یوکرین جنگ: ملٹری بیس پر روسی حملے میں 180 غیرملکی جنگجو مارے گئے
پولینڈ کی سرحد کے قریب ملٹری بیس پر روسی حملے میں 180 غیرملکی جنگجو مارے گئے۔
یوکرین میں روسی حملے جاری ہیں۔ پولینڈ کی سرحد کے قریب ملٹری بیس پر میزائل حملہ کیا گیا جس میں 180غیرملکی جنگجو ؤں کے بھی ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق میزائل حملے میں کرائے کے فوجی مارے گئے ہیں جبکہ غیرملکی ہتھیاروں کی بڑی کھیپ بھی تباہ کردی ہے۔
ادھر ڈارپن کے علاقے میں امریکی صحافی روسی فوج کی فائرنگ کا نشانہ بن گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ سے صحافی برینٹ ریماؤ کا ایک ساتھی زخمی بھی ہوا ہے۔
اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ جنگ کے بعد یوکرین سے 27لاکھ افراد نقل مکانی کرچکے ہیں جو دوسری جنگ عظیم کے بعد سب سے بڑا انخلا ہے۔
دوسری طرف یوکرینیوں کو پناہ گزینیوں کادرجہ نہ دینے پر برطانیہ کو سخت تنقید کا سامنا ہے۔ فنانشل ٹائمز نے برطانیہ کی پناہ گزینوں کی پالیسی کو "شرمناک” قرار دے دیا ہے۔ اخبار کے مطابق برطانیہ بڑے بڑے بیان تو دے رہا ہے لیکن اس نے اپنی مہاجرین کی پالیسی تبدیل نہیں کی۔
ادھر امریکی میڈیا نے دعوی ٰکیا ہے کہ رو س نے چین سے فوجی اور اقتصادی مدد مانگی ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق ایسے اشارے ملے ہیں کہ چین روس کی مدد کے لیے تیار ہو سکتا ہے تاہم چین نے ان رپورٹس کو مسترد کردیا ہے۔
علاوہ ازیں ورلڈ بینک کے بعد آئی ایم ایف نے بھی اس خدشہ کا اظہار کیا ہے کہ روس ڈیفالٹ ہونے کے قریب ہے۔ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈز کی ایم ڈی کرسٹالینا جاجیوا نے امید ظاہر کی کہ روس کے ڈیفالٹ ہونے سے عالمی مالیاتی بحران پیدا نہیں ہوگا۔