پاکستان

ڈیرہ اسماعیل خان میں کسٹم انٹیلیجنس کی گاڑی پر فائرنگ، پانچ اہلکاروں سمیت سات افراد ہلاک

خیبر پحتونخوا کے جنوبی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے قریب سگو کے مقام پر نا معلوم افراد نے کسٹم انٹیلیجنس کے اہلکاروں پر فائرنگ کر دی جس میں پانچ کسٹم اہلکاروں سمیت 7 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

پولیس اہلکاروں نے بتایا کہ یہ واقعہ جمعرات کی سہہ پہر 4 بجے کے قریب پیش آیا ہے۔ کسٹم انٹیلی جنس کے اہلکار ڈیوٹی کے بعد درابن سے ڈیرہ اسماعیل خان کی جا رہے تھے جب مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

پولیس کے مطابق کسٹم انٹیلیجنش کی گاڑی مخالف سمت سے آنے والی دوسری گاڑی سے ٹکرا گئی ہے جس میں سوار ایک بچی اور ایک نوجوان بھی اس واقع میں ہلاک ہوئے ہیں۔ کسٹم انٹیلیجنس کی گاڑی میں پانچ اہلکار سوار تھے جو اس حملے میں ہلاک ہوئے ہیں۔ ان میں پولیس کے اہلکاروں نے بتایا کہ انٹیلیجنس افسر اسلام خان، اکبر زمان حوالدار، عنایت اللہ حوالدار، شہاب علی سپاہی اور افتخار عالم سپاہی شامل ہیں۔

درابن پولیس کے اہلکاروں نے بتایا کہ اس واقعہ کے بعد انسپکٹر اور دیگر حکام موقع پر پہنچ گئے ہیں جہاں تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ مسلح افراد اس کارروائی کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔ اس حملے کی زمہ داری تاحال کسی گروہ یا تنظیم کی جانب سے نہیں لی گئی۔

یہ واقعہ ڈیرہ اسماعیل خان درابن روڈ پر پیش آیا ہے اور اس روڈ پر اس سے پہلے بھی تشدد کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں۔ درابن میں گزشتہ سال دسمبر میں شدت پسندوں نے پولیس تھانے کے قریب سیکیورٹی فورسز کی کیمپ پر بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی تھی اور فائرنگ کی تھی جس سے میں حکام کے مطابق 23 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔ اس کے بعد اس علاقے میں چودھوان کے مقام پر ایک پولیس تھانے پر سنائپر گنز سے پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا تھا جس میں 10 پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے تھے یہ واقعہ اس سال فروری میں پیش آیا تھا۔

انسداد دہشت گردی کے محکمے کے مطابق گزشتہ سال اور اس سال اب تک تشدد کے سب سے زیادہ واقعات خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور اس کے مضافات میں پیش آئے ہیں۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور ان واقعے کی سخت الفاظ میںمذمت کی ہے اور اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکیا ہے۔ وزیر اعلی نے پولیس حکام کو واقعے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button