تازہ ترینخبریںپاکستان

توشہ خانہ کیس کا فیصلہ: الیکشن کمیشن کی سیکیورٹی سخت ، آنسو گیس کے شیل پہنچا دیے گئے

عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کے فیصلے کے پیش نظر الیکشن کمیشن کی سیکیورٹی سخت کردی گئی اور آنسو گیس کے شیل پہنچا دیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کے فیصلے کے موقع پر الیکشن کمیشن کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی۔

الیکشن کمیشن کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے رینجرز، ایف سی اور پولیس کی بھاری تعینات کردی گئی ہے۔

اسلام آباد انتظامیہ نے آنسو گیس کے شیل بڑی تعداد میں الیکشن کمیشن پہنچا دیے ہیں ، الیکشن کے باہر ممکنہ احتجاج کے پیش نظر آنسو گیس شیلز پہنچائے گئے۔

اس موقع پر الیکشن کمیشن میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند کردیا گیا ہے۔

گذشتہ روز الیکشن کمیشن نے اسلام آباد انتظامیہ سے سیکیورٹی مانگی تھی ، الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ فیصلے کے وقت پی ٹی آئی کارکنوں کے آنے کا خدشہ ہے، ریڈ زون اور الیکشن کمیشن کے اطراف اضافی نفری تعینات کی جائے۔

خیال رہے عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کا فیصلہ آج دوپہر دو بجے سنایا جائے گا، الیکشن کمیشن نے عمران خان سمیت فریقین کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے عمران خان کی نااہلی کیلئے توشہ خانہ ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوایا تھا ، الیکشن کمیشن کو بھیجے گئے ریفرنس میں عمران خان پر اپنے اثاثوں میں توشہ خانہ سے خریدے گئے تحائف اور ان کی فروخت سے حاصل رقم کی تفصیل چھپانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

عمران خان نے لگائے گئے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ریفرنس الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار میں ہے اور نہ وہاں قابل سماعت ہے ، یہ ریفرنس سیاسی مقاصد کے لیے بنایا گیا ہے۔

عمران خان نے الیکشن کمیشن کو جمع کرائے گئے اپنے جواب میں موقف اپنایا تھا کہ ریفرنس الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار میں ہے اور نہ وہاں قابل سماعت ہے ، چیئرمین پی ٹی آئی نے ۔ریفرنس کو اختیارات کا ناجائز استعمال اور آئینی اختیارات کی توہین قراردیا۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے انیس ستمبر کو توشہ خانہ ریفرنس پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button