
جھنگ: نوجوان لڑکی ایشال فاطمہ کی ہلاکت کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف دعوے اور غیر مصدقہ کہانیاں گردش کرتی رہیں، تاہم اب جھنگ پولیس کا باضابطہ مؤقف سامنے آنے کے بعد کئی سوالات اور دعووں کی حقیقت پر نئی بحث چھڑ گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر بعض صارفین اور مختلف پلیٹ فارمز پر یہ تاثر دیا جا رہا تھا کہ واقعے کے تمام محرکات اور تفصیلات واضح ہو چکی ہیں، جبکہ جھنگ پولیس کے جاری کردہ سرکاری بیان کے مطابق تفتیش ابھی جاری ہے اور حتمی نتائج فرانزک، پوسٹ مارٹم اور دیگر شواہد سامنے آنے کے بعد ہی اخذ کیے جائیں گے۔
پولیس کے مطابق 7 جون کو ریسکیو کال موصول ہوئی کہ ایک نوجوان لڑکی کو تشویشناک حالت میں نجی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ اسے ہسپتال پہنچانے والے افراد موقع سے چلے گئے تھے۔ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او جھنگ ساجد حسین نے فوری تحقیقات کا حکم دیا۔
جدید تفتیشی ذرائع، سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی مدد سے پولیس نے راتوں رات کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان خلیل الرحمٰن، محمد حسن اور عمیس کو گرفتار کر لیا جبکہ زیر استعمال گاڑی بھی تحویل میں لے لی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایشال فاطمہ کے اغواء کا مقدمہ پہلے سے تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں درج تھا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ایشال فاطمہ اور ملزم خلیل الرحمٰن ایک دوسرے کو جانتے تھے۔ ملزمان کے مطابق لڑکی کی طبیعت اچانک خراب ہونے پر اسے علاج کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
تاہم پولیس نے واضح کیا ہے کہ واقعے کے اصل محرکات، ممکنہ ذمہ داریوں اور دیگر تمام پہلوؤں کا تعین ابھی ہونا باقی ہے۔ اس مقصد کیلئے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں جبکہ فرانزک رپورٹس اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کا بھی انتظار کیا جا رہا ہے۔
ڈی پی او ساجد حسین کے مطابق کیس کے ہر پہلو کا غیر جانبدارانہ اور پیشہ ورانہ انداز میں جائزہ لیا جا رہا ہے اور کسی بھی نتیجے پر پہنچنے سے قبل تمام دستیاب شواہد کو مدنظر رکھا جائے گا۔
یہ صورتحال اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ سوشل میڈیا پر زیر گردش معلومات اور سرکاری تفتیش میں فرق موجود ہو سکتا ہے، اس لیے حتمی تحقیقات مکمل ہونے سے قبل کسی بھی دعوے یا نتیجے کو قطعی حقیقت سمجھنے سے گریز کیا جانا چاہیے۔
پولیس کا مؤقف ہے کہ مقدمہ کو مکمل میرٹ، شفافیت اور قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور حقائق سامنے آنے کے بعد ہی واقعے کی اصل تصویر واضح ہو سکے گی۔







