیکیشن ہے جو ایپل کے ایپ اسٹور اور اینڈرائیڈ پر بھی دستیاب ہے یہ پلیٹ فارم سال 2018 میں قائم کیا گیا تھا۔

مذکورہ پلیٹ فارم صارفین کو پوسٹ پر اپنے فالورز کی تعداد بڑھانے کی سہولت دیتا ہے اور جہاں صارفین مختلف موضوعات پر ماہرین بھی تلاش کرسکتے ہیں

ٹمبلر :

ٹمبلر ایک سوشل میڈیا ویب سائٹ ہے جس کا آغاز سال 2007 میں کیا گیا تھا یہ ایپ اپنے صارفین کو تصاویر اور ’جفس‘ کے ساتھ طویل بلاگ طرز کا مواد پوسٹ کرنے کی سہولت دیتی ہے۔

اس کے علاوہ یہ پلیٹ فارم اپنے صارفین کو ٹویٹر کی براہ راست پیغام رسانی کے نظام کی طرح ایک دوسرے کے ساتھ چیٹ کرنے کی بھی اجازت دیتا ہے۔

کلب ہاؤس :

کلب ہاؤس ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو لائیو آڈیو چیٹ رومز کی سہولت فراہم کرتا ہے اس ایپ نے عالمی وبا کورونا کے عروج کے دنوں میں کافی مقبولیت حاصل کی

کلب ہاؤس صارفین کو دنیا بھر کے لوگوں کے ساتھ ایسے چیٹ کرنے کی سہولت حاصل ہے جیسے کہ وہ سب کسی کمرے میں موجود ہوں اور باہمی دلچسپی کے موضوعات پر گفتگو کرسکتے ہیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button