پاک، کرغزستان تعلقات

پاک، کرغزستان تعلقات
تعاون کے نئے دروازے
بشکیک میں پاکستان اور کرغزستان کے درمیان مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط محض ایک رسمی سفارتی سرگرمی نہیں بلکہ بدلتے ہوئے وسطی ایشیائی منظرنامے میں پاکستان کے لیے نئے امکانات کی دستک ہیں۔ تجارت، موسمیاتی تبدیلی، انسداد دہشت گردی، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی، ثقافت اور توانائی جیسے شعبوں میں تعاون اس امر کی علامت ہے کہ دونوں ممالک اپنے باہمی تعلقات کو روایتی سفارتی روابط سے آگے لے جانے اور انہیں عملی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے خواہاں ہیں۔ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان جغرافیائی فاصلہ ضرور ہے، مگر تاریخی، تہذیبی اور علاقائی رشتوں کی کئی کڑیاں دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کے قریب لاتی ہیں۔ وسطی ایشیا پاکستان کے لیے صرف ایک جغرافیائی خطہ نہیں بلکہ مستقبل کی تجارت، توانائی اور علاقائی رابطہ کاری کے وسیع امکانات رکھنے والا دروازہ ہے۔ اسی طرح کرغزستان کے لیے پاکستان بحیرہ عرب تک رسائی، ایک بڑی صارف منڈی اور جنوبی ایشیا کے معاشی مراکز سے رابطے کا اہم ذریعہ بن سکتا ہے۔ اس تناظر میں ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ دنیا میں وہی معیشتیں تیزی سے آگے بڑھتی ہیں جو تجارت کے لیے راستے آسان بناتی ہیں۔ اگر اشیا کی نقل و حرکت میں غیر ضروری رکاوٹیں کم ہوں، کسٹمز کے طریقہ کار آسان بنائے جائیں، سرحدی سہولتیں بہتر ہوں اور زمینی رابطوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے تو پاکستان اور کرغزستان دونوں اپنی جغرافیائی حیثیت کو معاشی طاقت میں تبدیل کر سکتے ہیں۔ دو طرفہ تجارت کا حجم 200ملین ڈالر تک لے جانے کا ہدف بھی اسی سمت ایک ابتدائی قدم ہے، تاہم اصل کامیابی اعداد کے اعلان میں نہیں بلکہ ان اعداد کو مستقل بنیادوں پر حقیقت بنانے میں ہوگی۔ پاکستان کو وسطی ایشیا کی منڈیوں تک رسائی بڑھانے کے لیے اپنی برآمدی صلاحیت پر بھی توجہ دینا ہوگی۔ ٹیکسٹائل، زرعی مصنوعات، ادویہ، کھیلوں کا سامان، انجینئرنگ مصنوعات اور آئی ٹی خدمات ایسے شعبے ہیں جہاں پاکستانی کاروباری ادارے نئی منڈیاں تلاش کر سکتے ہیں۔ دوسری جانب کرغزستان کی قدرتی اور معدنی صلاحیتیں، توانائی کے امکانات اور وسطی ایشیا میں اس کا محل وقوع پاکستان کے لیے نئے معاشی مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔ اس شراکت داری کو سرکاری معاہدوں سے نکال کر نجی شعبے کے فعال کردار تک پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ توانائی کا شعبہ اس تعاون کو ایک اور مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔ کاسا توانائی منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ وزارتی گروپ کا قیام اس بات کا اشارہ ہے کہ دونوں ممالک علاقائی توانائی تعاون کو سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں۔ پاکستان کو توانائی کی مسلسل اور نسبتاً سستی فراہمی کی ضرورت ہے جب کہ وسطی ایشیا میں توانائی کے وسائل موجود ہیں۔ اگر علاقائی رابطہ کاری کے منصوبوں کو سیاسی عزم، تکنیکی تیاری اور مستقل مزاجی حاصل ہوجائے تو توانائی کا تعاون پورے خطے کی معاشی سرگرمیوں کو نئی رفتار دے سکتا ہے۔ موسمیاتی تبدیلی بھی دونوں ممالک کے لیے ایک مشترکہ چیلنج ہے۔ پاکستان سیلاب، شدید گرمی، پانی کی کمی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا سامنا کر رہا ہے جب کہ کرغزستان بھی پہاڑی ماحول، گلیشیئرز اور آبی وسائل سے متعلق مسائل سے دوچار ہے۔ ایسے حالات میں ماحولیاتی تعاون محض کانفرنسوں تک محدود نہیں رہنا چاہیے۔ پانی کے تحفظ، گلیشیئرز کی نگرانی، قدرتی آفات سے نمٹنے، جدید زرعی طریقوں اور موسمیاتی تحقیق میں مشترکہ منصوبے دونوں ملکوں کے لیے دیرپا فائدے کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔ انسداد دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف تعاون بھی وقت کی ضرورت ہے۔ دہشت گردی کسی ایک ملک کی سرحدوں تک محدود مسئلہ نہیں رہی۔ اس کے نیٹ ورک، مالی ذرائع اور نظریاتی اثرات مختلف خطوں تک پھیل سکتے ہیں۔ پاکستان اور کرغزستان کا باہمی تعاون معلومات کے تبادلے، تربیت، سرحدی نگرانی اور انسدادِ انتہاپسندی کی مشترکہ حکمت عملی کو موثر بنا سکتا ہے۔ امن کے بغیر تجارت اور ترقی کا خواب ادھورا رہتا ہے، اس لیے اقتصادی تعاون کے ساتھ سلامتی کا مضبوط فریم ورک بھی ضروری ہے۔ تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی اور آئی ٹی میں تعاون مستقبل کی اصل سرمایہ کاری ہے۔ آج کی دنیا میں قدرتی وسائل سے زیادہ اہم انسانی ذہانت اور ٹیکنالوجی بنتی جارہی ہے۔ دونوں ممالک کی جامعات، تحقیقی اداروں اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کے درمیان روابط بڑھائے جائیں تو طلبہ کے تبادلے، مشترکہ تحقیق، مصنوعی ذہانت، سائبر ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت کے شعبوں میں نئے راستے کھل سکتے ہیں۔ نوجوانوں کو باہمی تعلقات کا فعال حصہ بنانا اس شراکت داری کو آنے والی نسلوں تک منتقل کرنے کا بہترین ذریعہ ہوگا۔ لاہور اور اوس کو جڑواں شہر قرار دینے کی پیش رفت بھی اسی وسیع تر تعلق کا خوبصورت پہلو ہے۔ ریاستی معاہدے اپنی جگہ اہم ہوتے ہیں، مگر قوموں کے درمیان اصل قربت عوامی روابط سے پیدا ہوتی ہے۔ ثقافتی وفود، ادبی سرگرمیاں، طلبہ کے تبادلے، سیاحتی پروگرام اور فنونِ لطیفہ کے مشترکہ منصوبے دونوں معاشروں کو ایک دوسرے کو سمجھنے کا موقع دے سکتے ہیں۔ سفارت کاری اگر عوام کے دلوں تک پہنچ جائے تو اس کے اثرات زیادہ پائیدار ہوتے ہیں۔ پاکستان کے لیے وسطی ایشیا کی طرف دیکھنے کا وقت محض سفارتی ضرورت نہیں بلکہ معاشی تقاضا بھی ہے۔ عالمی تجارت کے بدلتے راستوں میں علاقائی رابطہ کاری کی اہمیت بڑھ رہی ہے۔ پاکستان اگر اپنی بندرگاہوں، شاہراہوں، ریلوے، سرحدی مراکز اور ڈیجیٹل رابطوں کو وسطی ایشیا کی ضروریات کے ساتھ مربوط کرلے تو وہ خطے کے لیے ایک اہم تجارتی راستہ بن سکتا ہے۔ بشکیک میں ہونے والے معاہدوں کی اصل آزمائش اب ان کے نفاذ میں ہے۔ کاغذ پر موجود مفاہمت اس وقت کامیابی بنتی ہے جب وہ کاروبار، روزگار، توانائی، تعلیم اور عوامی سہولت میں تبدیل ہو۔ اس کے لیے مستقل رابطہ، واضح اہداف، نجی شعبے کی شمولیت اور ادارہ جاتی تسلسل ضروری ہوگا۔ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان حالیہ پیش رفت کو اسی امید کے ساتھ دیکھنا چاہیے کہ یہ تعلقات ایک نئے معاشی اور علاقائی باب کی بنیاد بنیں گے۔ اگر دونوں ممالک اپنے جغرافیے کو موقع، اپنی ضروریات کو تعاون اور اپنے نوجوانوں کو مستقبل کی قوت سمجھ کر آگے بڑھیں تو بشکیک کے معاہدے محض سفارتی دستاویزات نہیں رہیں گے، بلکہ ترقی کے ایسے راستے کھول سکتے ہیں جن سے دونوں قومیں طویل عرصے تک فائدہ اٹھائیں گی۔
پاک بحریہ کی مشق سی اسپارک کا آغاز
کراچی میں پاک بحریہ کی بحری مشق ’’ سی اسپارک 2026‘‘ کا آغاز اس حقیقت کی طرف واضح اشارہ ہے کہ موجودہ دور میں قومی سلامتی کا تصور صرف روایتی میدانِ جنگ تک محدود نہیں رہا۔ جنگ کے انداز بدل رہے ہیں، خطرات کی نوعیت تبدیل ہورہی ہے اور جدید ٹیکنالوجی نے دفاعی حکمت عملی کو ایک نئے مرحلے میں داخل کر دیا ہے۔ ایسے ماحول میں مسلسل مشق، تیاری اور مختلف دفاعی صلاحیتوں کے درمیان مربوط تعاون ہی کسی بھی ملک کی موثر دفاعی حکمت عملی کی بنیاد بن سکتا ہے۔ سی اسپارک 2026کی اہمیت اس لیے بھی نمایاں ہے کہ اس میں بحری جہازوں اور آبدوزوں کے ساتھ طیارے اور بغیر پائلٹ نظام بھی شریک ہیں۔ یہ منظر نامہ واضح کرتا ہے کہ سمندری دفاع اب صرف بحری بیڑے کی طاقت کا نام نہیں بلکہ مختلف نظاموں کے باہمی امتزاج کا تقاضا کرتا ہے۔ سمندر، فضا، زمین، سائبر اور خلائی صلاحیتوں کو ایک مربوط حکمت عملی کے تحت استعمال کرنا جدید جنگی تقاضوں کا بنیادی حصہ بن چکا ہے۔پاکستان کے لیے سمندری سلامتی کی اہمیت غیر معمولی ہے۔ ملک کی معیشت کا بڑا حصہ بندرگاہوں، بحری تجارت اور سمندری راستوں سے جڑا ہوا ہے۔ کراچی اور دیگر ساحلی مراکز نہ صرف تجارتی سرگرمیوں کے اہم مراکز ہیں بلکہ قومی معیشت کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ سمندری راستوں کا تحفظ دراصل ملکی تجارت، توانائی کی ترسیل اور اقتصادی استحکام کا تحفظ ہے۔ موجودہ مشق کا ایک اہم پہلو معلوماتی جنگ پر خصوصی توجہ ہے۔ آج دشمن کو نقصان پہنچانے کی لیے ہر مرتبہ میزائل یا توپ کا استعمال ضروری نہیں۔ غلط معلومات، سائبر حملے، ڈیجیٹل مداخلت اور معلوماتی انتشار بھی کسی ریاست کی دفاعی اور معاشی صلاحیت کو متاثر کرسکتے ہیں۔ اس لیے میدانِ جنگ کے ساتھ معلومات کے میدان میں برتری حاصل کرنا بھی قومی دفاع کا لازمی تقاضا بن چکا ہے۔ سی اسپارک 2026میں پاک بحریہ کے ساتھ پاک فوج اور پاک فضائیہ کے دستوں، میرینز اور اسپیشل فورسز کی شرکت بھی قابلِ تحسین ہے۔ جدید جنگ کسی ایک ادارے کی محدود صلاحیت سے نہیں لڑی جاتی۔ کامیابی کے لیے مشترکہ منصوبہ بندی، فوری رابطہ، درست معلومات اور بروقت فیصلہ سازی ضروری ہے۔ تینوں مسلح افواج کے درمیان جتنا مثر تعاون ہوگا، قومی دفاع اتنا ہی مضبوط اور مربوط ہوگا۔ یہ مشق ایک اور اہم پیغام بھی دیتی ہے کہ امن کی خواہش کے ساتھ دفاعی تیاری کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ مضبوط دفاع جنگ کی خواہش نہیں بلکہ جنگ کو روکنے کی صلاحیت کا نام ہے۔ ایک ایسی ریاست جو اپنے سمندری مفادات، سرحدوں اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہو، اس کے خلاف جارحانہ عزائم رکھنے والوں کے لیے حساب کتاب آسان نہیں رہتا۔ سی اسپارک 2026کو اسی وسیع تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔ یہ صرف جنگی مشق نہیں بلکہ بدلتے ہوئے خطرات کو سمجھنے، جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہونے اور قومی دفاع کے مختلف ستونوں کو ایک مربوط قوت میں ڈھالنے کی کوشش ہے۔ پاکستان کی سلامتی کا تقاضا ہے کہ یہ تیاری مسلسل جاری رہے، کیونکہ بدلتے ہوئے خطرات کا مقابلہ وہی قوم کرسکتی ہے جو وقت کے ساتھ اپنی دفاعی حکمت عملی بھی بدلنے کا حوصلہ رکھتی ہو۔



