عزم و ہمت کا پیکر زینب صدیق

عزم و ہمت کا پیکر زینب صدیق
تحریر: رفیع صحرائی
زندگی میں کامیابی اکثر اوقات آسان راستوں سے گزر کر نہیں ملتی۔ کبھی کبھی تو منزل تک پہنچنے کے لیے انسان کو بیک وقت کئی محاذوں پر جدوجہد کرنا پڑتی ہے۔ جب کامیابی کے سفر پر کوئی خاتون گامزن ہو اسے مردوں کی نسبت دوگنا مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ گھریلو ذمہ داریاں، بچوں کی پرورش، معاشرتی تقاضے، وقت کی کمی اور مشکلات کے پہاڑ بھی سامنے ہوں تو اپنے خوابوں کو زندہ رکھنا اور ان کی تعبیر کے لیے مسلسل کوشش کرتے رہنا غیر معمولی حوصلے کا کام ہے۔ لیکن تاریخ گواہ ہے کہ جن کے ارادے مضبوط، عزم پختہ اور نگاہیں منزل پر مرکوز ہوں، وہ بالآخر اپنی منزل پا ہی لیتے ہیں۔ زینب صدیق کی کامیابی اسی حقیقت کی ایک خوب صورت اور قابلِ فخر مثال ہے۔
تین بچوں کی ماں، بیوی اور گھریلو ذمہ داریاں نبھانے والی زینب صدیق نے جس طرح اپنی تعلیمی منزل حاصل کی ہے، وہ صرف ان کی ذاتی کامیابی نہیں بلکہ ہمارے معاشرے کی ان تمام خواتین کے لیے امید اور حوصلے کا پیغام ہے جو حالات کی سختیوں کے باعث اپنے خوابوں کو ادھورا چھوڑنے پر مجبور ہو جاتی ہیں۔ زینب نے ثابت کیا کہ شادی اور ماں بننا کسی خاتون کی تعلیمی ترقی اور پیشہ ورانہ کامیابی کے راستے بند نہیں کرتے، بشرطیکہ اس کے اندر آگے بڑھنے کا جذبہ اور خاندان کی طرف سے تعاون موجود ہو۔
زینب صدیق کا تعلیمی سفر بھی آسان نہیں تھا۔ 2013ء میں میٹرک کے امتحان سے فارغ ہونے کے بعد ان کی شادی ہو گئی اور وہ اسلام آباد سے گلیانہ منتقل ہو گئیں۔ عام طور پر ہمارے معاشرے میں شادی کے بعد لڑکی کی تعلیم کو ثانوی حیثیت دے دی جاتی ہے اور بچوں کی پیدائش کے بعد تو اکثر خواتین اپنے تعلیمی خوابوں سے مکمل طور پر دستبردار ہو جاتی ہیں، مگر زینب نے حالات کے سامنے ہتھیار ڈالنے کے بجائے تعلیم مکمل کرنے کے اپنے خواب کو زندہ رکھا۔
2016ء میں جب انہوں نے دوبارہ تعلیم کا آغاز کیا تو ان کی گود میں ایک نہیں، دو بچے تھے۔ ایک ڈھائی سال کی بیٹی اور دوسرا صرف چھ ماہ کا بیٹا۔ گھر کی ذمہ داریاں، بچوں کی دیکھ بھال اور کالج کی تعلیم بیک وقت جاری رکھنا کسی بڑے امتحان سے کم نہ تھا۔ صبح گھر کے کام نمٹانا، بچوں کی ضروریات پوری کرنا، کالج جانا اور پھر واپس آ کر رات گئے تک پڑھائی کرنا ان کا معمول بن گیا۔ لیکن محنت رنگ لائی اور انہوں نے فرسٹ ایئر میں اپنے کالج میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
یہ کامیابی ان کے لیے حوصلے کا باعث بنی۔ بعدازاں یونیورسٹی آف گجرات سے بی اے کے امتحان میں 800میں سے 605 نمبر حاصل کرکے پوری یونیورسٹی میں پہلی پوزیشن حاصل کرنا ان کی محنت، ذہانت اور مستقل مزاجی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس کے بعد قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد سے بی ایس سائیکالوجی اور پھر نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی ( نسٹ) اسلام آباد سے ایم ایس کلینیکل سائیکالوجی کی تکمیل اور گولڈ میڈل کا حصول ان کے تعلیمی سفر کا ایک اور قابلِ فخر سنگِ میل ہے۔
اس داستان کا سب سے متاثر کن پہلو یہ ہے کہ زینب نے یہ منزل تین بچوں کی پرورش کے ساتھ حاصل کی۔ دورانِ تعلیم ان کے تیسرے بیٹے محمد ابراہیم کی پیدائش ہوئی۔ ننھے بچے کو ساتھ لے کر یونیورسٹی جانا، کلاسز میں شرکت کرنا، انٹرن شپ مکمل کرنا اور تھیسس کے مراحل سے گزرنا یقیناً ایک غیر معمولی حوصلے کا تقاضا کرتا تھا۔ لیکن انہوں نے اپنی مشکلات کو اپنی کمزوری نہیں بننے دیا بلکہ انہیں اپنی کامیابی کی سیڑھی بنا لیا۔
یہاں زینب کے شوہر عزیزالرحمٰن کو خراجِ تحسین پیش کرنا بھی ضروری ہے۔ کسی شادی شدہ خاتون کی کامیابی کے پیچھے اگر اس کی اپنی محنت اور صلاحیت ہوتی ہے تو بعض اوقات ایک مخلص شریکِ حیات کا تعاون اس محنت کو منزل تک پہنچانے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ عزیزالرحمٰن نے محض زبانی حوصلہ افزائی پر اکتفا نہیں کیا بلکہ عملی طور پر اپنی اہلیہ کا ہاتھ بٹایا۔ بچوں کو اسکول کے لیے تیار کرنا، انہیں اسکول لے جانا، دودھ بنانا، پیمپر تبدیل کرنا، ان کی دیکھ بھال کرنا اور گھریلو ذمہ داریوں میں حصہ لینا انہوں نے اپنی ذمہ داری سمجھا۔
یہ رویہ قابلِ تحسین بھی ہے اور ہمارے معاشرے کے لیے ایک بہترین مثال بھی۔ افسوس کہ ہمارے ہاں اب بھی بعض لوگ بچوں کی پرورش اور گھریلو امور کو صرف خواتین کی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔ حالانکہ گھر صرف عورت یا مرد میں سے کسی ایک کی ذمہ داری نہیں بلکہ دونوں کی مشترکہ زندگی اور مشترکہ ذمہ داری کا نام ہے۔ عزیزالرحمٰن نے اپنی اہلیہ کو تعلیم حاصل کرنے کا بھرپور موقع فراہم کرکے ثابت کیا کہ حقیقی شریکِ حیات وہی ہے جو اپنے ساتھی کی صلاحیتوں کو پہچانے، اس کے خوابوں کی قدر کرے اور انہیں حقیقت بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ زینب کی کامیابی میں ان کا یہ تعاون یقیناً ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
زینب کی والدہ فرخ جبین، ان کے مرحوم سسر اسلم بھٹی، اساتذہ اور دیگر اہلِ خانہ کا کردار بھی قابلِ قدر ہے۔ خصوصاً ایک ریٹائرڈ ہیڈ ماسٹر کی حیثیت سے ان کے سسر نے تعلیم کی اہمیت کو سمجھا اور بہو کی حوصلہ افزائی کی۔ ایسے خاندان ہی معاشرے میں تعلیم، شعور اور ترقی کی بنیاد مضبوط کرتے ہیں۔
زینب صدیق نے کلینیکل سائیکالوجی کا انتخاب بھی ایک بامقصد سوچ کے تحت کیا ہے۔ ان کا ارادہ پاکستان کی خواتین کی ذہنی اور نفسیاتی صحت کی لیے کام کرنا ہے۔ ہمارے معاشرے میں بے شمار خواتین ذہنی دبائو، گھریلو پریشانیوں، جذباتی تنہائی، مایوسی اور عدم برداشت کا شکار ہیں، مگر سماجی رویوں اور آگاہی کی کمی کے باعث اپنے مسائل کسی سے بیان نہیں کر پاتیں۔ زینب چاہتی ہیں کہ وہ اپنے علم اور تجربے کے ذریعے ایسی خواتین کی رہنمائی کریں، انہیں ذہنی صحت کی اہمیت سمجھائیں اور ان کے لیے آسانیاں پیدا کریں۔ یہ ایک ایسا مقصد ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔
زینب صدیق کی داستان ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ خواب دیکھنا آسان ہے، مگر انہیں حقیقت میں بدلنے کے لیے ہمت، محنت، صبر اور مستقل مزاجی درکار ہوتی ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی کہ کسی خاتون کو آگے بڑھنے کا موقع دینا دراصل ایک پورے خاندان اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کو بہتر بنانے میں سرمایہ کاری کرنا ہے۔ آج زینب کے بچے اپنی ماں کو ایک گولڈ میڈلسٹ اور کامیاب ماہرِ نفسیات کے روپ میں دیکھ رہے ہیں۔ یقیناً یہ منظر ان کے لیے بھی زندگی بھر کا سبق ہوگا کہ محنت اور عزم کے سامنے کوئی رکاوٹ ناقابلِ عبور نہیں ہوتی۔
زینب صدیق اور عزیزالرحمٰن دونوں کو اس شاندار کامیابی پر دلی مبارک باد اور خراجِ تحسین۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ زینب کے علم و عمل میں برکت عطا فرمائے، انہیں اپنے پیشہ ورانہ میدان میں مزید کامیابیاں نصیب کرے، خواتین کی ذہنی صحت اور انسانیت کی خدمت کا ان کا خواب پورا فرمائے اور ان کے شوہر کو بھی اس نیک تعاون کا بہترین اجر عطا کرے۔
واقعی، منزلیں ہمیشہ راستہ دیکھنے والوں کو نہیں بلکہ حوصلہ کرکے سفر شروع کرنے اور مشکلات کے باوجود چلتے رہنے والوں کو ملا کرتی ہیں۔




