بلوچستان میں موسلا دھار بارش، گوادر ڈوب گیا
مغربی ہواؤں کا سلسلہ بلوچستان میں داخل ہوگیا جس کے باعث گوادر سمیت مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہورہی ہے۔ گوادر کے کئی علاقے ڈوب گئے اور پانی گھروں کے اندر بھی داخل ہو گیا۔ پی ڈی ایم اے کے جاری الرٹ کے مطابق صوبے کے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔
تفتان، نوکنڈی اور دالبندین سمیت پاک ایران اور پاک افغان سرحدی علاقوں میں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
گوادر میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کے باعث علاقے پانی میں ڈوب گئے ہیں، صورتحال انتہائی خراب ہے، اہم شاہراہوں پر پانی جمع ہو گیا ہے، فاضل چوک ، ملا بند روڈ سمیت دیگر مقامات پر سڑکوں اور گلیوں میں ہر طرف پانی ہی پانی ہے، پانی گھروں کے اندر بھی داخل ہو گیا، جبکہ تیز ہواؤں کے وجہ سے چھوٹی اور بڑی کشتیوں کو نقصانات پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، گوادر، کیچ، آواران، چاغی، خاران، پسنی ،اورماڑہ، لسبیلہ، خضدار، قلات، نوشکی، جھل مگسی، نصیر آباد، سبی، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، لورالائی، ہرنائی، زیارت، چمن اور قلعہ سیف اللہ سمیت دیگر علاقوں میں بھی برسات ہوئی۔
ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے عطا نیاز کے مطابق آج سے شروع ہونے والی بارشیں مزید تین دن جاری رہیں گی۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کا کہنا ہے کہ بارشوں سے متعلق الرٹ موجود تھا اس کے مطابق انتظامات کیے ہیں۔ اس وقت سب سے بڑا چیلنج نالوں کی صفائی اور ان پر قائم تجاوزات ہیں، ضلعی ٓحکومت کے ساتھ مل کر ہٹانے کے اقدامات کررہے ہیں