
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ آج حق سچ کی فتح کا دن ہے، فیض حمید کی سزا تاریخی فیصلہ ہے۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فوج کا احتساب کا عمل بہت سخت ہے، فیض حمید کا ٹرائل 15 ماہ چلا ہے جس میں شواہد اور ثبوت پیش کیے گئے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ گواہوں کے بیانات بھی قلمبند کیے گئے جن کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک تاریخی فیصلہ سنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیض حمید ریٹائرمنٹ کے بعد پی ٹی آئی کے سیاسی مشیر بنے، انہوں نے پی ٹی آئی کی بھرپور سپورٹ کی۔ 9 مئی اور دیگر واقعات سمیت تمام چیزیں ان پر ثابت ہوئی ہیں
وفاقی وزیر نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں اس فیصلے سے قانون کی حکمرانی اور احتساب کے عمل کو تقویت ملی ہے، فیض حمید کو ثبوت اور گواہان پیش کرنے کا بھرپور موقع دیا گیا، ان کے خلاف ناقابل تردید شواہد تھے، سیاست میں ملوث کے دیگر الزامات پر کارروائی جاری ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی مداخلت کی مزید تحقیقات بھی ہو رہی ہیں، انہوں نے بطور مشیر پی ٹی آئی ملک میں بہت انتشار پھیلایا، 9 مئی جیسے واقعات بڑے سنگین معاملات ہیں جس کی مزید تحقیقات بھی ہو گی۔
عطا تارڑ نے یہ بھی کہا کہ فیض حمید نے پی ٹی آئی کا مشیر بن کر ملک میں سازشیں کیں اور انتشار پھیلایا، وہ ریاست کی رٹ کو کمزور کرنے کی کوشش کررہے تھے۔ یہ احتساب کے لیے اور ملک کے اندر رٹ آف اسٹیٹ کے لیے اور یہ حق سچ کی فتح کا دن ہے۔







