تازہ ترینخبریںدنیا

سری لنکا کا بیرونِ ملک مقیم شہریوں سے رقم بھیجنے کا مطالبہ

51 ارب ڈالر کے قرضوں کے سبب ملک دیوالیہ ہونے کے اعلان کے بعد سری لنکا نے بیرون ملک مقیم اپنے شہریوں سے رقم بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ خوراک اور ایندھن کی رقم کی ادائیگی میں مدد حاصل ہوسکے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق 1948 میں آزادی کے بعد جزیرہ شدید مالی بحران کا شکار ہے جبکہ اسے ضروری اشیا کی قلت اور یومیہ بلیک آؤٹ کا بھی سامنا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کی مشکلات میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔

مرکزی بینک کے گورنر نندلال ویراسنگھ کا کہنا ہے کہ انہیں بیرون ملک مقیم سری لنکن عوام کی مدد کی ضرورت ہے تاکہ زرمبادلہ کی فراہمی کے ذریعے اس مشکل وقت میں ملک کی مدد کی جاسکے۔

گورنر کی جانب سے یہ اپیل ایک ایسے موقع پر کی گئی ہے جب ایک دن قبل ہی حکومت کے تمام بیرونی قرضوں کی ادائیگی معطل کردی گئی تھی۔

گورنر نے کہا کہ انہوں نے امریکا، برطانیہ اور جرمنی میں عطیات کے لیے بینک اکاؤنٹ بنایا ہے، انہوں بیرون ملک مقیم سری لنکن شہریوں سے وعدہ کیا ہے کہ ان کی رقم وہاں خرچ کی جائے گی جہاں اس کی بہت زیادہ ضرورت ہوگی۔

اپنے ایک بیان میں نندلال ویرا سنگھ کا کہنا تھا کہ غیر ملکی زرمبادلہ کا استعمال خوراک،ایندھن اور ادویات سمیت دیگر اشیا ضروریہ کی برآمدات کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ دیوالیہ پن نے سری لنکا کو 20 کروڑ ڈالر شرح سود کی ادائیگی سے بچا لیا ہے اور رقم اشیا ضروریہ کی برآمدات کے لیے ادا کی جائے گی۔

آسٹریلیا میں مقیم سری لنکن ڈاکٹر نے نام ظاہر کیے بغیر بتایا کہ ’ہمیں مدد کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے لیکن ہمیں اپنی رقم کے حوالے سے حکومت پر بھروسہ نہیں ہے‘۔

کینیڈا میں مقیم سری لنکن سوفٹ ویئر انجینئر نے دسمبر 2004 کے سونامی کے بعد جزیزے کو موصول ہونے والے لاکھوں ڈالرز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں بھروسہ نہیں ہے کہ یہ رقم ضرورت مندوں کے لیے استعمال کی جائے گی، یہ رقم بھی وہیں جاسکتی ہے جہاں سونامی کے فنڈز گئے تھے۔

سونامی کے بعد زندہ بچ جانے والوں کے لیے بھیجے گئے غیر ملکیوں کے عطیات سیاستدانوں کی جیبوں میں گئے تھے جن میں موجودہ وزیر اعظم مہندا راجا پکسے بھی شامل ہیں، جنہیں ان کے اکاؤنٹ میں موجود سونامی کے فنڈ واپس دینے کے لیے مجبور کیا گیا تھا۔

کورونا وائرس کی عالمی وبا کے بعد سری لنکا کی معیشت شدید بحران کا شکار ہے کیونکہ ان کے ریونیو کا اہم ذریعہ سیاحت اور ترسیلات ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button