تازہ ترینخبریںدلچسپ و حیرت انگیز

پاکستان میں حلال ڈیٹنگ ایپ پر پابندی کا مطالبہ کیوں؟

موز نامی حلال ڈیٹنگ ایپ نے پاکستان بھر میں اپنے نئے پوسٹرز اور سائن بورڈز آویزاں کیں لیکن ان بل بورڈز کے بعد اس ایپ پر پابندی کا مطالبہ سامنے آگیا ۔

موجودہ دور میں جہاں ڈیٹنگ ویب سائٹس اور ایپس میں اضافہ ہوا ہے وہیں پاکستان جیسے قدامت پسند معاشروں میں نوجوانوں کے لیے سماجی اصولوں اور توقعات کی وجہ سے مناسب میچ تلاش کرنا ایک چیلنج رہا ہے۔

موز کمپنی کے مطابق یہ ‘غیر شادی شدہ (سنگل) مسلمانوں کے ملنے’کی جگہ ہے جس کا طریقہ کار دیگر ڈیٹنگ ایپس کی طرح ہے جن پر صارفین خود کو رجسٹر کرتے ہیں اور صارفین ہی کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر انھیں ممکنہ پارٹنرز تجویز کیے جاتے ہیں۔

چونکہ اس کا مقصد مسلمان صارفین کو اپنے لیے ساتھی کی تلاش میں مدد فراہم کرنا ہے اسی لیے یہ ایپ صارفین کو اُن کی ذاتی اور مذہبی ترجیحات کے لحاظ سے رشتہ تجویز کرتی ہے۔ مثلا مذہب فرقہ، نماز کی ادائیگی یا نماز نہ ادا کرنا، شراب نوشی اور سگریٹ نوشی کی عادات وغیرہ۔

تاہم ڈیٹنگ ایپ موز کے نئے بل بورڈز کو جماعت اسلامی نے غیر اخلاقی قرار دے دیا، امیر جماعت اسلامی سندھ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ شہر بھر میں موز سمیت مختلف کمپنیوں کے لگائے گئے غیر اخلاقی بل بورڈز آئین پاکستان وقرآن وسنت سے متصادم اور اخلاق باختہ ہیں ان بل بورڈز کا نوٹس لیکر فوری طور پر ہٹایا جائے اور موز کی ویب سائٹ پر پابندی لگائی جائے۔

امیر جماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے ایک بیان میں کہا کہ مادر پدر آزادی کے نام پر شہر میں اخلاق باختہ بل بورڈ لگاکر نسل نو کو بے راہ روی کی طرف دھکیلا جارہا ہے جس کی وجہ سے آج ہمارا معاشرہ انارکی کا شکار ہے، آئے روز معصوم بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات بڑھتے جارہے ہیں جبکہ کم عمر بچیاں گھروں سے بھاگ کر کورٹ میرج کررہی ہے جس سے پورا معاشرہ انتشار اور بے راہ روی کا شکار ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا پرزور مطالبہ ہے کہ کراچی سمیت ملک کے تمام بڑے شہروں میں ایسے اخلاق باختہ اشہتارات پر پابندی،بل بورڈز کو ہٹایا جائے۔

موز کو پہلے مزمیچ کے نام سے لانچ کیا بعدازاں اس کا نام موز رکھ دیا گیا اس ایپ کو پاکستانی نژاد شہزاد یونس نے سنہ 2011 میں ویب سائٹ کے طور پر شروع کیا تھا۔ شہزاد پیشے کے لحاظ سے ایک بینکر تھے۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ دسمبر 2021 تک 50 لاکھ صارفین اس ایپ پر رجسٹر ہو چکے تھے جن میں سے ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ افراد کامیابی سے اپنا پارٹنر تلاش کر چکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button