کرہ ارض کا مستقبل دائو پر

کرہ ارض کا مستقبل دائو پر
تحریر: رفیع صحرائی
دنیا بھر میں تیزی سے رونما ہونے والی موسمیاتی تبدیلی اب محض ماحولیاتی ماہرین کا موضوع نہیں رہی بلکہ یہ پوری انسانیت کے مستقبل، عالمی معیشت، غذائی تحفظ، انسانی صحت اور آنے والی نسلوں کی بقا کا مسئلہ بن چکی ہے۔ دنیا کے کسی خطے میں غیر معمولی گرمی، کہیں تباہ کن سیلاب، کہیں خشک سالی اور کہیں جنگلات میں لگنے والی آگ اس حقیقت کا اعلان کر رہی ہے کہ قدرتی ماحول کا توازن تیزی سے بگڑ رہا ہے۔ ایسے حالات میں عالمی برادری کی ذمہ داری تھی کہ وہ باہمی اختلافات بھلا کر ایک مشترکہ حکمت عملی اختیار کرتی، مگر افسوس کہ ترکیہ کے شہر انطالیہ میں منعقد ہونے والی اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس COP31کسی متفقہ معاہدے تک پہنچنے میں ناکام رہی۔ دو ہفتوں سے زائد جاری رہنے والے مذاکرات کے بعد بھی دنیا کے طاقتور ممالک اپنے مفادات سے بالاتر ہو کر کوئی فیصلہ نہ کر سکے۔ یوں ایک بار پھر انسانیت کے اجتماعی مستقبل پر قومی اور معاشی مفادات غالب آ گئے۔
اقوام متحدہ کے زیر اہتمام موسمیاتی تبدیلی سے متعلق 31ویں کانفرنس (COP31)ترکیہ کے شہر انطالیہ میں 9نومبر سے 20نومبر 2026ء تک منعقد ہونا تھی۔ کانفرنس کی میزبانی ترکیہ نے کی جبکہ اختتامی مذاکرات 22 نومبر تک جاری رہے۔ ترکیہ کے وزیر ماحولیات مراد کورم کانفرنس کے صدر اور آسٹریلیا کے وزیر برائے موسمیاتی امور کرس بوون صدرِ مذاکرات تھے۔ اس عالمی اجتماع میں اقوام متحدہ کے ماحولیاتی معاہدے کے قریباً 200رکن ممالک کے نمائندوں، حکومتی سربراہوں، ماہرین ماحولیات، سائنس دانوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ کانفرنس کا بنیادی مقصد عالمی حدت میں اضافے کو روکنے، گرین ہائوس گیسوں کے اخراج میں کمی، فوسل فیولز پر انحصار بتدریج ختم کرنے، صاف توانائی کے فروغ اور موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ غریب ممالک کو مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل طے کرنا تھا۔
کانفرنس میں سب سے بڑا تنازع کوئلے، تیل اور گیس جیسے فوسل فیولز کے مستقبل پر سامنے آیا۔ حقیقت یہ ہے کہ صنعتی انقلاب کے بعد دنیا کی معاشی ترقی کا بڑا انحصار انہی ایندھنوں پر رہا ہے، لیکن ان کے استعمال سے خارج ہونے والی کاربن ڈائی آکسائیڈ اور دیگر مضر گیسیں عالمی درجہ حرارت میں اضافے کی بنیادی وجوہات ہیں۔ یورپی یونین اور متعدد ترقی پسند ممالک چاہتے تھے کہ حتمی معاہدے میں فوسل فیولز سے بتدریج نجات حاصل کرنے کا واضح اور قابلِ عمل منصوبہ شامل کیا جائے۔ دوسری جانب سعودی عرب اور تیل پیدا کرنے والے بعض دیگر ممالک اس حوالے سے کسی واضح پابندی یا مقررہ مدت کو قبول کرنے کے لیے تیار نہیں تھے۔ ان کا موقف تھا کہ عالمی معیشت مستقبل قریب میں بھی روایتی ایندھن کی محتاج رہے گی اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے تمام دستیاب ٹیکنالوجیز کو بروئے کار لانا چاہیے۔
اختلافات اس وقت شدت اختیار کر گئے جب ترکیہ اور آسٹریلیا کی مشترکہ قیادت میں تیار کردہ حتمی مسودے میں فوسل فیولز کا واضح ذکر شامل نہ کیا گیا۔ یورپی یونین سمیت متعدد ممالک نے اسے ناقص اور ناکافی قرار دے کر مسترد کر دیا۔ آئرلینڈ کے وزیر ماحولیات ڈیرگ اوبرائن نے واضح کیا کہ ایسے معاہدے کی حمایت ممکن نہیں جس میں عالمی حدت کی بنیادی وجہ بننے والے ایندھنوں کا ذکر تک نہ ہو۔ برطانیہ اور بعض دیگر ممالک نے بھی اس پر مایوسی کا اظہار کیا۔ دوسری طرف تیل پیدا کرنے والے ممالک اپنے معاشی مفادات اور توانائی کی ضروریات کے پیش نظر کسی ایسے فیصلے کے مخالف رہے جو ان کی صنعتوں اور معیشتوں کو متاثر کر سکتا تھا۔
کانفرنس کی ناکامی کی دوسری بڑی وجہ موسمیاتی مالی معاونت کا معاملہ تھا۔ ترقی پذیر اور غریب ممالک کا موقف تھا کہ عالمی آلودگی میں ان کا حصہ نسبتاً کم ہے، لیکن موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات کا سب سے زیادہ سامنا انہیں کرنا پڑ رہا ہے۔ پاکستان، بنگلہ دیش اور دیگر کمزور معیشتوں کے لیے سیلاب، خشک سالی، فصلوں کی تباہی، پانی کی قلت اور شدید موسمی حالات سے نمٹنا پہلے ہی ایک بڑا چیلنج ہے۔ ان ممالک کا مطالبہ تھا کہ ترقی یافتہ اور زیادہ آلودگی پیدا کرنے والے ممالک انہیں مالی وسائل، جدید ٹیکنالوجی اور موسمیاتی تحفظ کے منصوبوں میں عملی مدد فراہم کریں۔ حتمی مسودے میں موسمیاتی مالی معاونت بڑھانے کی بات تو موجود تھی، لیکن اس کے اہداف اور مالی وسائل کی بنیاد واضح نہیں تھی۔ چنانچہ غریب ممالک نے بھی اس پر تحفظات کا اظہار کیا۔
کانفرنس میں توانائی کے شعبے کو بجلی پر منتقل کرنے کی ترکیہ کی تجویز بھی قابلِ ذکر تھی۔ اس کے تحت 2035ء تک دنیا کی مجموعی حتمی توانائی کی کھپت میں بجلی کا حصہ موجودہ قریباً 23فیصد سے بڑھا کر 35فیصد کرنے کا ہدف تجویز کیا گیا تھا۔ اس کا مقصد صاف توانائی کے استعمال کو فروغ دینا، کاربن کے اخراج میں کمی اور توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانا تھا۔ تاہم اختلافات کی شدت کے باعث یہ تجویز بھی حتمی معاہدے کا حصہ نہ بن سکی۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ دو ہفتوں سے زیادہ جاری رہنے والے یہ مذاکرات مقررہ وقت سے مزید دو دن آگے بڑھ گئے اور COP کانفرنسوں کی تاریخ کا طویل ترین اجلاس بن گئے، لیکن اتنی طویل مشاورت بھی اتفاق رائے پیدا نہ کر سکی۔ ترکیہ کے صدرِ کانفرنس مراد کورم نے بالآخر اعلان کیا کہ اب کوئی نیا مسودہ پیش نہیں کیا جائے گا کیونکہ تمام ممکنہ کوششیں کی جا چکی ہیں۔ آسٹریلیا کے کرس بوون نے نتائج کو انتہائی مایوس کن قرار دیا جبکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی مذاکرات کی ناکامی پر گہری مایوسی کا اظہار کیا۔ ان کا پیغام واضح تھا کہ موسمیاتی بحران کے مقابلے میں دنیا مزید تاخیر کی متحمل نہیں ہو سکتی۔
یہاں سوال پیدا ہوتا ہے کہ آخر دنیا کب تک اپنے معاشی مفادات کی خاطر قدرتی ماحول کو تباہ کرتی رہے گی؟ کیا چند ممالک کی تیل اور گیس کی صنعتوں کا تحفظ پوری انسانیت کے مستقبل سے زیادہ اہم ہے؟ کیا ترقی یافتہ ممالک اپنی صنعتی ترقی کے نتیجے میں پیدا ہونے والی آلودگی کی ذمہ داری قبول کرنے کے لیے تیار نہیں؟ اور کیا غریب ممالک کو محض وعدوں اور اعلانات کے ذریعے موسمیاتی تباہی کا سامنا کرنے کے لیے تنہا چھوڑ دیا جائے گا؟
پاکستان کے لیے یہ صورتحال خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔ ہمارا ملک عالمی کاربن اخراج میں بہت کم حصہ ڈالنے کے باوجود موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ 2022ء کے تباہ کن سیلاب نے لاکھوں افراد کو متاثر کیا، بستیاں اجاڑیں،
فصلیں تباہ کیں اور معیشت کو شدید نقصان پہنچایا۔ اس کے علاوہ غیر معمولی گرمی، گلیشیئرز کے پگھلنے، پانی کی قلت، غیر متوقع بارشوں اور زرعی پیداوار میں کمی جیسے مسائل بھی مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ ایسے میں پاکستان کو عالمی سطح پر اپنے موسمیاتی مفادات کے لیے موثر سفارت کاری کرنا ہوگی۔ ترقی یافتہ ممالک سے مالی معاونت کے حصول کے ساتھ ساتھ اپنے وسائل سے شجرکاری، پانی کے ذخائر، سیلابی تحفظ، شمسی توانائی اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے منصوبوں کو بھی ترجیح دینا ہوگی۔
تاہم COP31کی ناکامی کو موسمیاتی تعاون کا اختتام نہیں سمجھنا چاہیے۔ یہ ضرور ہے کہ مرکزی سیاسی معاہدہ طے نہ پا سکا، لیکن عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلی کے خلاف جدوجہد کے امکانات ختم نہیں ہوئے۔ نوے سے زائد ممالک نے توانائی کی برقی منتقلی سے متعلق رضاکارانہ عہد کی حمایت کی، جو مستقبل کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ آئندہ مذاکرات میں فوسل فیولز سے بتدریج منتقلی کے لیے حقیقت پسندانہ اہداف، ترقی پذیر ممالک کے لیے قابلِ اعتماد مالی معاونت اور ان اہداف پر عمل درآمد کا مثر نظام تشکیل دیا جائے۔
دنیا کو یہ حقیقت تسلیم کرنا ہوگی کہ موسمیاتی تبدیلی کسی ایک ملک یا خطے کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری انسانیت کا مشترکہ امتحان ہے۔ اس جنگ میں نہ کوئی ملک تنہا کامیاب ہو سکتا ہے اور نہ ہی کوئی ملک اپنے آپ کو اس کے اثرات سے مکمل طور پر محفوظ رکھ سکتا ہے۔ اگر عالمی رہنما آج بھی اپنے معاشی مفادات اور سیاسی مصلحتوں کو ترجیح دیتے رہے تو آنے والی نسلیں انہیں معاف نہیں کریں گی۔ کانفرنسیں، تقاریر، وعدے اور اعلامیے اسی وقت بامعنی ہوں گے جب ان کے نتیجے میں عملی اقدامات سامنے آئیں گے۔ کرہ ارض کسی ایک ملک کی ملکیت نہیں، یہ ہم سب کا مشترکہ گھر ہے۔ اس گھر کو بچانے کے لیے اب اختلافات نہیں، اتفاقِ رائے اور دعوے نہیں، عملی اقدامات درکار ہیں۔ بصورت دیگر تاریخ ہمیں اس نسل کے طور پر یاد رکھے گی جس نے خطرے کو اپنی آنکھوں سے دیکھا، مگر اپنے مفادات کی خاطر اس کا مقابلہ کرنے سے گریز کیا۔




