احساس کے منصور کو سولی پہ چڑھا دو

احساس کے منصور کو سولی پہ چڑھا دو
عبدالحنان راجہ
خلد بریں میں روح اقبال اہل پاکستان ہی نہیں امت کی زبوں حالی پر مضطرب و پریشاں ہو گی کہ قوم کا حال جلیل عالی کی زباں میں کچھ یوں !
کچھ اور مرے درد کے شعلوں کو ہوا دو
بے نور ہوئے داغ ، اندھیرا ہے ضیا دو
پیچھے غم و اندوہ کے فرعون کا لشکر
آگے الم و یاس کا دریا ہے عصا دو
اس شہر میں جینے کی ہے اب ایک ہی صورت
احساس کے منصور کو سولی پہ چڑھا دو
اس دور کا سقراط ہوں سچ بول رہا ہوں
کیا دیر ہے کیوں چپ ہو مجھے زہر پلا دو
دنیا میں کوئی ایسا شاعر، مفکر نہیں گزرا کہ جس کا پیغام آفاقی ، افکار نے جغرافیائی و تہذیبی سرحدیں پار کی ہوں اور ہر قوم کو فکری و نظریاتی توانائی بخشی ہو۔ رجب طیب اردگان ہوں یا شہید علی خامنہ ای، جرمن مستشرقین ہوں یا بنگلہ دیش کے نوجوان جذبوں میں حرارت حضرت اقبالؒ سے ہی لیتے ہیں۔ اقبالؒ نے برصغیر ہی نہیں دنیا کے ہر خطہ کو حریت، آزادی اور خودی سے متاثر کیا مگر حیف کہ پاکستانی قوم حضرت اقبالؒ سے متاثر نہ شیدائی۔ نوجوانوں کو اقبالؒ کے مقام و مرتبہ کا ادراک نہیں اور نہ انہوں نے کبھی کوشش کی۔
9نومبر کا تکلف بھی ان کے ہاں برطرف، تعلیمی نظام اور اس کے بنانے و چلانے والوں کے لیے اقبال زہر قاتل کہ اس سے سیاست و سیادت و موروثیت پہ آنچ آتی ہے۔ سو دور جدید کے اقبالوں نے اقبالؒ کے نام پر نیا فلسفہ گڑھا، اس پہ روح اقبال بے چین و مضطرب مگر مجلس ابلیس کے کردار اسے کامیابی سے چلاتے نظر آتے ہیں۔فرنگی سیاست و ملوکیت کے گٹھ جوڑ گہرا اور اب موروثیت ٹوٹتی دیکھ کر سبھی مضطرب و پریشاں۔
تری حریف ہے یارب سیاست افرنگ
مگر ہیں اس کے پجاری فقط امیر و رئیس
بنایا ایک ہی ابلیس آگ سے تُونے
بنائے خاک سے اس نے دو صد ہزار ابلیس
اقبالؒ کو خراج تحسین پیش کرنے کو انہی کے کلام اور افکار سے بہتر ہم جیسے کم مایہ عشاق اقبال کے پاس اور کچھ ہے نہیں۔ اہل سیاست ہوں یا اہل دستار سبھی اپنے افعال و اعمال سے اقبال ؒکے قطعہ کو درست ثابت کرنے پہ تلے ہیں۔ نوجوان طلبا اور نسل نو پر فہم اقبال کے دروازے کیوں بند کیے گئے؟ اس لیے کہ کہیں ابلیس کی مجلس شوریٰ کے فیصلے انہیں فرسودہ جاگیرادانہ و سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف بھڑکا نہ دیں۔
کون کر سکتا ہے اس کی آتش سوزاں کو سرد
جس کے ہنگاموں میں ہو ابلیس کا سوز دروں
اس میں کیا شک کہ ہمارے نظام جمہوریت اور طرز حکمرانی میں آتش سوزاں بھی ہے اور ابلیس کا سوز دروں بھی شامل۔ اسی لیے سیاست کے بندہ و محتاج و غنی سبھی ایک اور سٹیس کو کی تبدیلی کے خلاف درپردہ متحد۔
یہ ہماری سعی پیہم کی کرامت ہے کہ آج
صوفی و ملا ملوکیت کے بندے ہیں تمام
ہم نے خود شاہی کو پہنایا ہے جمہوری لباس
جب زرا آدم ہوا ہے، خود شناس و خود نگر
کیا مسلماں کے لیے کافی نہیں اس دَور میں
یہ الٰہیات کے ترشے ہُوئے لات و منات؟
تم اسے بیگانہ رکھّو عالمِ کردار سے
تا بساطِ زندگی میں اس کے سب مُہرے ہوں مات
مغربی ترقی اور تعلیم کے اثرات سے اقبالؒ نے دہائیوں قبل خبردار کیا کہ
خوش تو ہیں ہم بھی جوانوں کی ترقّی سے مگر
لبِ خنداں سے نکل جاتی ہے فریاد بھی ساتھ
ہم سمجھتے تھے کہ لائے گی فراغت تعلیم
کیا خبر تھی کہ چلا آئے گا الحاد بھی ساتھ
گھر میں پرویز کے شیریں تو ہوئی جلوہ نُما
لے کے آئی ہے مگر تیشہ فرہاد بھی ساتھ
قوم کو عہد ثانیہ کی یاد دلاتے ہوئے فرماتے ہیں:
اپنی ملت پر قیاس، اقوام مغرب سے نہ کر
خاص ہے ترکیب میں قوم رسول ہاشمی
تو کہیں مسلم امہ کے لیے یوں دست بدعا ہیں
یا رب دل مسلم کو وہ زندہ تمنا دے
جو قلب کو گرما دے، جو روح کو تڑپا دے
پھر وادی فاراں کے ہر ذرے کو چمکا دے
پھر ذوق تماشا دے پھر ذوق تقاضا دے
اقبالؒ نے اپنے کلام میں جا بجا فرنگیت کے جال اور چالوں سے متنبہ کیا
یہ علم یہ حکمت ، یہ تدبر، یہ حکومت
پیتے ہیں لہو دیتے ہیں تعلیم مساوات
بے کاری و عریانی و مے خواری و افلاس
کیا کم ہیں فرنگی مدنیت کی فتوحات
وہ قوم کہ فیضان سماوی سے ہو محروم
حد اس کے کمالات کی ہے برق و بخارات
صاحبان کردار و افکار کا اگر طاقت کے مراکز میں دخل ہو تو ان سے دست بستہ گزارش کہ تفہیم اقبال کو عام، کہ دم توڑتی اخلاقیات، مردہ ارواح، کا علاج اقبالؒ کو سمجھنے اور عمل میں ہے۔ اختتام اس آفاقی شعر پر کہ جسے اگر اس کی روح کے ساتھ سمجھ لیا جائے تو منزل قدموں میں
کی محمد سے وفا تو نے، تو ہم تیرے ہیں
یہ جہاں چیز ہے کیا ، لوح و قلم تیرے ہیں







