ColumnRana Ijaz Hussain

بیماریاں پھیلاتی سموگ

اعجاز حسین چوہان
سرد موسم کے آغاز کیساتھ ہی سموگ کہلانے والی فضائی آلودگی روز بروز بڑھ رہی ہے اور شام کے وقت تو یہ آلودہ دھند مزید گہری اور کثیف ہو جاتی ہے جس کے باعث شہریوں کی کثیر تعداد مختلف بیماریوں مثلاً نزلہ ، زکام ، گلے کے درد ، اور آنکھوں میں جلن جیسے امراض کا شکار ہورہی ہے۔ گزشتہ چار، پانچ سالوں سے سرد موسم کی آمد کے ساتھ ہی ملک کے مختلف حصوں میں اس کے اثرات ظاہر ہونے لگتے ہیں۔ سموگ کے مضر صحت اثرات سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ اس کے بارے میں مکمل آگاہی حاصل کی جائی تاکہ اس کے نقصانات سے بچا جاسکے۔ سموگ آلودہ گیسوں اور مٹی کے ذرات کا مجموعہ ہے۔ سموگ میں موجود دھوئیں اور دھند کے آمیزے میں کاربن مونو آ کسائیڈ، نائٹروجن آکسائیڈ، میتھین جیسے مختلف زہریلے کیمیائی مادے بھی شامل ہیں اور پھر فضا میں موجود ہوائی آلودگی اور بخارات کا سورج کی روشنی میں دھند کے ساتھ ملنا سموگ کی وجہ بنتا ہے ۔ اس کے علاوہ بارشوں میں کمی، فضلوں کو جلائے جانے، کارخانوں اورگاڑیوں کے دھوئیں اور درختوں کو کاٹ کر قدرتی ماحول میں بگاڑ پیدا کرنا سموگ کی بنیادی وجوہات میں شامل ہے۔ سموگ فضائی آلودگی انسانی صحت کے لئے بے حد نقصان دہ ہے۔
سموگ زدہ ماحول میں سانس لینے سے گھٹن اور آلودگی کا احساس ہوتا ہے ۔ فضا میں موجود سلفیٹ اور کاربن مونو آکسائیڈ کی بڑھتی ہوئی مقدار زمین پر بسنے والے انسانوں کے پھیپھڑوں اور دل کے نظام کے علاوہ جلد اور گلے کو متاثر کر سکتی ہے ۔ اگر کسی فرد کو سموگ کی وجہ سے انفیکشن شروع ہو جائے تو سب سے پہلے گلے میں خراش یا زخم ہوجانے کے ساتھ ساتھ آواز بیٹھ سکتی ہے، مسلسل خشک کھانسی ہو سکتی ہے ۔ چھینکیں آنا شروع ہوسکتی ہیں، حلق میں ریشہ پیدا ہو سکتا ہے، آنکھوں میں بھی شدید چبھن یا جلن ہونا شروع ہو سکتی ہے۔ دل کے امراض ، پھیپھڑوں کے امراض اور سانس کی بیماریاں لا حق ہو سکتی ہیں۔ یہ تمام شکایات ایک تندرست آدمی کو سموگ کی وجہ سے پیدا ہو سکتی ہیں۔ اور جو افراد پہلے سے ہی سانس کی مختلف بیماریوں مثلاً دمہ، پھیپھڑوںکے کینسر اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہیں، ان کے لئے سموگ زہر قاتل ہے اور ایسے افراد کے لئے مزید بیماریوں کا باعث بن سکتی ہے۔ فضائی آلودگی سے عمر رسیدہ افراد حاملہ خواتین اور چھوٹے بچے کمزور مدافعتی نظام ہونے کی وجہ سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔ سموگ میں موجود اوزون سے محفوظ رہنے کے لئے آنکھوں پر بھی حفاظتی چشمے استعمال کرنا چاہیے۔ اس کے علاوہ سموگ والے علاقوں میں زیادہ محنت و مشقت ، بھاگنے ، دوڑنے ، ورزش اور کھیل کود سے اجتناب کرنا چاہیے کیونکہ سموگ کی وجہ سے ہوا کا پریشر زمین پر کم ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے سانس پھولنا شروع ہو جاتا ہے اور پھر سانس لینے میں مشکل پیش آ سکتی ہے اور اگر سانس اکھڑ جائے تو سانس بحال ہونے میں دقت ہوتی ہے۔
انسانی صحت کے ساتھ ساتھ سموگ درختوں اور پودوں پر بھی نقصان دہ اثرات مرتب کرتی ہے اور اس کی وجہ سے درختوں کے مسامات بند ہو جاتے ہیں اور اس طرح ماحول میں آکسیجن کی کمی ہو جاتی ہے جو بلاواسطہ انسان کے لئے بھی نقصان دہ ثابت ہوتی ہے۔ اگر ہم سموگ سے آلودہ کسی علاقے میں موجود ہیں تو ہمیں کوشش کرنی چاہیے کہ سموگ کے دوران ماسک سے چہرے کو مکمل طور پر ڈھانپ کر
رکھیں اور گھر کے دروازے اور کھڑکیوں کو بند رکھیں۔ فضا کو صاف کرنے والے مختلف فلٹرز اور ایسے جدید آلات دستیاب ہیں جن کو استعمال کر کے ہم اپنے گھروں، دفاتر اور گاڑ یوں کی فضا کو صاف رکھ سکتے ہیں۔ سردیوں میں سموگ کے اثرات کم کرنے کے لیے، صبح شام لیمن گراس قہوہ استعمال کرنا چاہئے ، ڈرائی فروٹ استعمال کرنا چاہئے۔ ہر ممکن احتیاط کے علاوہ ہمیں اپنے علاقے میں موجود پودوں اور درختوں کو کاٹنے سے اجتناب کرنا چاہئے اور درختوں میں اضافہ کرنا چاہئے۔ اس کے علاوہ گاڑی چلاتے وقت گاڑیوں کی رفتار دھیمی ر کھنا اور فوگ لائٹس کا استعمال کر نا چاہئے ۔وہ لوگ جو دمے یا سانس کی مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں انہیں زیادہ رش یا ٹریفک جام والی جگہوں پر جانے سے اجتناب کرنا چاہئے، تاکہ مختلف بیماریوں کا باعث بننے والی خطرناک سموگ کے زہریلے اثرات سے بچا جاسکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button