Column

بے بسی کی انتہائوں پر معاشرہ

بے بسی کی انتہائوں پر معاشرہ
تحریر: خالد غورغشتی
ہمارے ملک کے ناگفتہ بہ حالات کسی سے ڈھکے چُھپے نہیں، ہر طرف مہنگائی اور غربت کا رُونا دُھونا ہے، آج کسی اعداد و شمار پر بات نہیں ہو گی بلکہ سماج کے اُس دُکھ پر بات ہوگی، جو ایک عرصہ سے عوام سہہ رہے ہیں۔ نہ جانے کتنے لاکھ ایسے افراد ہوں گے، جن کے گھر کئی کئی ماہ سے گوشت نہ پکا ہوگا، جن کے گھر پھلوں کو آئے رمضان گزر چکا ہوگا اور وہ اگلے ماہِ مُقدس کا انتظار کر رہے ہوں گے۔ اس قدر بے حسی کہ غُربت میں اردگرد کے لوگ تو رہے دور، اپنے سگے بھائی بھی خدائی سلام کرنے کو تیار نہیں ہوتے۔ اس وقت انتہا کی بے بسی ہوتی ہے، جب کسی گھر میں بیٹی جوان ہو اور اس کے لیے جہیز کا سامان میسر نہ ہو۔ اس کے ارمانوں کو پورا کرنے کے لیے قرضوں کا سہارا لے کر، اس کی زندگی بہتر بنانے کے لیے اپنی ساری عمر کی جمع پونجی دائو پر لگا دیتے ہیں۔
پھر یہی وہ والدین ہوتے ہیں، جو دن بھر محنت و مشقت کر کے رات کو گھر آتے ہیں تو کبھی کرایہ کے پیسے، بجلی اور گیس بل، تو کبھی گھر میں کھانے کو دانے نہیں ہوتے۔ باوجود محنت مشقت کے چولہا نہیں جلتا، باوجود کسب حلال، ان کا گزارہ نہیں ہوتا، ان کی زندگی مثل عذاب گزرتی ہے، وہ نہ چاہتے ہوئے بھی گھر والوں کی خاطر اپنا تن، من اور دھن لگا دیتے ہیں۔
اپنے اردگرد لوگوں کے حالات معلوم ہونے کے باوجود، لوگ نہ جانے کیسے صدقہ، خیرات اور زکوٰۃ جو حُکمِ خداوندی ہے، ایسے لوگوں کو دیتے ہیں، جو اس کے اہل نہیں ہوتے، خود ان کی یا ان کے والدین کی زندگی انہی مشقتوں سے معمور ہوتی ہے۔ کچھ عرصہ قبل جن کے گھر میں کھانے کو دانے نہ تھے، سہولت نام کی کوئی چیز نہ تھی، ٹوائلٹ نہ ہونے کے باعث وہ دور دراز کا سفر کرنے پر مجبور تھے۔ آج چند سکے آنے کے بعد وہ اپنے رشتے داروں سے یوں بیزار نظر آتے ہیں، جیسے وہ حالات کو جانتے ہی نہ ہوں۔ کبھی وہ مساجد کو دس لاکھ، کبھی مدرسے کو بیس لاکھ تو کبھی خیراتی ادارے کو پچاس لاکھ بھیج دیتے ہیں مگر قریبی رشتے دار جو دو وقت کی روٹی کے لیے ترس رہے ہوتے ہیں، فاقوں سے مرتے اور قرضوں کے بوجھ تلے دب چکے ہوتے ہیں؛ ان کا حال تک نہیں پُوچھتے۔ یاد رکھیں اپنے رشتے داروں کو زکوٰۃ دینا مصارف میں سے اولین ہے۔ جب اپنے ہی محروم ہیں تو باقیوں کو نوازنا سراسر احمقانہ پن ہے۔ اسلام میں مصارف زکوٰۃ اس لیے متعارف کرائے گئے کہ جو محروم طبقہ ہے؛ اس کا ازالہ ہوجائے اور وہ روٹی، کپڑا اور مکان کے لیے کسی کے آگے سوال نہ کریں۔ یاد رکھیں، پڑوس کے چالیس گھروں میں سے اگر کوئی بھوکا سویا تو اس کی پُوچھ گچھ صرف حکمرانوں سے نہیں، ہم سے بھی ہوگی۔
اس وقت ہمارے محروم طبقے کی کہیں بھی شُنوائی نہیں ہو رہی، نہ ہی ہمارا محروم طبقہ حق کی آواز بننے کے لیے تیار دکھائی دیتا ہے، بیک وقت ہم مَظلُوم بھی ہیں اور ظَالِم بھی۔ کہتے ہیں جب ظُلم حد سے بڑھ جائے تو انقلاب کی شکل اختیار کر لیتا ہے مگر یہاں تو ظُلم جتنا بڑھتا ہے اتنا ہی لوگ خاموش تماشائی بن جاتے ہیں۔ بلاشبہ اللّٰہ نے آج تک اُس قوم کی حالت نہیں بدلی؛ جسے اپنی حالت بدلنے کا خیال نہ آیا ہو، ایک طرف ہم حکمرانوں کو لَعن طَعن کرتے نہیں تھکتے تو دوسری طرف ایک دوسرے کو گراتے نہیں تھکتے۔
میرے سماج کا دُھندلا پن تو ذرا دیکھیے، دُور دُور تک حلال روزگار کے مُوقع میسر نہیں مگر پھر بھی ہم ایک دوسرے سے اس قدر بخیلی کرتے ہیں کہ رکشے والے کو بھی لکھنا پڑتا ہے؛ جلنے والے کا مُنہ کالا۔ کس قدر ظُلم کی انتہا ہے، جب ہم گرے ہوئے کو مزید گراتے ہیں۔ ہر بُرائی کو گلے سے لگاتے ہیں۔ جب غریب کا بیٹا نمازی بن جائے تو کہتے ہیں آج کل ( مسیت ہوگیا ہے) مطلب مسجد تک محدود ہوگیا، لگتا ہے؛ بالکل ہی حالات خراب ہوگئے ہیں۔
بات برائی کی ہو رہی ہے تو یہ حقیقت ہے کہ غلامانہ سماج میں ہر برائی کو گلے سے لگانے کی رِیت کافی پرانی ہے، غلامانہ سماج میں اکثر کھیل جُوا بن جاتے ہیں، لڑکے رکھنا کھیل کود، سیاسی جلسے تماشا، بچے بچیوں کی عزتیں نیلام کرنا معمول کا حصہ، حرام کھا کر دوسروں کو اس پر اُبھارنا کلچر، بیٹھکیں منشیات کے اڈے، ہوٹل برائیوں کا گڑھ، اولادیں نافرمان، والدین بے چین اور اساتذہ کی قدر بے وقعت ہو کر رہ جایا کرتی ہے۔ ہر برائی کو لوگ خوش آمدید کہتے اور ہر ظَالِم کو گلے لگاتے ہیں۔ وہاں نیت خراب، دل کا بہکانا، چھوٹے بڑوں کی عزتوں کا پامال ہونا معمول کی بات بن جاتی ہے۔ وہاں دین دار طبقے کا مذاق اُڑانا اور دین دار لوگوں کا دین سے پھر جانا عام سی بات ہو جایا کرتی ہے۔ قِصَہ کُوتاہ یہ کہ برائیاں پھیل جاتی ہیں اور اچھائیاں سِمٹنا شروع ہو جاتی ہیں۔

جواب دیں

Back to top button