پاکستان

عوام کے تحفظ سے زیادہ فوج کا انتخابی عمل سے کوئی تعلق نہیں تھا

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے آرمی چیف عاصم منیرکی زیر صدارت 263ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا اعلامیہ جاری کیا کہ ’پاکستان کی مسلح افواج نے دیے گئے مینڈیٹ کے مطابق عام انتخابات 2024 کے انعقاد کے لیے عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا اور اس سے زیادہ افواج پاکستان کا انتخابی عمل سے کوئی تعلق نہیں تھا۔‘

کور کمانڈرز کے مطابق ’عام انتخابات میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے منڈیٹ کے مطابق تمام تر مشکلات کے باوجود محفوظ ماحول مُہیا کرنے پر فورم سول انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کی کوششوں کو سراہا۔‘

اعلامیے کے مطابق فورم نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ ’کچھ مخصوص مگر محدود سیاسی عناصر، سوشل میڈیا اور میڈیا کے کچھ سگمنٹس کی طرف سے مداخلت کے غیر مصدقہ الزامات کے ساتھ پاکستان کی مسلح افواج کو بدنام کر رہے ہیں، جو انتہائی قابل مذمت ہے۔‘

اعلامیے کے مطابق بدقسمتی کی بات یہ ہے کہ ’گڈ گورننس، معاشی بحالی، سیاسی استحکام اور عوامی فلاح و بہبود جیسے حقیقی مسائل پر توجہ مرکوز کرنے کی بجائے، ایسے مفاد پرست عناصر کی پوری توجہ اپنی ناکامیوں کوپس پشت ڈال کر سیاسی عدم استحکام اور غیر یقینی صورتحال پیدا کرنے پر مرکوز ہے۔

فورم نے اس بات پر زور دیا کہ ’غیر آئینی اور بے بنیاد سیاسی بیان بازی اور جذباتی اشتعال انگیزی کا سہارا لینے کے بجائے ثبوت کے ساتھ مناسب قانونی عمل کی پیروی کی جائے۔

فورم نے مرکز اور صوبوں میں اقتدار کی جمہوری انداز میں منتقلی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

کور کمانڈرز نے امید ظاہر کی کہ ’انتخابات کے بعد کا ماحول پاکستان میں سیاسی اور معاشی استحکام لائے گا، جس کے نتیجے میں امن اور خوشحالی آئے گی۔‘

فورم اس بات پر پختہ یقین رکھتا ہے کہ ’جمہوری استحکام ہی ملک کے لیے آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔‘

اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم پاکستان کے عزم کے مطابق، فورم نے اعادہ کیا کہ ’9 مئی کے منصوبہ سازوں، اشتعال دلانے والوں، حوصلہ افزائی کرنے والوں اور شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنے والوں اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو یقینی طور پر قانون اور آئین کی متعلقہ دفعات کے تحت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

اس سلسلے میں مسخ شدہ، ابہام اور غلط معلومات پھیلانے کی بدنیتی پر مبنی کوششیں بالکل بے سود ہیں، جو صرف مذموم سیاسی مفادات کے حصول کے لیے منظم مہم کا حصہ ہیں تاکہ نو مئی کی گھناؤنی سرگرمیوں پر پردہ ڈالا جا سکے۔

شرکا کانفرنس نے بعض مذموم عناصر کی جانب سے معاشرے میں مایوسی اور تقسیم ڈالنے کے لیے پھیلائی جانے والی منظم جھوٹی اور جعلی خبروں پر تشویش کا اظہا ر کیا۔

فورم نے پاکستان کے قابل فخرعوام پر زور دیا کہ ’وہ مثبت اور متحد رہیں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں دل و جان سے حصہ لیں۔‘

شرکا نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ’پاک فوج پائیدار استحکام، خوشحالی اور سلامتی کے سفر میں قوم کا دفاع اور خدمت ہر ممکن طریقے سے جاری رکھے گی۔‘

آرمی چیف نے فیلڈ کمانڈرز کو آپریشنز کے دوران پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاری اور حوصلہ افزائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے اور فارمیشنوں کی تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کے حصول پر زور دیا۔

فورم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ’عسکری قیادت چیلنجز اور خطرات سے پوری طرح باخبر ہے اور پاکستان کے عوام کی حمایت کے ساتھ اپنی آئینی ذمہ داریوں کو نبھانے کے لیے پرعزم ہے۔‘

فورم نے سکیورٹی خطرات سے نمٹنے اورسماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں حکومت کو مکمل تعاون فراہم کرنے کا اعادہ کیا۔ سمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، بجلی چوری، ون ڈاکومنٹ رجیم اور تمام غیر قانونی تارکین کی باعزت اور محفوظ وطن واپسی سمیت تمام غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے میں بھرپورمدد فراہم کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button