پنجاب میں بلدیاتی انتخابات ضروری ہیں

تحریر : رفیع صحرائی
بلدیاتی ادارے جمہوریت کی نرسری ہوتے ہیں۔ کسی بھی ملک کی جمہوریت کی مضبوطی کا اندازہ لگانا ہو تو اس ملک کے بلدیاتی نظام اور بلدیاتی اداروں کو حاصل اختیارات سے لگایا جاتا ہے۔ یہ ادارے جمہوری معاشرے کی شان، جان، پہچان اور آن ہوتے ہیں۔ ان اداروں کے ذریعے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کئے جاتے ہیں۔ ترقی یافتہ ممالک میں ہمیں جمہوریت اوجِ ثریا پر نظر آتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ وہاں بلدیاتی اداروں کے انتخابات میں باقاعدگی پائی جاتی ہے۔ ان کے جمہوری ادارے مکمل طور پر فعال اور بااختیار ہیں اور یہ ادارے مقامی سطح پر عوام کے مسائل حل کرنے میں سنجیدگی سے کوشاں رہتے ہیں۔
بدقسمتی سے ہمارے ہاں ہر شعبہ زندگی میں الٹی گنگا بہانے کا رواج ہے۔ ’’ اس گھر کو آگ لگ گئی گھر کے چراغ سے‘‘ کے مصداق بلدیاتی اداروں کو سب سے زیادہ نقصان ہمارے سیاست دانوں اور جمہوری حکومتوں نے ہی پہنچایا ہے۔ وہ جنہیں ہم آمر کہتے ہیں ان کے ادوار میں جمہوری ادارے پھلے پھولے بھی اور فعال بھی رہے۔ اقتدار کی نچلی سطح تک منتقلی بھی ہوئی اور ان سیاسی نرسریوں نے ملکی سیاست کو بہت سے سیاستدان بھی عطا کئے جن میں ایک بہت بڑا نام میاں منظور احمد وٹو کا بھی ہے جنہوں نے بی ڈی کونسلر کی حیثیت سے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے منصبِ جلیلہ تک پہنچ گئے۔
ایوب خان کا بی ڈی نظام ہو یا جنرل ضیاء الحق اور جنرل پرویز مشرف کے بلدیاتی سسٹم ہوں۔ سبھی نی بلدیاتی اداروں کو فعال اور مضبوط کیا۔ ہمارے سیاست دانوں کے لئے بلدیاتی نظام ایک ناپسندیدہ سسٹم ہے۔ آپ مشہور سیاسی خانوادوں پر نظر ڈال لیں۔ وہ کسی نہ کسی طور ہر حکومت کا حصہ رہے ہیں۔ جاگیرداروں اور وڈیروں کو وراثت میں زمین اور جائیداد کے ساتھ ساتھ سیاست بھی ملتی ہے۔ ان موروثی سیاست دانوں اور وڈیروں، جاگیرداروں کو بلدیاتی نظام وارا نہیں کھاتا۔ بلدیاتی نظام میں عام آدمی کو بھی آگے آنے کا موقع مل جاتا ہے جو اقتدار اور اختیارات پر قابض ان موروثی سیاست دانوں کو کسی صورت گوارا نہیں ہے۔
گزشتہ سال 2024ء میں یہ خبر تواتر کے ساتھ گردش کرتی رہی کہ پنجاب کے صوبائی وزیر بلدیات جناب ذیشان رفیق کی طرف سے ایک سمری تیار کر لی گئی ہے جو جون 2024ء میں ہی اسمبلی سے پاس کروا لی جائے گی۔ اس سمری کے مطابق پنجاب میں یکم جولائی2024ء سے 31دسمبر 2025ء تک اٹھارہ ماہ کے لئے بلدیاتی اداروں کو جنہیں عمران خان کے دور میں معطل کیا گیا تھا اپنی مدت پوری کرنے کے لئے بحال کر دیا جائے گا۔ عوام کی طرف سے اس فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا گیا تھا۔ کیونکہ صرف صوبہ پنجاب میں ہی بلدیاتی ادارے معطل ہیں اور پی ڈی ایم کی حکومت، نگران حکومت یا موجودہ جمہوری حکومت نے بلدیاتی اداروں کی بحالی یا نئے بلدیاتی انتخابات کروانے کی طرف پیش رفت نہیں کی تھی۔
یہاں تک کہ سابق چیف جسٹس آف پاکستان جناب عمر عطا بندیال جنہوں نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں ٹوٹنے کے بعد ان دو صوبوں میں عام انتخابات کرانے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا دیا تھا وہ بھی بلدیاتی اداروں کی طرف سے غافل ہی رہے۔ ایسے میں ان اداروں کی بحالی اور فعالیت کی خبر ٹھنڈی ہوا کا جھونکا تھی مگر اس خبر کی بازگشت بھی ابھی ختم نہ ہوئی تھی کہ گورنر پنجاب کی منظوری کے بعد محکمہ بلدیات اور محکمہ قانون کی طرف سے بلدیاتی اداروں کے ایڈمنسٹریٹرز کی ذمہ داریوں کے حوالے سے ایک نیا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا تھا جس کے مطابق پنجاب کی واحد میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور کے ایڈمنسٹریٹر کا عہدہ ڈپٹی کمشنر، ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز کی میونسپل کارپوریشنز کے ایڈمنسٹریٹرز کے عہدہ پر کمشنرز، میونسپل کارپوریشنز کے ایڈمنسٹریٹرز سنیئرز جبکہ ایم سی ایل جونیئر آفیسرز کے حوالے کردی گئیں۔ ایڈمنسٹریٹرز کو میئرز، ڈپٹی میئرز، چیئرمین اور وائس چیئرمین کے اختیارات بھی سونپ دیئے گئے جو منتخب بلدیاتی نمائندوں کی عدم موجودگی میں ان کی ذمہ داریاں ادا کرنے کے علاوہ اختیارات بھی استعمال کر رہے ہیں۔
اس وقت پنجاب میں صورت حال یہ ہے کہ گلیوں کے سولنگ اور نالیاں بھی ایم پی اے حضرات کی گرانٹ سے بنائے جاتے ہیں۔ وہ علاقے بدقسمت ہیں جن میں اپوزیشن پارٹی کا ایم پی اے جیتا ہے۔ ہمارے ہاں اپوزیشن کا ممبر اسمبلی صرف اسی وقت ڈویلپمنٹ فنڈز کا حقدار ٹھہرتا ہے جب وہ اپنی وفاداری تبدیل کر لیتا ہے۔ بصورتِ دیگر وہ فنڈز سے محروم رہتا ہے۔ اس وقت پنجاب ہی ایسا صوبہ ہے جہاں بلدیاتی نمائندے موجود نہیں ہیں۔ عمران خان نے اپنے دورِ حکومت میں پنجاب کے بلدیاتی اداروں پر کلہاڑا چلایا تھا۔ مرکز اور پنجاب میں اپنی حکومتیں ہونے کے باوجود وہ شکست کے خوف سے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کروانے کی ہمت نہ کر سکے تھے۔ ان کے جانے کے بعد نگران حکومت کا طویل دور آیا۔ اس کی ترجیحات ہی کچھ اور تھیں۔ اب پنجاب میں مسلم لیگ ن کی حکومت کو بنے بھی ایک سال ہو گیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں اصلاحات اور تعمیر و ترقی کے حوالے سے انقلابی اقدامات کیے ہیں۔ امید کی جانی چاہیے کہ وہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات کروا کر اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کر کے جمہوری عمل کو مزید آگے بڑھائیں گی۔