تازہ ترینخبریںپاکستان

پاکستان کو کالعدم ٹی ٹی پی کے جدید ہتھیاروں کے استعمال پر تشویش

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ ٹی ٹی پی کی طرف سے جدید ہتھیاروں کے استعمال پر تشویش ہے، پاکستان افغانستان سے ٹی ٹی پی کے بارے میں مؤثر اقدامات کی توقع کرتا ہے۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ اُمید کرتے ہیں افغانستان کی سرزمین پاکستان مخالف استعمال نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی انٹیلیجنس ایجنسی کی پاکستان میں دہشتگردی کی مالی معاونت پر تشویش ہے، بھارتی ایجنسی کی معاونت سے متعدد دہشت گرد گروپ پاکستان میں متحرک ہیں، آنے والے دنوں میں اس کی مزید تفصیلات دیں گے۔

 ترجمان کا کہنا ہے کہ افغانستان کی طرف سے ٹی ٹی پی کے خلاف کسی ایکشن اور اس کے مؤثر ہونے کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے، افغانستان سے ٹی ٹی پی کے بارے میں مؤثر اقدامات کی توقع کرتے ہیں۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ بھارت کا اغواء اور دہشت گردی کا نیٹ ورک پوری دنیا میں پھیلا ہوا ہے، پاکستان بھارتی معاونت سے دہشت گردی کا نشانہ رہا ہے، کلبھوشن اس بات کا ثبوت ہے، ہم سمجھتے ہیں پاکستان میں توہین مذہب کا قانون تمام مذاہب کے لیے ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان اچھے اور مضبوط تعلقات ہیں، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے امریکا سمیت تمام ممالک سے رابطے میں رہتے ہیں۔

دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے امیر کویت کے انتقال پر تعزیت کے لیے کویت کا دورہ کیا، انہوں نے امیر کویت کے انتقال پر حکومت اور پاکستانی عوام کی جانب سے اظہار تعزیت کیا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے وزیرِ خارجہ نے بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر خطوط لکھے، خطوط میں بھارت کے غیرقانونی زیرِ قبضہ کشمیر میں جاری بھارتی غیرقانونی اور یکطرفہ اقدامات سے آگاہ کیا، پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ نئی دلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کیے، پاکستان اور برونائی کے مابین دوطرفہ مشاورت اور تعاون کا ورچوئل افتتاحی دور منعقد ہوا، رواں ماہ پاکستان نے 366 ہندوؤں کو کٹاس راج میں مذہبی رسومات کے لیے ویزے جاری کیے، رواں سال 8 ہزار 644 بھارتی ہندو اور سکھ زائرین کو ویزے جاری کیے گئے، پاکستان ہندو اور سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتا ہے۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کو فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت پر شدید تشویش ہے، پاکستان غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی پُرزور مذمت کرتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button