
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے معاملے پر صورتِ حال ’اچھی سمت میں جا رہی ہے‘ اور امریکی افواج نے آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ کا یہ بیان ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل حسین محبی کے حال ہی میں کیے گئے دعوے کے بعد سامنے آیا ہے۔
بریگیڈیئر جنرل حسین محبی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ رمضان میں ایران پر مسلط کردہ جنگ کے بعد اب ایک بھی امریکی بحری جہاز خلیج فارس میں موجود نہیں ہے تاہم پاسداران انقلاب نے ایران کی ناکہ بندی کرنے والے امریکی بحری جہازوں کے بارے میں تفصیلات نہیں دیں
دوسری جانب امریکی فوج نے ایران کی جانب جانے والے پاناما کے پرچم والے 1 مال بردار بحری جہاز کو روکنے کے لیے 2 ہیل فائر میزائل داغے ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق جہاز نے متعدد پیغامات کو نظر انداز کیا تھا۔
عرب میڈیا کے مطابق ایران نے آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کے لیے امریکا سے جنگ اور بحری ناکہ بندی مکمل طور پر ختم کرنے، منجمد ایرانی اثاثے بحال کرنے اور خطے میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔
ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے کہا ہے کہ تمام شرائط پوری ہونے تک آبنائے ہرمز بند رہے گی







