تازہ ترینخبریںسپورٹس

پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 4 وکٹوں سے ہرادیا

ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے 9ویں میچ میں پشاور زلمی نے دلچسپ مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ 

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کرکٹ ایرینا میں کھیلے گئے اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیا گیا 155 رنز کا ہدف پشاور زلمی نے 19ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

پشاور زلمی کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں نوجوان محمد حارث نے دھواں دار آغاز فراہم کیا، انہوں نے 9 گیندوں پر 18 رنز بنائے۔

حارث 29 کے اسکور پر حسنین کی گیند پر آؤٹ ہوئے تو اگلی ہی گیند پر حسنین نے صائم ایوب کو بھی ایل بی ڈبلیو آؤٹ کردیا۔

زلمی کے ان فارم بلے باز ٹام کوہلر کیڈمور صرف 9 رنز کے مہمان ٹھہرے اور 47 کے مجموعے پر آؤٹ ہوگئے۔ انہیں بھی محمد حسنین نے چلتا کیا۔

پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم 19 رنز بنا کر 67 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے تو ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میچ میں واپس آجائیں گے۔

تاہم اس صورتحال میں روومین پاول نے 36 اور جمی نیشم نے 38 رنز کی اننگز کھیل کر میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے دور کردیا۔

ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دسن شناکا نے 16 اور وہاب ریاض نے 10 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر 19ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 13 رنز کے عوض 3 وکٹیں لیں۔ فاسٹ بولر نسیم شاہ نے 4 اوور کے کوٹہ میں صرف 19 رنز دیے، تاہم وہ صرف ایک وکٹ لے سکے۔

دوسری جانب گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد نواز اور قیس احمد نے ایک ایک وکٹ لی۔

اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا آغاز انتہائی سست رہا جہاں اس کے ابتدائی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔

جیسن روئے 14، مارٹن گپٹل 12 اور محمد نواز 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 9ویں اوور میں 37 رنز پر 3 وکٹوں سے محروم ہوگئی۔

ایسے میں کپتان سرفراز احمد نے افتخار احمد کے ساتھ 50 گیندوں پر 74 رنز کی شراکت بناکر اپنی ٹیم کو مشکلات کے بھنور سے نکالا۔

سرفراز احمد 39 رنز کی اننگز کھیل کر 111 کے اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ تاہم دوسری جانب افتخار احمد نے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔

افتخار احمد نے 34 گیندوں پر 50 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جبکہ اختتامی لمحات اوڈین اسمتھ 12 گیندوں پر 25 رنز بنا کر ٹیم کا اسکور مقررہ 20 اوورز میں 154 رنز تک پہنچایا۔

پشاور زلمی کی جانب سے عثمان قادر 2 وکٹیں لے کر نمایاں رہے جبکہ ارشد اقبال اور جمی نیشم نے ایک ایک وکٹ لی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button