Column

ہمارا مشن صنعتوں میں تربیت یافتہ افرادی قوت کی کمی دور کرنے کیلئے ووکیشنل ٹریننگ پروگرام پھیلانا ہے

منور علی مٹھانی

ہمارا مشن صنعتوں میں تربیت یافتہ افرادی قوت کی کمی کو دور کرنے کیلئے ووکیشنل ٹریننگ پروگرام کو پھیلاتے چلے جانا ہے۔ اس مقصد کیلئے اسٹیوٹا کے پلیٹ فارم سے ہم نے چند نئی کیٹگریز کو بھی اپنے ٹریننگ پروگرام کا حصہ بنایا ہے ، ان میں رینیوایبل انرجی، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور ایڈوانس مینوفیکچرنگ شامل ہیں۔ اس حوالے سے ہم نے مختلف ابھرتی ہوئی صنعتوں کے ساتھ شراکت داری بھی کی ہے تاکہ ہمارے تربیت یافتہ نوجوانوں کو جاب مارکیٹ میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، ہم اس بات کو یقینی بناتے ہیں گریجویٹ ہنر مندوں کیلئے ملازمت پہلے سے تیار ہو، ان کی تربیت اس نہج پر کی جاتی ہے جس طرح ایک آجر کو ایک تربیت یافتہ ہنر مند ملازم درکار ہوتا ہے۔ اسٹیوٹا اپنے پلیٹ فارم سے کیریئر کونسلنگ اور پلیسمنٹ سروسز بھی آفر کرتا ہے۔ اسٹیوٹا نے زیر تربیت ہنر مندوں کو سیکھنے کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی کی غرض سے کیمپس ماڈرنائزیشن پر بھی فوکس کیا ہے تاکہ انہیں ایسا ماحول میسر آسکے کہ مارکیٹ میں آنے والی نت نئی جدتوں سے بھی آگاہ رہیں اور جدید ترین تکنیک کے ساتھ اپنی تربیت مکمل کرکے مارکیٹ میں جاری مقابلہ سازی میں مکمل طور پر فٹ ہوسکیں۔ بطور منیجنگ ڈائریکٹر اسٹیوٹا، میں منور علی مٹھانی، اسٹیوٹا کو کارکردگی کے اعلیٰ ترین معیار پر پہنچانے میں، میں اپنی پوری ٹیم کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔ ہمارے ٹرینر، اسٹوڈنٹس اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے بھرپور کردار ادا کرنے سے ہی ہم اس مقام تک پہنچے ہیں۔ اسٹیوٹا نے ہمیشہ سے ہی نوجوانوں کو امپاور کرنے کیلئے اپنی کمٹمنٹ نبھائی ہے۔ یہی وجہ ہے ان تمام عوامل کا نتیجہ مثبت تبدیلیوں کی صورت میں ہم سب کے سامنے ہے۔ بطور منیجنگ ڈائریکٹر مجھے فخر ہے کہ ہماری مجموعی کاوشوں، جذبے کی بدولت ہم نے وہ اہداف حاصل کئے ہیں جس کی بدولت ہم اعلیٰ معیار کی تعلیم اپنے طلبہ کو دینے میں سرخرو ہوئے۔ میں پر امید ہوں کہ مستقبل میں بھی اسٹیوٹا اپنی کامیابیوں کا سلسلہ اسی رفتار سے نہ صرف جاری رکھے گا بلکہ ہم مختلف اہم ٹریڈز کو بھی اپنے ٹریننگ پروگرامز میں شامل کرتے ہوئے نوجوانوں کو جدید ترین ہنرمندی کی تعلیم فراہم کرتے چلے جائیں گے۔ ہمارا یہ سفر اب تک وعدوں کی تکمیل سے بھرپور ہے، ہم نے جو کہا وہ کر دکھایا۔ ہم جدت پسند ہیں اور آنے والے مہینوں اور سالوں میں جدت کو مزید فروغ دیں گے۔ پاکستان کو خطے میں اعلیٰ معیار کی حامل ٹیکنیکل اور جدید ووکیشنل ٹریننگ میں ہمیشہ سربلند رکھیں گے۔ اسٹیوٹا کی کامیابیوں کی ایک طویل فہرست ہے جس میں آن لائن ٹرینی انفارمیشن سسٹم ( او ٹی آئی ایس) کو متعارف کرانا بھی شامل ہے۔ اسٹیوٹا کے قیام کے بعد اس ادارے سے کامیاب تربیت مکمل کرکے پاس آئوٹ کرنے والے طلبہ کی معلومات کے حصول کیلئے صنعتوں کے پاس ایسا کوئی ذریعہ نہیں تھا جس سے وہ جان سکیں کہ اسٹیوٹا کے کتنے طلبہ نے کن ٹریڈز میں تربیت مکمل کر رکھی ہے، صنعتیں تربیت یافتہ ہنر مندوں کوہائر کرنا چاہتی تھیں لیکن معلومات کی کمی کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا تھا، ان معاملات کو مد نظر رکھتے ہوئے آن لائن ٹرینی انفارمیشن سسٹم کو متعارف کرایا گیا تاکہ بڑے آجر وں کو یہ معلومات آن لائن بغیر دفاتر آئے اور سوالات کئے بغیر ہی میسر آسکیں جس سے ان کا بھی قیمتی وقت بچایا جاسکے اور تربیت یافتہ طلبہ کو بھی کم وقت میں زیادہ مواقع میسر آئیں۔ اسی طرح اسٹیوٹا نے ڈیولپمنٹ آف ایچ آر انفارمیشن سسٹم ( ایچ آر آئی ایس) متعارف کرایا ، یہ ایک انتہائی اہم قدم ثابت ہوا جس کی مدد سے مطلوبہ ملازمین یا آرگنائزیشن کے حوالے سے انتہائی درست معلومات کی دستیابی کو یقینی بنانے میں مدد ملی، اس سسٹم کی بدولت ہیومن ریسورس مینجمنٹ کو سہل بنایا گیا ہے۔ اسی طرح اسٹیوٹا کی ویب سائٹ بھی بنائی گئی ، اس اہم قدم کے پیچھے یہ سوچ کار فرما تھی کہ طلبہ، آجروں، قومی اور عالمی سطح کے اداروں سمیت تمام شراکت داروں ووکیشنل ایجوکیشنل ڈپارٹمنٹس کو فرینڈلی گرافکس کی مدد سے معلومات بہم پہنچائی جائیں۔ اسٹیوٹا کی جانب سے کام کی جگہوں پر خواتین کو ہراساں کرنے کیخلاف ایک عزم کے طور پر کراچی کے معروف ہوٹل میں ایک کنونشن کا بھی اہتمام کیا جا چکا ہے، اس کنونشن کا مقصد جینڈر ایکولیٹی کو یقینی بنانا تھا۔ اس طرح کے اقدامات کا مقصد خواتین کو حاصل حقوق پر روشنی ڈال کر انہیں محفوظ ماحول کی فراہمی ہے، اسٹیوٹا کا جائیکا کے تعاون سے شروع کیا گیا ٹریننگ آف ٹرینرز( ٹی او ٹی) پروگرام بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے، اس حوالے سے اسٹاف ٹریننگ اکیڈمی ( ایس ٹی اے) کراچی میں متعدد ٹریننگ سیشنز کا انعقاد معمول کی سرگرمی ہے ، ٹرینرز کی تربیت میں جائیکا کی ٹیم کا مرکزی کردار رہا ہے، ان تربیتی پروگرامز میں خواتین ٹرینرز کو بھی صنفی امتیاز کے بغیر مواقع فراہم کئے جاتے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ ہر نوجوان کو معاشرے کا کارآمد فرد بنایا جائے، اس حوالے سے ہم نے مستقبل قریب میں نشے کے عادی نوجوانوں کو نشے کی لت سے نکال کر ہنر مندی کی تربیت دینے کا ارادہ بھی کر رکھا ہے، معاشرے میں پھیلی بے راہ روی اور مختلف مسائل کی بدولت نشے کی لت میں جانے والے نوجوانوں کو یہ احساس دلوانا ہے کہ ان کی موجودگی ان کے اہلخانہ کیلئے کس قدر اہم ہے، انہیں بحالی مراکز میں رکھ کر علاج کے بعد مختلف ہنر سکھائے جاسکتے ہیں۔ ہمیں پوری امید ہے کہ بظاہر یہ ناکارہ نظر آنے والے منشیات کے عادی افراد پر تھوڑی سی توجہ دی جائے تو یہ لوگ نہ صرف ہنر مندی کی تربیت کے بعد اس قابل ہوجائیں گے کہ وہ اپنے خاندانوں کی کفالت کر سکیں گے بلکہ ایسے ہزاروں نوجوان ملکی معیشت کو ترقی دینے میں اپنا فعال کردار بھی ادا کر سکیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button