تازہ ترینتحریکخبریںپاکستان

اپوزیشن کو سرپرائز دینے کے لئے حکومت کا تحریکِ عدم اعتماد کے سلسلے میں بڑا فیصلہ

وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت سیاسی کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں تحریکِ عدم اعتماد کے سلسلے میں بڑا فیصلہ کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں ارکانِ پارلیمنٹ کی سخت مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ حکومت کی جانب سے سویلین حساس اداروں کو ارکانِ پارلیمنٹ کی مانیٹرنگ کا حکم دے دیا گیا۔

ان حساس اداروں سے ارکانِ پارلیمنٹ کی لوکیشن، کال ڈیٹا اور نقل و حرکت کی مانیٹرنگ کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے سندھ ہاؤس کی بھی سخت مانیٹرنگ کی ہدایت کی ہے۔

اس سلسلے میں روزانہ کی بنیاد پر وزیرِ اعظم عمران خان کو رپورٹ دینے کی ہدایت بھی کی گئی۔

ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کو ممبرانِ اسمبلی کی مبینہ خرید و فروخت کی تمام تفصیلات پیش کر دی گئیں۔

سیاسی کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں قومی اسمبلی کا اجلاس 21 مارچ کو بلانے پر اتفاق کر لیا گیا تاہم ارکان نے حتمی فیصلے کا اختیار وزیرِ اعظم کو دے دیا۔

اجلاس میں قانونی ٹیم کی جانب سے تحریکِ عدم اعتماد اور قانونی پچیدگیوں پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔

وفاقی وزراء پرویز خٹک، اسد عمر، فواد چوہدری اور شفقت محمود کے علاوہ اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

قانونی ٹیم نے اجلاس میں اپوزیشن کی وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد اور قانونی پیچیدگیوں پر بریفنگ دی۔

اجلاس میں حکمراں جماعت پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف ارکان سے متعلق حکمتِ عملی بنائی گئی۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اتحادیوں سے معاملات پر حکومتی کمیٹی نے اجلاس کو بریفنگ بھی دی۔

ذرائع کے مطابق شرکاء نے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ارکان کی حاضری کا پتہ چل جائے گا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ شرکائے اجلاس نے بتایا کہ کچھ ارکان کی مسنگ کا پتہ چلا ہے، ان کےنام بھی سامنے آ جائیں گے۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے اس موقع پر منحرف ارکان کو راضی کرنے کا ٹاسک پرویز خٹک اور شاہ محمود قریشی کو دے دیا۔

ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ اتحادی ہمارے ساتھ ہیں، منحرف ارکان کو راضی کر لیں گے، اپوزیشن کو تحریکِ عدم اعتماد پر ناکامی سے دوچار ہونا پڑے گا۔

اجلاس کے شرکاء نے وزیرِ اعظم کو اتحادیوں سے ملاقاتوں کا مشورہ دیا، جس پر عمران خان نے کہا کہ اتحادیوں سے ملاقاتیں کی ہیں اور مزید بھی ہوں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button