پاکستان

انتخابی دھاندلی پر ہڑتال، بلوچستان بھر میں شاہراہیں بند کر دیں

الیکشن 2024 کے نتائج میں مبینہ دھاندلی پر بلوچستان بھر میں چار جماعتی اتحاد نے ہڑتال کے دوران شاہراہیں بند کر دی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ملکی انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں چار جماعتی اتحاد کی کال پر ہڑتال اور احتجاج کیا جا رہا ہے۔ پہیہ جام ہڑتال کی کال بی این پی مینگل، پشتونخوامیپ، نیشنل پارٹی اور ہزارہ ڈیموکریٹک نے دے رکھی ہے۔

سبی میں مظاہرین نے رکاوٹیں کھڑی کر کے این 65 ناڑی کے مقام پر قومی شاہراہ بلاک کر دی، صحبت پور میں بھی مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کے باعث قومی شاہراہ بلاک کر دی گئی، قلات میں بھی مغل چوک پر احتجاج کے باعث کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔

خضدار میں انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف چار جماعتی اتحاد کی کال پر ہڑتال اور احتجاج کے دوران روڈ بلاک ہے، مستونگ میں شمس آباد کراس پر نیشنل پارٹی اور بی این پی کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے دشت تیرہ میل پر روڈ بلاک کر دیا ہے، جعفرآباد میں بھی شاہی چوکی کے مقام پر مظاہرین نے دھرنا دے کر این 65 شاہراہ بلاک کر دی ہے، ہرنائی میں بھی احتجاج کے باعث کوئٹہ ہرنائی اور ہرنائی پنجاب قومی شاہراہ بند کر دی گئی۔

چمن میں کوئٹہ چمن شاہراہ گڑنگ کے مقام پر احتجاج کے دوران ٹریفک کی آمد و رفت بند ہو گئی ہے، ژوب میں پشتونخوا میپ کے کارکنوں نے کوئٹہ اور ڈی آئی خان قومی شاہراہ بلاک کر دی، گوادر میں سربندر کراس پر احتجاج کیا جا رہا ہے، اور مکران کوسٹل ہائی وے بلاک کر دی گئی ہے، چاغی میں احتجاج کے باعث پاک ایران شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہو گئی ہے، بلوچستان کی مختلف شاہراہوں کی بندش سے ٹریفک روانی معطل ہے، مسافر اور مال بردارگاڑیوں کی قطاریں لگ چکی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button