تازہ ترینخبریںپاکستان

عدم اعتماد سے کوئی پریشانی نہیں، صورتحال اطمینان بخش ہے

اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت آج ہونے والے پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس میں قومی اسمبلی کا اجلاس بلائے جانے پر مشاورت مکمل ہوئی،اجلاس میں وزیراعظم نے اتحادیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی کہیں نہیں جا رہے، ہمارے ساتھ ہیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ کور کمیٹی نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ڈی چوک پر ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا۔

کور کمیٹی اجلاس میں اسد عمر نے اتحادی جماعتوں سے رابطوں پر بریفنگ دی،مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے قانونی نکات پر بریفنگ دی،صوبائی صدور نے پارٹی کے تنظیمی معاملات سے آگاہ کیا،ہماری تمام تیاریاں مکمل ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ عدم اعتماد سے کوئی پریشانی نہیں، صورتحال اطمینان بخش ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس میں جارحانہ پالیسی اور ملک بھر میں سیاسی جلسے جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے، ملکی صورتحال کے تناظر میں کور کمیٹی نے حتمی فیصلوں کا اختیار وزیراعظم کو دیدیا ہے۔

اجلاس میں اتحادیوں کے تحفظات دور کرنے کا فیصلہ کیاگیا اور اس سلسلے میں وزراء کو ٹاسک سونپ دیا گیا ہے،تحریک انصاف کی حکومت کو اتحادیوں کے ساتھ کھڑا رہنے کی امید ہے، اجلاس کے شرکا کو بتا دیا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی جلدی نہیں ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ہمارے نمبرز پورے ہیں، ہمارے ارکان کو کروڑوں کی پیشکش ہے، ہمارے ارکان کو دنیا کے کسی بھی ملک میں پیسے پہنچانے کی پیشکش کی جارہی ہے۔

وزیر اعظم نے اجلاس میں کہاکہ کیسز منطقی انجام تک پہنچنے کے باعث اپوزیشن کو جلدی ہے،مشاورت سے فیصلے کیے جائیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید خان نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عدم اعتماد پر ووٹنگ 28 مارچ کو ہوگی۔

دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں سییٹر فیصل جاوید نے بتایا کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ 27 مارچ کے بعد ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کو تحریک عدم اعتماد میں بھرپور ناکامی ہوگی، وزیراعظم عمران خان پر اعتماد پلس ہو جائے گا۔

فیصل جاوید نے کہا کہ انشاء اللّٰہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ آزادی چوک اسلام آباد میں 27 مارچ بروز اتوار کو ہوگا، وزیراعظم عمران خان تاریخی خطاب کریں گے۔

اس کے علاوہ وزیراعظم کی زیرصدارت پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس میں بتایا گیا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس 21 مارچ کو بلائے جانے کا امکان ہے اور تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ 29 مارچ کو کروائی جائے گی، کور کمیٹی نے عدم اعتماد سے متعلق تمام فیصلوں کا اختیار وزیراعظم کو دے دیا ہے۔

خیال رہے کہ کور کمیٹی کے اجلاس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، شاہ محمود قریشی، شفقت محمود وزیراعظم ہاؤس پہنچے تھے۔

اس کے علاوہ شیخ رشید، پرویز خٹک، عامر ڈوگر ، اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر بھی وزیراعظم ہاؤس پہنچے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button