تازہ ترینخبریںپاکستان

آرمی چیف کا سی پیک منصوبے کے لیے مکمل تعاون کا اعلان

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کے لیے مکمل تعاون کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے چینی وزیر خارجہ کن گانگ سے ملاقات کی، جس میں باہمی دل چسپی اور علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں چینی وزیر خارجہ سے سی پیک اور دفاعی تعاون کے معاملات زیر غور آئے، آرمی چیف نے پاکستان چین اسٹریٹجک تعلقات پر عزم کا اعادہ کیا، اور سی پیک منصوبے کے لیے مکمل تعاون کا اعلان کیا۔

چینی وزیر خارجہ نے دونوں برادر اقوام کے درمیان طویل مدتی تزویراتی تعلقات کی اہمیت پر زور دیا، اور سی پیک پر پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا، چینی وزیر خارجہ نے سی پیک کی بر وقت تکمیل کے لیے چینی کمٹمنٹ کا بھی اظہار کیا

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے اہم جزو چین پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) منصوبے کے لیے مکمل حمایت کا یقین دلایا، آرمی چیف نے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر پاکستان کے لیے چین کی غیر متزلزل حمایت کو بھی سراہا، دونوں شخصیات نے خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا، آرمی چیف نے خطے میں امن و استحکام کے لیے چین کے کردار کو تسلیم کیا۔

دونوں جانب سے مشترکہ سیکیورٹی چیلنجوں کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے کے لیے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں اپنے موجودہ تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، ملاقات اس مثبت نوٹ پر اختتام پذیر ہوئی کہ دونوں جانب سے پاکستان اور چین کے درمیان ہر آزمائش پر پورا اترنے والی دوستی کو مزید مضبوط کیا جائے گا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button