تازہ ترینتحریکخبریںپاکستان

عمران خان کیخلاف توشہ خانہ کیس میں فوجداری کارروائی پر حکمِ امتناع جاری

اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس میں فوجداری کارروائی پر حکمِ امتناع جاری کر تے ہوئے ٹرائل کورٹ کو کارروائی سے روک دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق سماعت کر رہے ہیں ۔

عمران خان کے وکیل کے دلائل

عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ توشہ خانہ کیس کے لیے کمپلینٹ مجاز اتھارٹی کی جانب سے داخل نہیں کرائی گئی، کمپلینٹ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کی جانب سے دائر کی گئی، الیکشن کمیشن کی جانب سے کسی کو مجاز اتھارٹی مقرر کرنے کا کوئی لیٹر پیش نہیں کیا گیا، الیکشن کمیشن نے صرف اپنے آفس کو کمپلینٹ فائل کرنے کا کہا، مجاز اتھارٹی کے بغیر دائر کمپلینٹ پر سماعت نہیں ہو سکتی۔

لطیف کھوسہ کا چیف جسٹس سے شکوہ

اس موقع پر لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ کمرۂ عدالت پہنچے جہاں انہوں نے چیف جسٹس عامر فاروق سے شکوہ کیا کہ آج عدالت آنے کے راستے میں کافی رکاوٹیں تھیں۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے جواب دیا کہ ہر جگہ ہی ایسا ہے۔

خواجہ حارث نے دلائل جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ٹرائل کورٹ کے سامنے اعتراض اٹھایا گیا تھا، ٹرائل کورٹ نے کہا کہ معاملہ شہادتوں کے مرحلے پر دیکھیں گے، ہم یہ کہتے ہیں کہ اس پر تو مزید کارروائی ہی نہیں ہو سکتی، پراسیکیوشن نے ریکارڈ کے ساتھ جو دستاویزات دیں میرا انحصار انہی پر ہے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے سوال کیا کہ اسی نوعیت کی دیگر درخواستیں اور عبوری حکم کے خلاف بھی درخواستیں ہیں، کیا اس کو مرکزی پٹیشن کے طور پر سنا جائے؟

خواجہ حارث نے جواب دیا کہ یہ بھی اعتراض ہے کہ معاملہ پہلے مجسٹریٹ کے پاس جانا چاہیے تھا۔

اس موقع پر چیف جسٹس عامر فاروق نے توشہ خانہ کیس میں آج کی سماعت کا آرڈر لکھوانا شروع کیا۔

خواجہ حارث کی عدالت میں پیش کی گئی گزارشات کو آرڈر کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔

خواجہ حارث نے استدعا کی کہ شکایت مقررہ وقت کے بعد دائر کی گئی، توشہ خانہ کیس میں فوجداری کارروائی پر حکمِ امتناع بھی جاری کیا جائے۔

جس پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں فوجداری کارروائی پر حکمِ امتناع جاری کر دیا۔

سپریم کورٹ کی عمران کو ہائیکورٹ میں پیش ہونے کی ہدایت

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان آج دن 11 بجے اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے۔

انہیں سپریم کورٹ کی جانب سے عدالتِ عالیہ میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button