پاکستان

پاکستان کا اسرائیل کی نسل کشی کیخلاف عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا خیر مقدم

 پاکستان نے اسرائیل کی غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے اپنے بیان میں کہا کہ عالمی عدالت انصاف نے اسرائیل کو نسل کشی روکنے اور انسانی امداد کیلیے فوری اقدامات کا حکم دیا۔

ترجمان نے کہا کہ عدالت نے نتیجہ اخذ کیا کہ اسرائیل کے خلاف کیس سننے کا دائرہ اختیار ہے، غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کی ضرورت ہے، 7 اکتوبر سے اسرائیل فوجی جارحیت اور مجرمانہ کارروائیاں کر رہا ہے۔

ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ عدالتی فیصلے کو انصاف کے حصول کیلیے اہم سنگ میل سمجھتے ہیں، اسرائیل کے بین الاقوامی احتساب کیلیے بھی فیصلہ اہم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان عالمی عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد کا مطالبہ کرتا ہے، فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کیلیے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں، پاکستان نے اسی جذبے سے جنوبی افریقہ کی درخواست کی حمایت کی۔

اسرائیل کی غزہ میں نسل کشی کے خلاف جنوبی افریقا کی درخواست پر عالمی عدالت انصاف نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اسرائیل نے غزہ میں بڑے پیمانے پر آپریشن کیا جس سے متعدد فلسطینی شہید ہوئے، یہ علم میں ہے کہ غزہ میں انسانی المیہ جنم لے رہا ہے، اسرائیلی حملوں میں غزہ میں بڑی تعداد میں سویلین انفرااسٹرکچر تباہ ہوا جس پر جنوبی افریقا نے آرٹیکل 36 اور 39 کے تحت درخواست دی۔

فیصلے میں کہا گیا کہ غزہ کے معاملے پر اقوام متحدہ کے کئی اداروں نے قراردادیں بھی پیش کی ہیں، جنوبی افریقا نے الزام لگایا اسرائیل نے جینوسائیڈ سیکشنز کی خلاف ورزی کی، اس حوالے سے جنوبی افریقا نے اسرائیلی دستاویز پیش کیں جبکہ اسرائیل نے الزامات کی تردید کی۔

عدالت نے کہا کہ غزہ میں مسلسل جانی نقصان باعث تشویش ہے، جنوبی افریقا نے الزام لگایا کہ اسرائیل نے نسل کشی پر جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی کی، بظاہر اسرائیل کے خلاف جنوبی افریقا کا مقدمہ چلایا جا سکتا ہے۔

اسرائیل کی کیس نہ سننے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے عدالت نے کہا کہ عدالت کو جنوبی افریقا کی درخواست سننے کا اختیار ہے اور مقدمے پر کارروائی چلائی جا سکتی ہے، جنوبی افریقا نے اپنی درخواست میں اسرائیل پر غزہ میں نسل کشی کے الزامات لگائے ہیں۔

عدالت نے اسرائیل سے ایک ماہ میں اقدامات پر مبنی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ 17 میں سے 15 ججز کے مطابق اسرائیل جینوسائیڈ کنونشن کے آرٹیکل 2 کے تحت اقدامات کرے اور غزہ میں انسانی بنیاد پر فوری سہولتیں فراہم کی جائیں، ساتھ ہی اسرائیل نسلی کشی روکنے کے اقدامات پر رپورٹ ایک ماہ جمع کروائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button