تازہ ترینخبریںخواتین

عالمی یومِ خواتین: سوئی ناردرن گیس ہیڈ آفس میں شاندار تقریب کا انعقاد

عالمی یومِ خواتین: سوئی ناردرن گیس ہیڈ آفس میں شاندار تقریب کا انعقاد

عالمی یومِ خواتین کے موقع پر سوئی ناردرن گیس ہیڈ آفس میں شاندار تقریب منعقد ہوئی۔ چیئرپرسن بورڈ آف ڈائریکٹرز روحی رئیس خان تقریب کی مہمانِ خصوصی تھیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن بورڈ روحی رئیس خان نے اسلامی تاریخ سے حضرت خدیجہ سلام اللہ علیہا اور حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا کی مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ ان دونوں مبارک ہستیوں کا رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی میں انتہائی اہم کردار تھا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بھی دونوں کے ساتھ انتہائی عزت و احترام سے پیش آتے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی خواتین نے ہر شعبہ زندگی میں اپنا لوہا منوایا ہے جس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ اگر خواتین کو مساوی مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ کسی بھی میدان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی اہلیت رکھتی ہیں۔

روحی رئیس خان نے مزید کہا کہ ہماری خواتین ماں، بہن، بیٹی اور بیوی کے طور پر جو عظیم کردار نبھاتی ہیں، اسے بھی بھرپور طریقے سے سراہا جانا چاہیے۔ چیئرپرسن بورڈ آف ڈائریکٹرز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوئی ناردرن گیس میں خواتین کو کام کا سازگار ماحول فراہم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کمپنی کی خواتین ملازمین سوئی ناردرن کی ترقی اور نمو میں اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔

خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں مینیجنگ ڈائریکٹر سوئی ناردرن گیس علی جے ہمدانی نے خواتین کی اپنے بنیادی حقوق اور صنفی مساوات کا خصوصی تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا ہمیں بطور مرد، ماضی اور حال کی ان تمام خواتین کی جدوجہد کو سراہنا چاہیے جنہوں نے تمام تر دشواریاں عبور کرکے صنفی مساوات کی جدوجہد کو تقویت بخشی۔

ایم ڈی سوئی ناردرن نے مزید کہا کہ سوئی ناردرن میں خواتین نے اعلی ترین انتظامی عہدوں پر ذمہ داریاں ادا کی ہیں اور صنفی مساوات و تنوع کو فروغ دینے کے لیے ان کی شرکت کو مزید بہتر بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے یاددہانی کروائی کہ صنفی مساوات اور تنوع اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جی) کا حصہ ہیں اور ہمیں انہیں حقیقی طور پر یقینی بنانا چاہیے۔

تقریب میں سینیئر مینجمنٹ اور خواتین ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button