تازہ ترینخبریںدنیا

روس کی سلامتی اور خودمختاری کی حمایت کرتے رہیں گے، چین

چینی صدر شی جن پنگ نے اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن کو یقین دہانی کروائی ہے کہ بیجنگ ماسکو کی خودمختاری اور سلامتی کی حمایت کرتا رہے گا۔

چین کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق صدر شی جن پنگ نے پیوٹن سے ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ چین روس کی خودمختاری اور سلامتی سے متعلقہ امور میں مشترکہ طور پر تعاون کرسکتا ہے۔

24 فروری کو روس کی طرف سے یوکرین پر حملے کے بعد سے دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ دوسرا ٹیلیفونک رابطہ تھا۔

چین، ماسکو کی طرف سے شروع کی گئی یوکرین جنگ کی مذمت کرنے سے انکار کرچکا ہے۔

رواں سال کے آغاز سے ہونے والی عالمی تبدیلیوں اور بحران کے تناظر میں دونوں ممالک کے بڑھتے ہوئے مشترکہ تعلقات کو چینی صدر نے خوش آئند قرار دیا ہے۔

بیجنگ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔

خیال رہے کہ یورپی یونین اور امریکا نے خبردار کیا تھا کہ یوکرین جنگ پر چین نے روس کی حمایت کی تو چین کے ساتھ تعلقات خراب ہوسکتے ہیں۔

چین اور بھارت دو بڑے ممالک ہیں جنہوں نے ماسکو کے خلاف لگنے والی پابندیوں کو نظرانداز کیا ہے اور اس سے اب تک تجارت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

چین اور روس سیاسی، تجارتی اور عسکری شعبوں میں ایک دوسرے سے وسیع تر تعاون کر رہے ہیں۔

دونوں ممالک کے درمیان پچھلے ہفتے پہلے زمینی پُل کا افتتاح کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ چین روس کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے، دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ برس تجارتی حجم 147 ارب ڈالر رہا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button