Column

زندگی کا سفر

رفیع صحرائی
زندگی ایک سفر ہے۔ انسان اپنی پیدائش سے لے کر موت تک مسلسل سفر میں رہتا ہے۔ جب تک سانس چلتی رہتی ہے یہ سفر بھی جاری رہتا ہے یہ سفر کسی کا کم کسی کا زیادہ ہوتا ہے۔ کسی کا سفر اتنا طویل ہوتا ہے کہ وہ اپنی تیسری یا چوتھی نسل کو اپنے سامنے پھلتا پھولتا دیکھ لیتا ہے اور کسی کا سفر اتنا مختصر ہوتا ہے کہ بس چند سانسوں میں پورا ہو جاتا ہے۔ زندگی کا سفر طویل ہو یا مختصر اس کی منزل بہرحال موت ہی ہے۔ زندگی کو چند روزہ کہا گیا ہے۔ لگتا بھی ایسا ہی ہے۔ آپ سالوں پرانی باتوں کو یاد کریں، یوں لگتا ہے ابھی کل ہی کی بات ہو۔ پچاس یا ساٹھ برس کے کسی شخص کو پوچھ کر دیکھیں وہ یہی کہے گا کہ اتنا لمبا عرصہ گزرنے کا پتا بھی نہیں چلا۔
ہم نے سنا بھی ہے اور روزانہ دیکھتے بھی ہیں کہ زندگی بالکل عارضی چیز ہے۔ ہمارا ٹھکانہ یہاں صرف ایک مسافر کا سا ہے مگر ’’ دل ہے کہ مانتا نہیں‘‘ خواہشوں کے بے لگام گھوڑے نے ہمیں بے بس کر رکھا ہے۔ ہم میں سے اکثریت کی حرص ہے کہ ختم ہونے کا نام نہیں لیتی۔ لالچ ہے کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتا ہی چلا جاتا ہے۔ یہ آج کی بات نہیں ہے۔ شروع ہی سے یہ سلسلہ چلتا آ رہا ہے۔ ہمیں کھانے کو دو روٹیاں چاہیے ہوتی ہیں۔ وہ روٹیاں دال یا اچار کے ساتھ بھی کھائی جا سکتی ہیں مگر ہم نے مرغن اور پر تکلف کھانوں کو پہلی ترجیح بنا رکھا ہے۔ سادہ مکان میں بھی زندگی کے دن پورے کیے جا سکتے ہیں مگر جذبہِ مسابقت کے تحت پُرتعیّش رہائش گاہ کو ہم نے اپنے لیے لازم بنا لیا ہے۔ ہمارا مسئلہ یہ ہے کہ ہم نے تعیّشات کو ضرورت سمجھ لیا ہے اور لگژری لائف سٹائل اپنانے کے کریز میں مبتلا ہو کر ناجائز ذرائع آمدن کو بھی جائز سمجھنا شروع کر دیا ہے۔ ہم نے بُھلا ہی دیا ہے کہ جو کچھ یہاں کمائیں اور خرچ کریں گے اس کا آگے چل کر حساب بھی دینا ہے۔ ہم بے حساب کمائی کے خبط میں مبتلا ہو کر مشین کی طرح کماتے جاتے ہیں اور دولت کے انبار لگاتے چلے جا رہے ہیں۔ سانس جیسی بے وفا چیز دنیا میں اور کوئی نہیں ہے۔ ہماری کھڑی کی ہوئی ایمپائر، بے شمار دولت، کوٹھیاں، بنگلے اور کاریں یہیں رہ جائیں گی اور ہم چلے جائیں گے۔
’’ سب ٹھاٹ پڑا رہ جائے گا جب لاد چلے گا بنجارا‘‘
کفن میں کوئی جیب نہیں ہوتی، امیر غریب، بادشاہ، فقیر، سب کی قبر ایک جیسی اور ایک سائز کی ہوتی ہے۔ قبر کے اندر کا ماحول بھی یکساں ہوتا ہے۔ مٹی کا فرش، مٹی کی دیواریں، مٹی کی چھت، نہ پنکھے کی سہولت نہ اے سی کی ضرورت۔ لاکھوں، کروڑوں اور اربوں کی جائیدادیں ان وارثوں کے کام آتی ہیں جو کبھی بھولے سے بھی آپ کو یاد نہیں کریں گے۔ ہم کون سا اپنے بڑوں کو یاد کرتے اور ان کے لیے کچھ پڑھ کر ایصالِ ثواب کے لیے انہیں بخشتے ہیں جو اپنی آنے والی نسل سے اس کی امید رکھیں۔ البتہ اپنی نیک یا بد کمائی کا حساب ہمیں ہی دینا ہو گا۔ بابا فرید کیا خوب فرما گئے ہیں۔
فریدا! روٹی مَینڈی کاٹھ دی تے لاون مَینڈھی بُھکھ
جِنّہاں کھاہدیاں چوپڑیاں گھنے سہن گے دُکھ
( اے فرید میری روٹی لکڑی کی اور سالن بھوک ہے۔ جو چُپڑی ہوئی روٹیاں کھائیں گے انہیں اس کمائی کا حساب بھی دینا ہو گا جس کی وجہ سے وہ روغنی روٹی بنی ہو گی)
ہم دنیا میں مسافر ہیں۔ مسافروں کی طرح ہی رہیں تو ہمارے لیے آسانی ہو گی۔ اس دنیا میں بھی اور اگلے جہان میں بھی۔
ایک بادشاہ نے کسی بات پر خوش ہو کر ایک شخص کو یہ اختیار دیا کہ وہ سورج غروب ہونے تک جتنی زمین کا دائرہ مکمل کر لے گا، وہ زمین اس کو الاٹ کر دی جائے گی۔ اگر وہ دائرہ مکمل نہ کر سکا اور سورج غروب ہو گیا تو اسے کچھ نہیں ملے گا۔ یہ سن کر وہ شخص چل پڑا۔ چلتے چلتے ظہر ہوگئی تو اسے خیال آیا کہ اب واپسی کا چکر شروع کر دینا چاہیے، مگر پھر لالچ نے غلبہ پا لیا اور سوچا کہ تھوڑا سا اور آگے سے چکر کاٹ لوں۔ پھر واپسی کا خیال آیا تو سامنے کے خوبصورت پہاڑ کو دیکھ کر اس نے سوچا اس کو بھی اپنی جاگیر میں شامل کر لینا چاہئے۔ الغرض واپسی کا سفر کافی دیر سے شروع کیا۔ اب واپسی پر یوں لگتا تھا جیسے سورج نے اس کے ساتھ مسابقت شروع کر دی ہے۔ وہ جتنا تیز چلتا پتہ چلتا سورج بھی اُتنا جلدی ڈھل رہا ہے۔ عصر کے بعد تو سورج ڈھلنے کی بجائے لگتا تھا پِگھلنا شروع ہو گیا ہے۔ وہ شخص دوڑنا شروع ہو گیا کیونکہ اسے سب کچھ ہاتھ سے جاتا نطر آ رہا تھا۔ اب وہ اپنے لالچ کو کوس رہا تھا، مگر بہت دیر ہو چکی تھی۔ دوڑتے دوڑتے اس کا سینہ درد سے پھٹا جا رہا تھا، سانس دھونکنی کی طرح چل رہا تھا۔مگر وہ تھا کہ بس دوڑے جا رہا تھا۔ آخر سورج غروب ہوا تو وہ شخص اس طرح گرا کہ اس کا سر اس کے سٹارٹنگ پوائنٹ کو چھو رہا تھا اور پاں واپسی کے دائرے کو مکمل کر رہے تھے، یوں اس کی لاش نے دائرہ مکمل کر دیا۔ جس جگہ وہ گرا تھا اسی جگہ اس کی قبر بنائی گئی اور قبر پر کتبہ لگایا گیا، جس پر لکھا تھا۔
’’ اس شخص کی ضرورت بس اتنی سی جگہ تھی جتنی جگہ پر اس کی قبر ہے‘‘
آج ہمارے دائرے بھی بہت بڑے ہوگئے ہیں، چلئے واپسی کی سوچ سوچتے ہیں۔
اللہ پاک ہمیں موت سے پہلے موت کی تیاری کی توفیق نصیب فرمائے اور خاتمہ بالخیر فرمائے۔ آمین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button