انتخابات

انتخابات 2024، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری دن

8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری دن ہے اب تک اہم سیاسی رہنماؤں سمیت سینکڑوں امیدوار جمع کرا چکے۔

انتخابات 2024 کے لیے انتخابی عمل کے پہلے مرحلے یعنی کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آخری دن ہے وقت کم اور مقابلہ سخت والی صورتحال میں آج صبح سے ہی امیدوار اپنے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرانے متعلقہ دفاتر پہنچ رہے ہیں۔

ملک کے چوٹی کے سیاستدانوں سمیت سیاسی و سماجی کارکن اور آزاد امیدوار بھی الیکشن میں حصہ لینے کے خواہاں ہیں اور گزشتہ روز سیکڑوں امیدواروں نے ملک بھر سے کاغذات جمع کرائے۔

عمران خان کے کاغذات نامزدگی لاہور کے حلقہ این اے 122 سے جمع کرا دیے گئے۔

کاغذات نامزدگی بانی پی ٹی آئی کے وکیل رائے علی اور عمر طالب نے آر او کو جمع کرائے۔

واضح رہے گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی کے حلقہ این اے 89 میانوالی سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے تھے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف، صدر نون لیگ شہباز شریف، مریم نواز، یوسف گیلانی، پرویز الہیٰ، مصطفیٰ کمال سمیت دیگر کئی قد آور سیاسی شخصیات نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔ سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار پنڈی سے قومی اسمبلی کی نشست پر آزاد حیثیت سے اپنے کاغذات جمع کرائے۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف لاہور کے این اے 130 سے میدان میں اتریں گے۔ ان کے چھوٹے بھائی شہباز شریف نے این اے 123 لاہور اور این اے 242 کراچی سے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔ حمزہ شہباز اور مریم نواز نے اکھاڑے میں اترنے کے لیے لاہور سے بالترتیب این اے 118 اور 119 کا انتخاب کیا ہے۔

ن لیگ کے رانا ثنا اللہ فیصل آباد کے حلقہ این اے 100 راجا ریاض این اے 104 میں قسمت آزمائیں گے۔ مسلم لیگ نون کے صوبائی صدر بشیر میمن مٹیاری سے پی پی کو ٹف ٹائم دینے کو تیار ہیں۔

پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی این اے 148 ملتان، قمر زمان کائرہ این اے 65 سے انتخابی دوڑ میں شامل ہوں گے۔

خورشید شاہ کی قسمت کا فیصلہ این اے 201 سکھر کے عوام کریں گے۔ سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سیہون کے عوام کی نمائندگی کرنے کے خواہشمند ہیں۔

چوہدری پرویز الہٰی نے این اے 59 تلہ گنگ سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ چوہدری شافع گجرات سے صوبائی اسمبلی کی نشست پر انتخاب لڑیں گے۔

سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان راولپنڈی کے حلقہ این اے 53 اور 54 بطور آزاد امیدوار فتح کرنے کیلیے پُرعزم ہیں۔

ایم کیو ایم پاکستان اسلام آباد کی تینوں نشستوں پر الیکشن لڑے گی۔ این اے 47 سے ندیم منصور نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔

مصطفی کمال این اے 247 کے علاوہ این اے 242 سے سابق وزیراعظم شہباز شریف کے مد مقابل الیکشن لڑیں گے۔ فاروق ستار این اے 240 سے منتخب ہونا چاہتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button