تازہ ترینخبریںپاکستان

طوفان بیپر جوئے 350 کلومیٹر دور، کل پاک بھارت ساحلی علاقوں سے ٹکرائے گا

سمندری طوفان بیپر جوئے کراچی سے 350 کلومیٹر دور رہ گیا کل کیٹی بندر اور بھارتی گجرات سے گزرے گا شہر قائد سمیت ساحلی علاقوں میں اثرات نمودار ہونے لگے ہیں۔

بحیرہ عرب میں بننے والا طوفان بیپر جوئے پوری شدت کے ساتھ پاکستان اور بھارت کے ساحلی علاقوں کی جانب بڑھ رہا ہے اور اس کا فاصلہ کراچی سے صرف 350 کلومیٹر رہ گیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق سمندری طوفان کیٹی بندر سے 300 کلومیٹر اور ٹھٹھہ سے 360 کلومیٹر جنوب مغرب میں موجود ہے جو کل دوپہر شمال مشرق کیجانب کیٹی بندر اور بھارتی گجرات سے گزرے گا۔

بپھرا ہوا بپر جوائے جوں جوں ساحل کی طرف بڑھ رہا ہے، سمندر کے بپھرنے کے ساتھ ساتھ خوف بھی بڑھتا جا رہا ہے۔ طوفان کے مرکز اور اطراف میں اٹھنے والی 30 فٹ اونچی لہریں اور 170 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ہوائیں خطرے کی گھنٹی بجا رہی ہیں، سندھ کے اضلاع تھرپارکر، بدین، سجاول، ٹھٹھہ میں آندھی اور شدید بارشیں غضب ڈھا سکتی ہیں۔

طوفان کے اثرات گزشتہ شام سے ہی نمودار ہونا شروع ہوگئے تھے جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ شدید ہوتے جا رہے ہیں۔ گزشتہ شام سپر ہائی وے پر طوفانی ہواؤں نے گاڑیاں ہلا کررکھ دیں، کیٹی بندر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی جب کہ ساحلی پٹی سے لوگوں کی محفوظ مقامات پر نقل مکانی جاری ہے۔ طوفان کی آمد سے قبل بدین کے ساحل پر بھی ہلچل مچ گئی ہے۔

ڈائریکٹر سائیکلون وارننگ سینٹر نے جمعرات کو کراچی میں تیز آندھی اور طوفانی بارش کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابتدائی دو گھنٹے خطرناک ہو سکتے ہیں اور یہ بارش وقفے وقفے سے ہفتے تک جاری رہ سکتی ہے۔ کراچی کے ساحل پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، سی ویو اور اطراف میں پولیس کی نفری تعینات کر دی گئی ہے اور دو دریا اور ساحل کی طرف جانے والوں کو روکا جا رہا ہے زبردستی جانے والوں کو گرفتاری کی وارننگ دی گئی ہے۔

طوفان سے ٹھٹھہ کا شہر کیٹی بندر سب سے زیادہ خطرے میں ہے، ساحل پر تیز ہواؤں کے ساتھ سمندر کی لہریں اونچی ہو رہی ہیں۔ 13 ہزار افراد کومحفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے اور نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے۔ کھاروچھان شہر بھی خالی کرا لیا گیا ہے۔

بدین میں بھی طوفان کے اثرات نظر آنے لگے، زیرو پوائنٹ پر پانی کی سطح انتہائی بلند ہوگئی اور ہائی ٹائیڈ کی وجہ سے پانی زیرو پوائنٹ کے گھروں میں داخل ہوگیا ہے، ساحلی علاقے میں بارش کا سلسلہ صبح سے جاری ہے۔ پاک فوج کی نگرانی میں ساحلی دیہات خطرے کے پیش نظرخالی کرا لیے گئے ہیں۔ کراچی بدین شاہراہ پر مٹی کے طوفان سے آسمان بھی چھپ گیا۔

تھرپارکر میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے، گہرے بادل چھا گئے، گرد وغبار کا طوفان بھی آیا اور اندھیرا چھا گیا، اسلام کوٹ کے نواحی گاؤں میں تیز ہواؤں کی وجہ سے اسکول کا مین گیٹ گر گیا، لوہے کا گیٹ گرنے سے 8 سال کا بچہ قاسم جاں بحق ہو گیا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button