کراچی ایئرپورٹ دھماکا، ذمے داران کو کیفرِ کردار تک ضرور پہنچایا جائے

پاک چین کی دوستی سمندر سے بھی گہری اور ہمالیہ سے بھی بلند کہلاتی ہے۔ چین اس وقت ترقی و کامیابی کی معراج پر پہنچا ہوا ہے۔ اس کی کامیابیوں کو چُھوتا کوئی ملک دُور دُور تک دِکھائی نہیں دیتا۔ چین پاکستان کو بھی ترقی کے ثمرات بہم پہنچانا چاہتا ہے، اسی لیے وطن عزیز میں عظیم سرمایہ کاری کررہا ہے۔ سی پیک ایسا گیم چینجر منصوبہ اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ اس منصوبے کو جہاں دُنیا کے بہت سے ممالک نے سراہا ہے، شمولیت کی ہے، وہیں بہت سی قوتیں اس کی بدترین مخالف ہیں اور اس کو ابتدا سے ہی نقصان پہنچانے کی مذموم کوششوں میں مصروف ہیں۔ دشمن قوتیں اور اُن کے زرخرید غلام سی پیک کے خلاف ریشہ دوانیوں میں لگے رہتے ہیں، لیکن ان کی یہ مذموم کوششیں ناکام ثابت ہوں گی، سی پیک ان شاء اللہ مکمل ہوکر ملک و قوم کی ترقی میں ناصرف بھرپور حصّہ ڈالے گا بلکہ پاک چین دوستی مزید گہری ہوگی۔ ماضی میں کئی بار چینی ماہرین پر حملے ہوچکے اور اُن سے حقِ زیست چھینا جا چکا ہے۔ حکومت پاکستان چینی باشندوں کے تحفظ کے لیے کوشاں رہتی ہے، لیکن شرپسندوں کو جب بھی اُنہیں نقصان پہنچانے کا موقع ملے، وہ اسے ضائع نہیں جانے دیتے، گزشتہ روز بھی دہشت گردوں کی جانب سے کراچی ایئرپورٹ پر زوردار دھماکا کیا گیا ہے، جس میں دو چینی باشندوں سمیت تین افراد جان کی بازی ہارگئے جبکہ 17افراد زخمی ہوئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی ایئرپورٹ سگنل کے قریب زوردار دھماکے میں 3افراد جاں بحق اور 17زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق ایئرپورٹ دھماکے میں زخمی ہونے والوں میں خاتون، پولیس اور رینجرز اہلکار بھی شامل ہیں۔ ایس ایس پی ملیر کے مطابق کراچی میں ایئرپورٹ سگنل کے قریب زوردار دھماکا ہوا جس کے بعد گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ دھماکے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ اظفرمہیسر نے کہا کہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کرنے میں وقت لگے گا۔ ڈی آئی جی ایسٹ کا کہنا تھا کہ دھماکے کے بعد آگ لگنے سے نقصان ہوا ہے، جب تک فارنزک رپورٹ نہیں آتی مقامی پولیس کوئی بیان نہیں دے گی۔ وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار دھماکے کی جگہ پہنچ گئے، وہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ اطلاعات ہیں دھماکا آئی ای ڈی ہے، دھماکے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھماکے کا نشانہ بننے والی گاڑی میں غیرملکی شہری سوار تھے، دھماکا غیرملکیوں کے گاڑی گزرنے کے بعد ہوا، اسے آئل ٹینکر دھماکا نہیں کہا جاسکتا، سی سی ٹی وی اور دیگر ذرائع سے تفتیش کی جارہی ہے۔ کراچی دھماکے میں زخمی خاتون تسلیم نے بتایا کہ وہ بیٹے اور پوتے کے ساتھ موٹرسائیکل پر گزر رہی تھیں، ان کے آگے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اہلکار تھے۔ اچانک دھماکا ہوا، کچھ چیزیں انہیں آکر لگیں، بیٹا اور پوتا محفوظ ہیں۔ اس واقعے پر
چینی سفارت خانے کا بیان سامنے آیا ہے۔ کراچی میں دہشت گردی کے واقعے پر چینی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب چینی عملے کی گاڑی پر حملہ کیا گیا، حملے میں دو چینی باشندے ہلاک اور ایک زخمی ہوا، کچھ مقامی شہری بھی متاثر ہوئے۔ چینی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ پاکستان میں چینی سفارتخانہ اور قونصل خانہ دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، ہم نے فوری ایمرجنسی پلان نافذ کرکے پاکستان سے تحقیقات کی درخواست کی ہے۔ دوست ملک کے سفارتخانے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاکستانی حکام سے مکمل تحقیقات اور حملہ آوروں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے بھی کراچی ایئرپورٹ کے قریب چینی انجینئرز پر دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ حملے میں دو چینی ہلاک اور ایک زخمی ہوا، متاثرہ خاندانوں، بشمول چینی باشندوں، پاکستانیوں کیلئے گہری تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، زخمی چینی باشندے کی جلدصحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ افسوسناک عمل ناصرف پاکستان بلکہ پاک چین دیرینہ دوستی پربھی حملہ ہے، بزدلانہ حملے میں شامل افراد، بشمول مجید بریگیڈ کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے عزم پر قائم ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی، قانون نافذ کرنے والے ادارے ملزمان اور ان کے سہولت کاروں کو پکڑنے میں کسر نہیں چھوڑیں گے، یہ ظالمانہ عمل بغیر سزا نہیں رہے گا۔یہ واقعہ ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے۔ چینی باشندوں کی ہلاکت افسوس ناک واقعہ ہے۔ اس واقعے کی تحقیقات کے لیے پاکستان میں ہنگامی اقدامات جاری ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی میں ایئرپورٹ کے قریب چینی باشندوں پر حملے کے لیے استعمال ہونے والی کا پتا چل گیا ہے۔ چینی باشندوں پر خودکُش حملے کی تحقیقات میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے اور تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں استعمال کی گئی گاڑی کا ریکارڈ مل گیا ہے۔ تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ خودکُش حملے میں استعمال گاڑی جس کے نام تھی اس کا نادرا ریکارڈ مل گیا ہے، گاڑی کی تفصیلات چیسز نمبر سے حاصل ہوئیں۔ تفتیشی حکام کا بتانا ہے کہ نادرا ریکارڈ کے تناظر میں تحقیقات کا دائرہ بلوچستان تک پھیلادیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق گاڑی جس شخص کے نام تھی اس کی شناختی دستاویزات حاصل کرلی گئی ہیں، اس شخص کے زیر استعمال سموں کا ڈیٹا بھی لیا جا رہا ہے۔ دہشت گرد اپنے حملوں سے سی پیک ایسے گیم چینجر منصوبے کو سبوتاژ کر سکتے ہیں اور نہ پاک چین دوستی کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ پاکستان دہشت گردوں کے خلاف پُرعزم ہے اور ان کے قلع قمع کے لیے روزانہ کی بنیاد پر ڈھیروں آپریشنز جاری ہیں۔ ان شاء اللہ کچھ ہی عرصے میں اس ضمن میں بڑی خوش خبری سننے کو ملے گی۔ وطن عزیز کو دہشت گردوں اور خوارج کے ناپاک وجود سے پاک کردیا جائے گا۔ کراچی ایئرپورٹ دھماکے کی تفتیش جاری ہے، اس واقعے میں ملوث ہر کردار اور سہولت کار کو پکڑا جائے گا اور کیفرِ کردار تک ضرور پہنچایا جائے گا۔ دشمنوں کے ہاتھ ناکامی ہی آئے گی۔ اُن کے تمام ہتھکنڈے اور حربے ناکام ثابت ہوں گے۔ سی پیک منصوبہ ان
شاء اللہ جلد تکمیل کو پہنچے گا اور پاکستان و چین کی دوستی مزید مضبوط و مستحکم ہوگی۔
پنجاب: یوتھ فیسٹیول کرانے کا احسن اعلان
پاکستان خوش قسمت ملک ہے کہ اس کی 60فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ یہ تمام نوجوان بہت ہی باصلاحیت ہیں، بس ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے، یہ ستاروں پر کمند ڈالنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ ماضی سے اب تک ہمارے نوجوان عالمی سطح پر اپنے کارہائے نمایاں سے ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کرچکے ہیں۔ اچھے حکمرانوں کا خاصا ہوتا ہے کہ وہ ناصرف نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے، بلکہ اُن کے لیے مواقع بھی پیدا کرتے ہیں۔ مریم نواز شریف کو پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالے کچھ ہی ماہ ہوئے ہیں، لیکن اس دوران اُنہوں نے خاصے بڑے اقدام کیے ہیں، جن کو عوام میں بے پناہ پذیرائی ملی ہے، عوامی اشک شوئی کے بندوبست ہوئے ہیں۔ اب نوجوانوں میں کھیل اور دیگر مثبت ایکٹیوٹیز کے فروغ کے لیے پنجاب حکومت نے بڑا قدم اُٹھاتے ہوئے لاہور یوتھ فیسٹیول کرانے کا اعلان کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب حکومت نے لاہور میں 7سے 9نومبر تک یوتھ فیسٹیول کرانے کا اعلان کردیا۔ فیسٹیول کے لوگو اور فلوٹ کی رونمائی کردی گئی، صوبائی وزیرکھیل ملک فیصل ایوب کھوکھراور صوبائی وزیرایجوکیشن رانا سکندر حیات نے پریس کانفرنس میں یوتھ فیسٹیول کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ایونٹ کی افتتاحی تقریب 7 نومبر کو فورٹریس اسٹیڈیم میں ہوگی۔ صوبائی وزیر کھیل کے مطابق لاہور یوتھ فیسٹیول نوجوانوں کیلئے تحفہ ہے، یوتھ فیسٹیول میں رسہ کشی، میراتھن، فن ریس، سائیکلنگ، ڈسکس تھرو اور جیولن تھرو کے مقابلے رکھے گئے ہیں۔ اسپورٹس کے ساتھ کلچرل، آرٹ، آئی ٹی، آرٹیفیشل انٹیلی جینس، میجک پرفارمنس ودیگر مقابلے بھی ہوں گے۔ لاہور یوتھ فیسٹیول کے ذریعے بڑے پیمانے پر طلباء کو اسپورٹس ودیگر سرگرمیوں میں اینگیج کیا جارہا ہے، فیصل ایوب کھوکھر نے بتایا کہ کھیلتا پنجاب گیمز میں اب تک پنجاب کے سوا لاکھ کھلاڑی رجسٹرڈ ہوچکے، کھیلتا پنجاب گیمز میں کھلاڑیوں کو دس کروڑ روپے کے انعامات دئیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت کھیلوں کے مقابلے کروائے جارہے ہیں، مریم نواز شریف کی کابینہ کے وزراء ہمیشہ مثبت سرگرمیوں کے اعلانات کرتے رہتے ہیں، ان اسپورٹس پروگراموں سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا، پنجاب اسٹیڈیم میں لاہور یوتھ فیسٹیول کے ٹرائلز ہوں گے۔ اس موقع پر وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ اسپورٹس پروگرام سے ارشد ندیم جیسے اتھلیٹس سامنے آئیں گے۔ پنجاب حکومت کے اس اقدام کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔ اس سے بے پناہ ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔ نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ پنجاب کے دوسرے بڑے شہروں میں بھی ایسے ہی فیسٹیولز کا انعقاد کیا جانا چاہیے۔ دوسری جانب ضروری ہے کہ پنجاب کی تقلید کرتے ہوئے دوسرے صوبے بھی اسی طرح کے یوتھ فیسٹیول منعقد کروانے کا اعلان کریں۔