پی ٹی آئی میں نفاق نے رہائی کی منزل کو دور کر دیا

پی ٹی آئی میں نفاق نے رہائی کی منزل کو دور کر دیا
نقارہ خلق
امتیاز عاصی
سیاسی جماعتوں کی تحریک اسی صورت کامیابی سے ہمکنار ہو سکتی ہے جب سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں میں کسی مسئلے پر پوری طرح اتفاق ہو۔ پی ٹی آئی کے ساتھ سب سے بڑا مسئلہ آپس کے باہمی اختلافات ہیں، جس کی وجہ سے تحریک انصاف کسی بھی معاملے میں کامیابی سے محروم چلی آرہی ہے، خواہ وہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہو یا جیل سے باہر علاج معالج یا پھر مقدمات سے نجات ہو۔ گو پی ٹی آئی رہنمائوں کے درمیان عدم اتفاق کسی سے ڈھکا چھپا نہیں تھا، مگر سابق صوبائی وزیر اطلاعات بیرسٹر سیف علی خان کے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام سے یہ بات بالکل واضح ہو گئی ہے تحریک انصاف میں کئی ایک گروپ بن چکے ہیں۔ اگرچہ سیاسی جماعتوں میں گروپ بندی کا ہونا کوئی نئی بات نہیں ہے، البتہ پی ٹی آئی میں گروپ بندی کے لئے خصوصی کاوشوں نے لانگ مارچ اور حکومت کے خلاف کسی قسم کی تحریک چلانے سے بانی کی جماعت کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ بیرسٹر سیف نے یہ بات بھی واضح کر دی کہ سہیل آفریدی لانگ مارچ کے سلسلے میں سنجیدہ نہیں تھے، شائد اسی لئے پی ٹی آئی کا لانگ مارچ کے پی کے مختلف شہروں میں ہی گھومتا اختتام پذیر ہوگیا۔ سہیل آفریدی تو ابتدا سے ہی ڈرامہ رچایا رہا تھا۔ وزیراعلیٰ کا منصب سنبھالتے ہی بانی سے ملاقات کے لئے جو طرز عمل اختیار کیا وہ کسی وزیراعلیٰ کے شایان شان نہیں تھا۔ جہاں تک بانی کی بہنوں کا تعلق ہے ان کی بھائی کے ساتھ محبت سے انکار نہیں کیا جا سکتا، تاہم وہ بھی جلد باز ثابت ہوئیں اور بعض حلقوں کی ناراضی نے انہیں بھائی سے ملاقاتوں سے بھی محروم کر دیا۔ گو قید و بند میں بانی پی ٹی آئی نے عالمی سطح پر شہرت حاصل کر لی، لیکن بعض حلقوں کو نالاں کرکے انہیں رہائی کی منزل سے دور کر دیا۔ اس ناچیز کے خیال میں بانی پی ٹی آئی اپوزیشن میں رہتے ہوئے اپنا سیاسی کردار ادا کرتے تو شائد انہیں قید و بند کا سامنا نہ کرنا پڑتا لیکن وہ بھی اقتدار سے ہٹائے جانے کے غم میں مبتلا ہوکر کشتیاں جلانے کی طرف راغب ہوگئے۔ سانحہ نو مئی کے حقائق سے ابھی تک قوم ناواقف ہے لیکن اس افسوسناک سانحہ کا ملبہ تو بہرکیف پی ٹی آئی کے کھاتے میں گیا ہے۔ سانحہ نو مئی سے جہاں دنیا بھر میں ہماری جگ ہنسائی ہوئی وہاں پی ٹی آئی کے تھینک ٹینک کئی سالوں سے قید و بند میں ہیں۔ سانحہ نو مئی کے بعد سانحہ ڈی چوک نے پی ٹی آئی ورکرز کے حوصلے پست کر دیئے۔ سانحہ نو مئی کے مقدمات میں قید و بند میں جانے والوں کو فوجی اور دہشت گردی کی عدالتوں کا سامنا کرنا پڑا اور ان کا جیلوں میں کوئی پرسان حال نہیں۔ بلاشبہ بانی پی ٹی آئی نے بعض حلقوں سے ٹکرائو کی پالیسی اختیار کرکے عوام میں مقبولیت ضرور حاصل کر لی مگر مجموعی طور پر دیکھا جائے تو بانی نے خسارے کا سودا کیا اور اپنے خلاف کئی سو مقدمات قائم کر ا لئے۔ بانی اور دیگر رہنمائوں کے جیلوں میں جانے کے بعد اگر دیکھا جائے تو پی ٹی آئی میں کوئی تجربہ کار سیاست دان نہیں رہ گیا تھا جو معاملات کو درست سمت کی طرف لے جانے کی کوشش کرتا۔ بلاشبہ پی ٹی آئی میں گروہ بندی کے لئے منصوبہ بندی تو بہت پہلے کر لی گئی تھی، جس میں منصوبہ سازوں کو بڑی حد تک کامیابی ہوئی ہے، لیکن بانی سے پاکستان کے عوام کی محبت کو وہ نکالنے میں ابھی تک ناکام ٹھہرے ہیں۔ کسی بھی سیاسی جماعت کے رہنمائوں کے ساتھ بعض حلقوں کے روابط سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ بانی کو اس حقیقت کا علم ہونے کے باوجود اسے اقتدار میں کون لایا تھا اور وہ کن کے ساتھ باہم دست و گریباں ہو رہا ہے۔ سیاسی رہنمائوں کو اپنے اقتدار کے مقابلے میں ملکی سالمیت کا زیادہ خیال ہونا چاہیے ملک ہے تو ہم بھی ہیں اگر ملک نہیں تو ہم بھی نہیں۔ نواز شریف کو دیکھ لیں بعض حلقوں سے تعلقات کشیدہ ہونے کے باوجود مسلم لیگ ن اقتدار حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔ پیپلز پارٹی کو دیکھ لیں آصف علی زرداری کے خلاف مقدمات کی بھرمار تھی، تاہم اس کے باوجود وہ بعض حلقوں کو ناراض نہیں کیا اور اب دوسری بار صدر کا منصب حاصل کرنے میں کامیاب ہو گے۔ سیاست میں سب سے اہم بات جو ضروری ہے وہ صبر و تحمل کا دامن کسی صورت نہیں چھوڑنا چاہیے خواہ حالات کچھ بھی ہوں۔ جہاں تک بانی کے اقتدار کی بات ہے بانی کا اقتدار طاقت ور حلقوں کی مرہون منت تھا۔ یہ علیحدہ بات ہے بانی نے کرکٹ کی دنیا میں شہرت دوام حاصل کی اور سیاست میں بھی عوام کی بہت بڑی تعداد کی حمایت حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ بانی پی ٹی آئی کو سب سے زیادہ نقصان ان کی جماعت ان لوگوں نے پہنچایا جو وزارتوں کے مزے لینے کے باوجود مشکل گھڑی میں عمران خان کو تنہا چھوڑ گئے۔ اگرچہ بانی کو چھوڑنے والے لوگ قید و بند سے محفوظ رہے، مگر سیاسی طور پر اپنے مستقبل کو تاریک کر لیا۔ پی ٹی آئی کو اس وقت سب سے زیادہ قیادت کا فقدان ہے اس لئے پی ٹی آئی رہنمائوں وہ لوگ جو بانی کی رہائی میں سنجیدہ ہیں انہیں محاذ آرائی کی سیاست ترک کرتے ہوئے اپنے لیڈر کی رہائی کے لئے پرامن اور بات چیت کے ذریعے کوئی راہ نکالنی ہوگی ورنہ مستقبل قریب میں بانی کی رہائی ممکن نہیں۔ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ذوالفقار علی بھٹو جو تختہ دار پر چڑھ گئے، مگر معافی کی اپیل نہیں کی، لیکن بھٹو آج بھی عوام کے دلوں میں زندہ ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے بعض حلقوں کی خواہش کے برعکس کسی قسم کی ڈیل نہ کرکے ایک نئی سیاسی تاریخ رقم کی ہے اگر وہ نواز شریف کی طرح ڈیل کرکے ملک چھوڑ جاتا تو اس کی حیثیت آج نواز شریف سے کم نہیں ہوتی۔ بہرکیف عمران خان کی جماعت میں نفاق سے ہی معاملات خراب ہوئے، اگر پارٹی رہنمائوں میں یکجہتی اور اتحاد ہوتا وہ یقینی طور پر بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی منزل حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتے۔





