تازہ ترینتحریکخبریںسیاسیات

اسلام آباد گھر پر چھاپہ، پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری گرفتار

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف ملک بھر میں کریک ڈاؤن جاری ہے، اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کی مرکزی سینئر نائب صدر ڈاکٹر شیریں مزاری کو بھی گرفتار کرلیا۔

رپورٹس کے مطابق پولیس نے شیریں مزاری کو گھر سے گرفتار کرکے متعلقہ تھانے منتقل کردیا ہے۔

قبل ازیں شیریں مزاری کی بیٹی ایمان مزاری کا کہنا تھا کہ پولیس نے گھر کا محاصرہ کر رکھا ہے اور سی سی ٹی وی کیمرے بند کردیے ہیں۔

علاوہ ازیں پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر معدنیات مبین خلجی کو کوئٹہ سے گرفتار کرلیا گیا۔

صوابی میں سابق صوبائی وزیر شہرام ترکئی کے گھر پر بھی پولیس نے چھاپہ مارا لیکن شہرام ترکئی گھر پر نہیں ملے۔

سیالکوٹ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے عثمان ڈار کے بھائی عامر ڈار کو گرفتار کرلیا۔

اسلام آباد اور لاہور سے پی ٹی آئی کے کئی مرکزی رہنما گرفتار کئے جاچکے ہیں، پولیس کو مزید رہنماؤں حماد اظہر، یاسمین راشد، محمود الرشید اور اسلم اقبال کی تلاش ہے۔

قبل ازیں اڈیالہ جیل میں پی ٹی آئی رہنماؤں کا طبی معائنہ کیا گیا، شاہ محمود قریشی اور جمشید اقبال چیمہ کو مکمل صحت مند قرار دیا گیا۔

اسد عمر کو معدے اور کمر میں تکلیف جبکہ فواد چوہدری کو پیشاب میں انفیکشن کی شکایات پر ان کے ٹیسٹ کرالیےگئے۔

پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان اور اعجاز چوہدری کو بھی اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button