تازہ ترینخبریںنیوز اپ ڈیٹویڈیوزپاکستان

ویڈیو: کراچی کا بذریعہ ریل پورے ملک سے رابطہ منقطع

 طوفانی بارشوں کے باعث بذریعہ ریل پورے ملک کا کراچی سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ کے شہر ٹھٹھہ کے علاقے جھمپیر اور کوٹری کے اطراف طوفانی بارشیں ریلوے آپریشنز معطل کرگئیں، کراچی کا ریل کے ذریعے ملک بھر سے 10 گھنٹے سے رابطہ منقطع ہے۔

بلوچستان میں شدید بارشوں اور پہاڑوں سے آنے والے تیز پانی کی وجہ سے جھمپیر اور میٹنگ اسٹیشن کے درمیان ریلوے پٹری میں بریچ ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے اندرون ملک سے آنے اور جانے والی تمام مسافر ٹرینز اور مال گاڑیوں کو مختلف اسٹیشنوں پر روک دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پانی کا شدید بہاؤ ریلوے پٹڑی کے نیچے لگے پتھروں اور مٹی کو بہا لے گیا ہے، جھمپیر اور میٹنگ اسٹیشن کے درمیان ریلوے پٹری دو جگہ سے متاثر ہوئی، 6 سے 8 فٹ تک ٹریک کے نیچے سے پتھر بہہ گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پٹری کے نیچے سے پتھر نکل جانے سے ٹریک کمزور ہو کر قابل استعمال نہیں رہا۔

ڈی سی او کراچی ڈویژن اسحاق بلوچ کا کہنا ہے کہ ریلوے ٹریک کے نیچے پتھر ڈالنے کے لیے پتھر اور ضروری ساز و سامان کی ریلیف ٹرین روانہ کر دی گئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ پانی کا بہاؤ ابھی بھی کافی تیز ہے، جس کی وجہ سے بحالی کاموں میں تاخیر ہو رہی ہے، کوشش ہے کہ مزید پٹری متاثر نہ ہو، جب کہ ریلوے آپریشن پٹری کی بحالی تک معطل رہے گا۔

ڈی سی او کے مطابق کراچی سے روانہ ہونے والی علامہ اقبال ایکسپریس کو جھمیپر پر روک دیا گیا ہے، کراچی آنے والی ہزارہ اور عوام ایکسپریس کو کوٹری میں روکا گیا ہے، قراقرم ایکسپریس کو جنگشاہی پر، کراچی ایکسپریس دھابیجی میں، زکریا کو بن قاسم پر روکا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button