سیاسیات

تحریک انصاف کس کیساتھ مل کر حکومت بنائے گی ؟ بیرسٹر گوہر نے اشارہ دے دیا

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین کی سیٹیں ہماری اور ہماری سیٹیں ان کی ہیں، پارٹی جوائن کرنے کا فیصلہ جلد کریں گے اور پنجاب، کے پی اوروفاق میں حکومت بنائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹرگوہر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج جمہوری تاریخ کا بڑااہم دن ہے، آپ کے سامنے کچھ حقائق رکھنے جارہے ہیں، گزشتہ 2 سال سے پی ٹی آئی مشکلات سے گزری ہے۔

بیرسٹرگوہر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر ملک میں 8فروری کو الیکشن کی تاریخ طےہوئی، الیکشن کمیشن نےیقین دہانی کرائی لیول پلیئنگ فیلڈ دیں گے لیکن پی ٹی آئی قیادت کیخلاف بوگس کیسز بنائے گئے، ہم نے تمام مشکلات کے باوجود الیکشن کیلئےجدوجہد جاری رکھی۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ عوام نے 8فروری کو پرامن طریقے سے حق رائےدہی استعمال کیا، الیکشن کمیشن کی ذمہ داری تھی رات 2بجے تک نتائج کا اعلان کرتا لیکن 2بجے تک کسی صورت نتیجے کا اعلان نہ ہوسکیں تو وجوہات بتائی جائیں۔

انھون نے بتایا کہ اس بار پولنگ کے وقت میں اضافہ نہیں کیاگیا تھا، رات 12بجے تک صرف 10فیصد سے کم نتائج موصول ہوئے تھے ،الیکشن کمیشن کی آخری ذمہ داری تھی کےانتخابی نتائج شفاف ہوں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ قانون کہتا ہے امیدوار یا اس کا ایجنٹ موجود ہو تو نتائج کو کمپائل کیا جائے ، وہ سارا پروسس بغیر ایجنٹ کرایا گیا، جس سے نتائج میں تاخیرہوئے۔

پی ٹی آئی کو 170 نشستوں پر برتری حاصل ہے

رہنما پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا کہ فارم 45 کے مطابق پی ٹی آئی کو 170 نشستوں پر  برتری حاصل ہے، 170میں سے 94 سیٹیں وہ ہیں جو الیکشن کمیشن ایڈمٹ کررہا ہے، 3 اسلام آباد ،4 سندھ اورباقی پنجاب کی سیٹیں ہیں، پی ٹی آئی کے انڈیپنڈنٹ امیدواروں کی برتری واضح ہے۔

کے پی میں بھی دو تہائی اکثریت حاصل

انھوں نے مزید بتایا کہ کے پی میں بھی دو تہائی اکثریت حاصل کی ہے، کے پی سےقومی اسمبلی کی 45میں سے39سیٹیں جیت چکے ہیں، تاریخ میں پہلی بارکے پی سے کوئی پارٹی قومی اسمبلی کی اتنی سیٹیں جیتی ہو، ہمارے پاس کےپی میں دوتہائی اکثریت آچکی ہے۔

پنجاب میں بھی ہم بھاری اکثریت سے آگے جارہے ہیں

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بھی ہم بھاری اکثریت سے آگے جارہے ہیں، جس کے پاس 50سیٹیں بھی نہیں وہ وزیراعظم بننے کا خواب دیکھ رہاہے، ان شااللہ پی ٹی آئی وفاق میں حکومت بنائے گی اور پنجاب میں بھی پی ٹی آئی حکومت بنائے گی۔

پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ پنجاب میں 135 کے قریب پی ٹی آئی کے انڈیپنڈنٹ امیدوار کامیاب ہیں، پنجاب کوعوامی وزیراعلیٰ ملنے جا رہاہے۔

انھوں نے الیکشن کمیشن ، عدلیہ سے گزارش کی کہ یہ عوام کی آواز ہے، جمہوریت کا حسن ہے عوام حق رائےدہی کا استعمال کر کے اپنا نمائندہ منتخب کرے ، ہماری درخواست ہے عوام کے مینڈیٹ اور آواز کو قبول کیاجائے۔

آج 12 بجے سے پہلے پہلے تمام نتائج کا اعلان کیا جائے

ان کا کہنا تھا کہ عوام کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے پی ٹی آئی کیلئے کوئی رکاوٹ حائل نہ کی جائے، قانون کے مطابق فارم 45 سے فائنل نتیجہ اخذ کیا جانا ہوتا ہے، فارم45 کے مطابق نتیجہ اخذ کیا جائے اور آج 12 بجے سے پہلے پہلے تمام نتائج کا اعلان کیا جائے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آر اوز تاخیرکاشکارکر رہے ہیں،دانستہ طورپرہماری جیت کوبدلہ جارہاہے، جن علاقوں میں رزلٹ ڈکلیئرنہیں وہاں کل آراو دفتر کے سامنے احتجاج کریں گے، ہماری سب سے درخواست ہے پی ٹی آئی کو حکومت بنانے دیں۔

ان شااللہ پنجاب،کے پی اوروفاق میں بھی حکومت بنائیں گے

رہنما پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کاتہہ دل سےمشکورہوں ، ان شااللہ پنجاب،کے پی اوروفاق میں بھی حکومت بنائیں گے، متعلقہ آراو سے مطالبہ ہے ہمارے نتائج جاری کیے جائیں۔

مجلس وحدت مسلمین کی سیٹیں ہماری اورہماری سیٹیں ان کی ہیں

انھوں نے بتایا کہ مجلس وحدت مسلمین سے کمٹ کیا تھا اگر ان کے لیڈر کھڑے ہوں گے تو ہم کھڑے نہیں ہوں گے ، مجلس وحدت مسلمین کی سیٹیں ہماری اورہماری سیٹیں ان کی ہیں، پارٹی جوائن کرنے کا فیصلہ جلد کریں گے اور انشااللہ مخصوص نشستیں حاصل کریں گے۔

ملک میں جس کےپاس اکثریت ہوگی وہی حکومت بنائیں گے

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس فارم 45 موجود ہیں جو سب کیساتھ شیئر کرنے کو تیارہیں، ملک میں جس کےپاس اکثریت ہوگی وہی حکومت بنائیں گے۔

وزیراعظم کون ہوگا بانی پی ٹی آئی فیصلہ کریں گے

رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ہمارا کسی سے جھگڑا نہیں مستقبل کی طرف بڑھناچاہتے ہیں، حکومت ملک کیلئے بنائیں گے،آئین و قانون کے مطابق ذمہ داری نبھائیں گے تاہم وزیراعظم کون ہوگا بانی پی ٹی آئی فیصلہ کریں گے۔

انھوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے یہ نہیں کہا کہ مجلس وحدت المسلمین کو جوائن کریں گے ، ہمارے تمام امیدوار ان ہمارے ساتھ مخلص ہیں ساتھ رہیں گے۔

آزادامیدواروں کے حوالے سے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ جہاں تک آزاد امیدواروں کا تعلق ہے تو دو قسم کے امیدواران ہیں، ہمارے آزاد امیدواران ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں۔

نواز شریف سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اس لئے آیا کہ میری ڈیل ہوگئی ہے، نوازشریف کی پری الیکشن ڈیل ہوئی لیکن عوام کیساتھ نہیں، 15 دن کے اندر اندر پروسس مکمل کرکے انٹرپارٹی الیکشن کرائیں گے۔

رہنما پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں جو بھی فیصلہ ہوگا کریں گے، پہلے فارمیشن کی طرف جائیں گے پھر اگلا لائحہ عمل دیکھیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button