آپ عمران خان کو بھول جائیں گے٬ ن لیگ کو بلاول کی نئی دھمکی

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر میرے ووٹ پر ڈاکا ڈالا گیا اور چھیڑ چھاڑ ہوئی توپھر ان کا ایسے پیچھا کروں گا کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو بھول جائیں گے۔
لاڑکانہ میں انتخابی جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ انتخابی مہم میں پورے ملک کا دورہ کیا، ملک بھرمیں مہم چلانے کے بعد آج اپنے گھرواپس آیا ہوں، جب لاڑکانہ وزیراعظم بناتا ہےتوپاکستان میں ترقی ہوتی ہے، جب لاڑکانہ وزیراعظم بناتا ہے توپاکستان پوری مسلم امہ کی قیادت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ وفاداری نبھانے پرلاڑکانہ کے عوام کا شکرگزارہوں، لاڑکانہ کے عوام نےجس طرح میرے خاندان، پارٹی کاساتھ نبھایا، پوری دنیا میں تاریخ رقم کردی، بڑے عرصے سے ملک نے لاڑکانہ کا وزیراعظم نہیں دیکھا۔
ان کا کہنا تھاکہ میں نے بانی پی ٹی آئی کو پہلے دن سلیکٹڈ کہا تھا اور 3 سال سے زیادہ نہیں چل سکے، اگر وہ صاف شفاف الیکشن جیتتے ہیں تو بسم اللہ، ووٹ پر ڈاکا منظور نہیں ہوگا، یہ ثابت کردوں گا کہ لاڑکانہ والے فیصلہ کرجاتے ہیں تو پورے پاکستان کو وہ فیصلہ ماننا پڑتا ہے، آج رات پوری نیند کرلیں، اگلی راتیں نیند کرنے کو نہیں ملے گی، ہم اپنے نتائج کے ساتھ نکلیں گے۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ میں باقی سیاستدانوں کی طرح ذاتی انا کی سیاست نہیں کرتا، محنت کا پھل ملتا ہے، ہر چیز اللہ کے ہاتھ میں ہوتی ہے، میں کسی بھی جماعت کو چیلنج کرتا ہوں جیسا ہم نے کوئٹہ میں جلسہ کیا ویسا کرکے دکھائیں، زمینی حقائق یہ ہیں کہ بلوچستان میں پیپلزپارٹی آگے ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس بار میاں برادران نے ملتان جیسے شہر میں جلسہ ہی نہیں کیا، اس کا مطلب وسیب ان کے ہاتھ سے گیا، سب کچھ ہونے کے باوجود اتنا ٹف ٹائم مل رہا ہے کہ ان کے پسینے چھوٹ رہے ہیں، یہ چند سیٹیں تو نکال لیں گے لیکن کلین سوئپ کا چانس نہیں، ان کا تختہ لاہور ہل رہا ہے، پورا ٹبر لاہور کی سڑکوں پر پھر رہا ہے، عوام انہیں بھاؤ نہیں دے رہے، عوام تو ان کی شکل تک دیکھنا نہیں چاہ رہے۔