تازہ ترینخبریںپاکستان

جمعیت اہل حدیث پاکستان کا چناب نگر میں قرآن پاک کے تقدس کی پامالی کے خلاف’’ تحفظ ناموس قرآن‘‘ تحریک چلانے کا اعلان

مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجدمیر نے چناب نگر میں قرآن پاک کے تقدس کی پامالی کے خلاف’’ تحفظ ناموس قرآن‘‘ تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے ۔

پنجاب کے علاقے چناب نگر میں قادیانیوں کا قرآن کی آیات کے غلط ترجمہ کو چھاپنے اور ملک و بیرون ملک تقسیم کرنے والے مجرموں کو کٹہرے میں لانا ہوگا۔ پارلیمنٹ میں اس شرمناک واقعہ کے خلاف آواز اٹھائیں گے ۔

مرکزی جمعیت اہل حدیث لاہور شہر کے زیراہتمام الفیصل اسلامک سنٹر جوہر ٹائون میں قرآن کنونشن سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر ساجد میر کا کہنا تھا کہ اس شرمناک اور شرپسند اقدام کے خلاف وفاقی اور صوبائی حکومت کے آگاہ ہونے کے باوجود ابھی تک کوئی موثر اقدام نہیں اٹھایا گیا۔

ناموس رسالتﷺ ا، ناموس قرآن اور ناموس صحابہؓ واہل بیت ؓپر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا۔اسلام دشمن عناصر کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ۔ پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ ہمارے اکابرین نے ہمیشہ قادیانی فتنے کی سرکوبی کے لیے علمی سطح پر مقابلہ کیا اور دیگر دینی قائدین کے ساتھ ملکر تحریک ختم نبوت کے زریعے انہیں غیر مسلم قراردلوایا، یہ تحریک ابھی رکی نہیں ہے۔

ہم اس فتنے کی سرکوبی کے لیے ہمہ تن گوش ہیں، ان کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کےلیے ملک گیر سطح پر ختم نبوت کانفرنسوں کا سلسلہ جاری ہے ۔اب ہم ناموس تحفظ قرآن تحریک کے تحت قادیانیوں کی نئی مزموم حرکت کے خلاف مسلمانوں کو بیدار کریں گے ۔

ہم وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کے اس واقع کو سنجیدہ لیا جائے اور کاروائی کی جائے۔ ہم پرامن لوگ ہیں اور وطن عزیز کو پُرامن اور اسلام کا گہوارہ بنانا چاہتے ہیں۔ پروفیسر ساجد میر نے مزید کہا کہ قرآن کریم عظیم معجزہ ہے قرآن پر عمل کر کے ہم اپنی دنیا اور آخرت سنوار سکتے ہیں، انہوں نے کہا پہلی آسمانی کتابیں آج اپنی اصلی حالت کے اندر موجود نہیں لیکن قرآن کریم آج سے چودہ سو سال پہلے جیسے نازل ہوا تھا وہ ویسے ہی ہمارے پاس موجود ہے، پہلی آسمانی کتب اور صحائف کا کوئی حافظ نہیں لیکن قرآن کریم لاکھوں کی تعداد میں حفاظ موجود ہیں۔

اللہ تعالیٰ نے نبی کریمؐ کو پوری کائنات کیلئے رحمت بنا کر بھیجا ہے۔ دنیا وآخرت کی کامیابی کیلئے ہمیں نبی کریمؐ کی تعلیمات پر عمل کرنا ہے قرآن والوں سے محبت کرو یہی محبت ہمیں جنت میں لے کر جائیگی پروفیسر ساجد میر کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں امت مسلمہ کو متحد ہو کر اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

ہماری سب سے بڑی طاقت باہمی اتحاد ہے اور آپؐ کی ذات اقدس کی اتباع اس اتحاد کی بنیاد ہے۔ اسوہ حسنہ ہمارے لئے بہترین نمونہ ہے۔ نبی کریمؐ نے ہمیں نسلی، لسانی، گروہی اور ہر قسم کے فرقہ ورانہ تعصبات سے دور رہنے کا درس دیا ہے۔

کنونشن سے ڈاکٹر عبدالغفور راشد، ڈاکٹرریاض الرحمن یزدانی، ڈاکٹر حماد لکھوی، حافظ معتصم الہی ظہیر، حافظ بابر فاروق رحیمی، قاری نعمان مختار لکھوی نے بھی خطاب کیا ۔جبکہ آخر میں حفاظ بچوں میں اسناد اور شیلڈز تقسیم کی گٸیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button