تازہ ترینخبریںپاکستان

لاہور ہائیکورٹ کا وفاقی اور صوبائی حکومت کو عمران خان کیخلاف مقدمات کی تفصیلات آج ہی پیش کرنے کا حکم

لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی و صوبائی حکومت کو عمران خان کے خلاف مقدمات کی تفصیلات منظم شکل میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

منگل کے روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے پی ٹی آئی کی جانب سے عمران خان کے خلاف مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کے مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے وفاقی و صوبائی حکومت کو ہدایت کی ہے کہ ان کے خلاف تمام مقدمات کا چارٹ بنا کر پیش کیا جائے۔

سماعت کے آغاز پر پنجاب حکومت کے وکیل نے عمران خان کے خلاف مقدمات کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف پنجاب میں چھے مقدمات درج ہیں۔

وکیل پنجاب حکومت نے عدالت کو بتایا کہ دیگر قائدین اور کارکنان کے خلاف بھی مقدمات درج ہیں جو منظم شکل میں نہیں ہیں۔

جس پر عدالت نے پی ٹی آئی کے سربراہ اور دیگر رہنماؤں کے خلاف تمام درج مقدمات کا چارٹ بنا کر پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

سماعت کے دوران وفاقی حکومت کے وکیل نے بتایا کہ عمران خان ایف آئی اے کے ایک مقدمے میں نامزد ہیں۔ جبکہ ایک مقدمے میں ان کا نام نہیں ہے۔ وفاقی حکومت کے وکیل نے عدالت سے کہا اس ضمن میں دیگر تینوں صوبوں سے بھی تفصیلات مانگی ہیں۔

وفاقی حکومت کے وکیل کے مطابق تحریک انصاف کے لوگوں کے خلاف ایک فہرست میں 26 اور دوسری میں 28 مقدمات درج ہیں۔

سماعت کے دوران وکیل اظہر صدیق نے عدالت میں کہا کہ عمران خان جب لاہور ہائیکورٹ آئے تو کوئی بدامنی نہیں ہوئی۔ اسلام آباد عدالت میں پیشی کے موقع پر بدامنی ہو جاتی ہے۔

جس پر جسٹس طارق سلیم شیخ نے ریمارکس دیے کہ میرے پاس وہ ایشو نہیں ہے۔ابھی میں صرف یہ کیس دیکھ رہا ہوں۔

عدالت نے وفاقی حکومت کو ہدایت کی ہے کہ ان کے خلاف تمام مقدمات کی مکمل تفصیل منظم شکل میں آج ہی فراہم کریں۔

عدالت نے کیس کی سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کر دی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button