زیتون کا عالمی دن: این سی آر ڈی کے تربیتی پروگرام سے حاصل یادگار تجربہ

زیتون کا عالمی دن: این سی آر ڈی کے تربیتی پروگرام سے حاصل یادگار تجربہ
صدائے جہاں
حافظ بختیار احمد
دنیا کی تہذیبوں، ثقافتوں اور انسانی معاشرت کی تاریخ میں بعض درخت محض نباتاتی اہمیت نہیں رکھتے بلکہ وہ انسانی زندگی، معیشت، روحانیت، امن اور تہذیبی تسلسل کی علامت بن جاتے ہیں۔ زیتون بھی ایسا ہی ایک درخت ہے جس کی تاریخ ہزاروں سال پر محیط ہے۔ بحیرہ روم کے خطے سے لے کر مشرقِ وسطیٰ، شمالی افریقہ اور جنوبی ایشیا تک زیتون نے انسانی خوراک، تجارت، طب، ثقافت اور معاشرتی زندگی میں ایک نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ زیتون کا پھل، اس سے حاصل ہونے والا تیل اور اس درخت کی پائیداری اسے دنیا کی اہم زرعی پیداوار میں ممتاز مقام عطا کرتی ہے۔ ہر سال 26نومبر کو زیتون کا عالمی دن منایا جاتا ہے، جس کا مقصد اس درخت کی اہمیت، اس کی کاشت، غذائی افادیت، ماحولیاتی فوائد اور معاشی امکانات کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے۔ زیتون سے میری واقفیت بھی ایک دلچسپ بین الاقوامی تجربے کے ذریعے ایک نئے علمی اور عملی شعور میں تبدیل ہوئی۔ اکتوبر 2025ء میں مجھے اسلام آباد میں نیشنل سینٹر فار رورل ڈیولپمنٹ (NCRD)کے زیرِ اہتمام AHKNCRD-AARDO کے اشتراکی بین الاقوامی تربیتی پروگرام بعنوانDisaster Management and Climate Change Adaptation میں شرکت کا موقع ملا۔ یہ تربیتی پروگرام 15سے 23اکتوبر 2025ء تک جاری رہا۔ اس دوران مختلف ممالک سے آئے ہوئے شرکاء کے ساتھ علمی تبادلے، تجربات اور مختلف موضوعات پر گفتگو کا موقع ملا۔ گھانا، زیمبیا، سری لنکا، بنگلہ دیش، کینیا، مصر، لبنان، ماریشس، اردن اور ایسواتینی سمیت مختلف ممالک کے نمائندگان کی موجودگی نے اس پروگرام کو حقیقی معنوں میں بین الاقوامی رنگ عطا کیا۔
اس تربیتی پروگرام کے دوران زیتون کی کاشت، اس کی اہمیت اور پاکستان میں اس کے فروغ کے امکانات سے متعلق ایک خصوصی تعارفی و معلوماتی دورے نے میری توجہ حاصل کی۔ اس موقع پر زیتون کے پودوں، ان کی افزائش، کاشت کے طریقوں، متعلقہ اداروں کی سرگرمیوں اور زیتون کی پیداوار کے مختلف پہلوئوں کو قریب سے جاننے اور سمجھنے کا موقع ملا۔ یہ میرے لیے محض ایک معلوماتی دورہ نہیں تھا بلکہ ایک ایسے زرعی شعبے سے شناسائی کا ذریعہ تھا جس میں پاکستان کے معاشی، ماحولیاتی اور غذائی مستقبل کے لیے وسیع امکانات پوشیدہ ہیں۔ اس تجربے نے مجھے احساس دلایا کہ ایک درخت کس طرح کسی ملک کی زراعت، دیہی معیشت، ماحولیات اور عالمی تجارتی امکانات سے جڑ سکتا ہے۔ زیتون کا ذکر انسانی تہذیب میں بہت قدیم ہے۔ قرآنِ مجید میں بھی زیتون کا ذکر نہایت بامعنی انداز میں آیا ہے۔ سورہ التین کی پہلی آیت میں اللہ تعالیٰ نے انجیر اور زیتون کی قسم بیان فرمائی ہے۔ اسی طرح سورہ النور، آیت35میں اللہ تعالیٰ نے اپنی ہدایت کے نور کی مثال بیان کرتے ہوئے ایک مبارک زیتون کے درخت کا ذکر فرمایا ہے، جس کے تیل کی روشنی کا بیان نہایت خوبصورت تمثیلی انداز میں کیا گیا ہے۔ یہ قرآنی حوالے زیتون کو مسلمانوں کے لیے ایک خصوصی روحانی اور فکری اہمیت عطا کرتے ہیں۔ زیتون کا درخت صبر، استقامت، برکت اور تسلسل کی علامت بھی سمجھا جاتا ہے۔ اس کی طویل عمر، مناسب ماحول میں مختلف موسمی حالات برداشت کرنے کی صلاحیت اور مسلسل پیداوار اسے دیگر کئی زرعی فصلوں سے منفرد بناتی ہے۔ یوں زیتون صرف ایک پھل یا تیل کا ذریعہ نہیں بلکہ ہماری مذہبی، تہذیبی اور زرعی شناخت سے بھی جڑا ہوا ہے۔
عالمی سطح پر زیتون کا شمار اہم زرعی اور تجارتی پیداوار میں ہوتا ہے۔ زیتون کا تیل غذائیت کے اعتبار سے خاص اہمیت رکھتا ہے اور دنیا کے مختلف ممالک میں اسے صحت مند غذا کا اہم جزو سمجھا جاتا ہے۔ اس کی کاشت سے نہ صرف کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ممکن ہے بلکہ زیتون کی پروسیسنگ، پیکجنگ، مارکیٹنگ، برآمدات اور متعلقہ صنعتوں کے ذریعے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اسپین، اٹلی، یونان، ترکی، تیونس اور دیگر ممالک نے زیتون کی پیداوار اور اس سے وابستہ صنعتوں کو اپنی زرعی معیشت کا اہم حصہ بنایا ہے۔ پاکستان میں بھی زیتون کی کاشت کے امکانات بتدریج توجہ حاصل کر رہے ہیں۔ پوٹھوہار کا خطہ، پنجاب کے بعض پہاڑی علاقے، خیبر پختونخوا، بلوچستان، سندھ کے موزوں مقامات، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں زیتون کی کاشت کے امکانات موجود ہیں۔ بالخصوص پنجاب کے اضلاع چکوال، اٹک، جہلم اور راولپنڈی کا پوٹھوہار خطہ زیتون کی کاشت کے حوالے سے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ خیبر پختونخوا میں سوات، دیر، چترال اور مانسہرہ کے بعض موزوں علاقے جبکہ بلوچستان میں لورالائی، ژ وب، قلعہ سیف اللہ، بارکھان اور خضدار کے علاقے قابلِ توجہ ہیں۔ سندھ میں بھی موزوں زمین اور آب و ہوا کے حامل منتخب علاقوں کا سائنسی جائزہ لے کر کاشت کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ تاہم ہر علاقے میں کامیابی کے لیے زمین، درجہ حرارت، بارش، پانی کی دستیابی اور مقامی موسمی حالات کی بنیاد پر زرعی تحقیق ضروری ہے۔
پاکستان میں زیتون کی کاشت کے فروغ کے لیے حکومت، زرعی تحقیقی اداروں اور متعلقہ محکموں کی کوششیں قابلِ ذکر ہیں۔ پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل (PARC)، وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق اور صوبائی محکمہ ہائے زراعت نے مختلف منصوبوں اور سرگرمیوں کے ذریعے اس شعبے کو آگے بڑھانے کی کوشش کی ہے۔ زیتون کی تجارتی بنیادوں پر کاشت، جدید نرسریوں، کسانوں کی تربیت، پروسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن کے منصوبے اس سمت میں اہم پیش رفت ہیں۔ تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ ان اقدامات کو مزید مربوط، مستقل اور نتائج پر مبنی قومی حکمتِ عملی میں تبدیل کیا جائے۔
زیتون کی کامیاب کاشت کے لیے صرف پودے لگانا کافی نہیں۔ موزوں زمین، آب و ہوا، معیاری پودوں، جدید آبپاشی، فنی تربیت، بروقت نگہداشت، بیماریوں سے تحفظ اور پیداوار کی مناسب مارکیٹنگ بنیادی تقاضے ہیں۔ اس کے ساتھ زیتون کے تیل کی تیاری کے لیے جدید مشینری، پروسیسنگ یونٹس، معیار کی جانچ اور کسانوں کو منڈی تک رسائی فراہم کرنا بھی ضروری ہے۔ اگر ان تمام پہلوں کو ایک مربوط پالیسی کے تحت آگے بڑھایا جائے تو زیتون پاکستان کے دیہی معاشی ڈھانچے کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ یہاں موسمیاتی تبدیلی کا پہلو بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ دنیا میں بڑھتا ہوا درجہ حرارت، پانی کی قلت، زمین کی زرخیزی میں کمی اور غیر متوقع موسمی حالات زراعت کے لیے بڑے چیلنج بن چکے ہیں۔ ایسے میں موزوں علاقوں میں زیتون جیسی دیرپا فصلوں کو فروغ دینا زرعی تنوع اور ماحولیاتی موافقت کی حکمتِ عملی کا حصہ بن سکتا ہے۔ تاہم اس کے لیے سائنسی تحقیق اور مقامی موسمی حالات کے مطابق منصوبہ بندی ناگزیر ہے۔ میری ذاتی رائے میں حکومتِ پاکستان کو زیتون کی ترقی کے لیے ایک طویل المدتی قومی حکمتِ عملی مرتب کرنی چاہیے جس میں محض شجرکاری کے اعدادوشمار کے بجائے عملی پیداوار اور معاشی نتائج کو بنیادی اہمیت دی جائے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں آئندہ پانچ اور دس سال کے لیے واضح اہداف مقرر کریں کہ کتنے رقبے پر تجارتی بنیادوں پر زیتون کے باغات قائم ہوں گے، کتنے پودے کامیابی سے پروان چڑھ کر پھل دینے کے قابل ہوں گے، سالانہ کتنی پیداوار حاصل کی جائے گی اور کتنی مقدار میں معیاری زیتون کا تیل تیار کیا جائے گا۔ ہر ضلع میں موزوں زرعی زمین کی نشاندہی، زمین کی جغرافیائی نقشہ بندی، مستند نرسریوں کا قیام اور کسانوں کو مقامی حالات کے مطابق تربیت فراہم کرنا اس حکمتِ عملی کا بنیادی حصہ ہونا چاہیے۔
میری تجویز ہے کہ حکومت زیتون کی کاشت کو صرف سرکاری منصوبوں تک محدود رکھنے کے بجائے کسانوں، نجی سرمایہ کاروں، زرعی جامعات، تحقیقی اداروں اور مقامی کاروباری طبقے کی مشترکہ ذمہ داری بنائے۔ کسانوں کو معیاری پودوں کی فراہمی کے ساتھ آسان قرضے، کم شرحِ منافع پر مالی معاونت، ڈرِپ اریگیشن، بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کے نظام اور جدید زرعی آلات کی فراہمی میں سہولت دی جائے۔ چھوٹے کسانوں کے لیے مشترکہ باغات اور کلسٹر فارمنگ کے ماڈل متعارف کروائے جائیں تاکہ وہ اکیلے مہنگے پروسیسنگ یونٹس لگانے کے بجائے اجتماعی بنیادوں پر اپنی پیداوار کو بہتر قیمت پر فروخت کر سکیں۔ اس شعبے میں ایک اور اہم ضرورت جدید پروسیسنگ اور مارکیٹنگ کا نظام ہے۔ زیتون کی فصل حاصل ہونے کے بعد اگر کسان کو بروقت پھل کی خریداری، محفوظ ذخیرہ، تیل نکالنے کی سہولت اور مناسب مارکیٹ میسر نہ ہو تو اس کی محنت کا پورا فائدہ حاصل نہیں ہو سکتا۔ حکومت کو چاہیے کہ پوٹھوہار، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور دیگر منتخب پیداواری علاقوں میں جدید زیتون آئل ایکسٹریکشن یونٹس، پیکجنگ مراکز، کولڈ اسٹوریج اور معیار کی جانچ کے مستند لیبارٹری نظام کو فروغ دے۔ پاکستانی زیتون کے تیل کو قومی برانڈ کے طور پر متعارف کروانے، بین الاقوامی معیار کی سرٹیفکیشن اور برآمدی منڈیوں تک رسائی کے لیے بھی جامع اقدامات کیے جائیں۔ زیتون کے پھل سے اچار، صابن، کاسمیٹکس اور دیگر مصنوعات تیار کرنے کی صنعتوں کو بھی ترقی دی جا سکتی ہے۔
اس کے ساتھ تعلیمی اداروں میں زیتون کی کاشت، زرعی کاروبار اور ماحولیاتی تحفظ سے متعلق آگاہی پروگرام شروع کیے جائیں۔ نوجوانوں اور خواتین کو زیتون کی نرسریوں، باغبانی، پروسیسنگ اور چھوٹے کاروباروں سے منسلک کیا جائے۔ زرعی جامعات میں زیتون کی مقامی اقسام، موسمیاتی موافقت، بیماریوں کے تدارک اور پیداوار بڑھانے کے لیے خصوصی تحقیق کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ بین الاقوامی تعاون کے ذریعے اٹلی، ترکی، اسپین، اردن اور دیگر زیتون پیدا کرنے والے ممالک کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ میرے نزدیک اس قومی منصوبے کی کامیابی کے لیے ایک شفاف سالانہ کارکردگی رپورٹ بھی ضروری ہے جس میں ضلع وار بتایا جائے کہ کتنے پودے لگائے گئے، کتنے زندہ ہیں، کتنے درخت پھل دے رہے ہیں، کتنے کسان مستفید ہوئے، کتنی پیداوار حاصل ہوئی اور کتنے نئے روزگار پیدا ہوئے۔ اس طرح سرکاری وسائل کے استعمال اور منصوبوں کے حقیقی نتائج کا جائزہ بھی ممکن ہوگا۔ اس پورے تجربے میں نیشنل سینٹر فار رورل ڈیولپمنٹ (NCRD)، اسلام آباد کا کردار بھی خصوصی تحسین کا مستحق ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویعن، حکومتِ پاکستان کے زیرِ انتظام یہ ادارہ تربیت، استعدادِ کار میں اضافے اور بین الاقوامی علمی روابط کے فروغ کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کی حیثیت رکھتا ہی۔ ادارے کی کامیابی کا انحصار اس کے وعن، قیادت اور ٹیم ورک پر ہوتا ہے۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل این سی آر ڈی ڈاکٹر اسرار محمد خان صاحب کی قیادت، فکری وسعت، پیشہ ورانہ تجربے اور بین الاقوامی سطح پر ادارے کی شناخت کو مضبوط بنانے کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔ ان کی سربراہی میں این سی آر ڈی کو بین الاقوامی کانفرنسوں، تربیتی پروگراموں، منصوبوں اور علمی سرگرمیوں کا موثر مرکز بنانے کی کوششیں پاکستان کے لیے ایک مثبت ادارہ جاتی پہچان پیدا کرتی ہیں۔
کسی ادارے کا وژن اس وقت عملی کامیابی میں تبدیل ہوتا ہے جب اس کے ساتھ محنتی، متحرک اور ذمہ دار افراد موجود ہوں۔ اس حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر ٹریننگ مبشر زمان صاحب کی شب و روز محنت، پیشہ ورانہ لگن اور ادارے کے لیے وابستگی خصوصی طور پر قابلِ تحسین ہے۔ بین الاقوامی تربیتی پروگراموں کی منصوبہ بندی، شرکاء سے رابطہ کاری، تربیتی سرگرمیوں کی نگرانی اور انتظامی امور کی تکمیل میں ان کی محنت ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔ اسی طرح ایڈمن ڈائریکٹر محمد فاروق صاحب نے مذکورہ بین الاقوامی تربیتی پروگرام کی کامیابی کے لیے ہوسٹل، رہائشی سہولیات، مہمان نوازی اور دیگر انتظامی انتظامات میں کلیدی کردار ادا کیا۔ بین الاقوامی شرکاء کی میزبانی اور ان کے لیے ایک منظم، آرام دہ اور سازگار ماحول فراہم کرنا کسی بھی تربیتی پروگرام کی کامیابی کا بنیادی حصہ ہوتا ہے۔ ان کی انتظامی صلاحیت اور ذمہ دارانہ کردار نے اس پروگرام کے انعقاد کو کامیاب بنانے میں اہم حصہ ڈالا۔
این سی آر ڈی کی پوری ٹیم اس اجتماعی کامیابی پر مبارک باد اور تحسین کی مستحق ہے۔ ڈاکٹر اسرار محمد خان صاحب کا وژن، مبشر زمان صاحب کی شبانہ روز محنت، محمد فاروق صاحب کی انتظامی کاوشیں اور دیگر افسران و اہلکاروں کا تعاون اس حقیقت کی عکاسی کرتا ہے کہ مضبوط ادارے انفرادی صلاحیتوں اور اجتماعی اخلاص سے تشکیل پاتے ہیں۔ ایسے ادارے پاکستان کے مثبت تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف ممالک کے درمیان علمی، تربیتی اور پیشہ ورانہ روابط کو بھی مضبوط بناتے ہیں۔ بطور ایک قلم کار، محقق اور بین الاقوامی تربیتی پروگرام کے شریک کے طور پر میری بھی خواہش ہے کہ زیتون کی کاشت اور دیہی ترقی کے اس قومی تصور کو اپنے قلم اور تحریروں کے ذریعے زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچائوں۔ میں اس موضوع پر آگاہی کے لیے اخباری کالموں، خصوصی مضامین اور تحقیقی تحریروں کے ذریعے اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہوں۔ میری کوشش ہوگی کہ زیتون کے حوالے سے کسانوں، زرعی ماہرین، تحقیقی اداروں اور متعلقہ سرکاری محکموں کی کاوشوں کو اجاگر کیا جائے، کامیاب زرعی منصوبوں کی کہانیاں سامنے لائی جائیں اور عوام کو اس شعبے میں موجود معاشی و ماحولیاتی امکانات سے روشناس کروایا جائے۔ میری یہ بھی تجویز ہے کہ این سی آر ڈی اور متعلقہ زرعی ادارے ایسے موضوعات پر مزید بین الاقوامی تربیتی پروگرام منعقد کریں تاکہ نوجوانوں، سرکاری افسران، کسانوں اور زرعی کاروبار سے وابستہ افراد کو عالمی تجربات سے مستفید ہونے کا موقع ملے۔
زیتون کے عالمی دن کے موقع پر میرے لیے یہ تحریر محض ایک عالمی دن کی مناسبت سے اظہارِ خیال نہیں بلکہ ایک ایسے یادگار تربیتی تجربے کی بازگشت بھی ہے جس نے مجھے زیتون کی تہذیبی، مذہبی، زرعی، معاشی اور ماحولیاتی اہمیت کو قریب سے سمجھنے کا موقع فراہم کیا۔ این سی آر ڈی کے اس بین الاقوامی پروگرام نے یہ احساس مزید گہرا کیا کہ علم کا حقیقی فائدہ اسی وقت سامنے آتا ہے جب وہ انسان کے مشاہدے، سوچ اور عملی زندگی کا حصہ بن جائے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان میں زیتون کی کاشت کو محض ایک زرعی منصوبہ نہیں بلکہ دیہی ترقی، غذائی تحفظ، ماحولیاتی موافقت، صنعتی پیداوار اور برآمدات کے ایک مربوط قومی تصور کے طور پر آگے بڑھایا جائے۔ کسانوں کی تربیت، تحقیقی اداروں کی معاونت، جدید ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور بین الاقوامی تعاون کے ذریعے پاکستان زیتون کی عالمی معیشت میں اپنا مقام بہتر بنا سکتا ہے۔ ڈاکٹر اسرار محمد خان صاحب اور این سی آر ڈی کی پوری ٹیم کو سلام کہ جن کی کاوشوں نے مجھے بھی ایک بین الاقوامی تربیتی ماحول میں زیتون کی دنیا کو قریب سے دیکھنے، سمجھنے اور اس کی اہمیت محسوس کرنے کا موقع دیا۔ بلاشبہ ایسے علمی و تربیتی تجربات ہی انسان کے مشاہدے کو وسعت، فکر کو گہرائی اور قلم کو نئے موضوعات عطا کرتے ہیں۔
زیتون کا درخت ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ مضبوط جڑیں، صبر، تسلسل اور موزوں ماحول مل جائیں تو زندگی کی سخت زمین میں بھی ترقی، خوش حالی اور برکت کے ثمرات پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ پاکستان کی سرزمین میں بھی زیتون کی صورت میں ایک ایسا امکان موجود ہے جسے درست منصوبہ بندی، قومی عزم اور اجتماعی محنت کے ذریعے خوش حالی کی ایک نئی داستان میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔





