14گھنٹے کا منافع اور تپتی زمین کا نوحہ

14گھنٹے کا منافع اور تپتی زمین کا نوحہ
پیامبر
قادر خان یوسف زئی
کراچی والے کو گرمی کی خبر دینا مچھلی کو پانی کی خبر دینے جیسا ہے۔ دادو اور جیکب آباد میں ماہ مئی کو جب پارہ 51 ڈگری سینٹی گریڈ کو جا پہنچا۔ انہی دنوں کراچی میں لوگ دفتری عمارتوں کے باہر سوتے دکھائی دئیے۔ ہم نے پنکھے تیز کیے، بل بھرے اور بحث کو سیاست کی طرف موڑ دیا۔ اب ترکیہ کے شہر انطالیہ میں 9نومبر سے کوپ 31جاری ہے۔ دنیا بھر کے رہنما وہاں وہی کر رہے ہیں جو ہم کرتے ہیں۔ تقریریں۔ فرق بس اتنا ہے کہ ان کی تقریروں کے لیے ایئر کنڈیشنڈ ہال دستیاب ہیں۔
یہ بحران صرف قدرت کا غصہ نہیں، یہ ان فیصلوں کا حساب ہے جو طاقتور ملک اور فوسل ایندھن کی صنعت برسوں سے کرتی آئی ہے۔ موسم بدلے تو قدرت کو الزام دینا آسان ہوتا ہے، منافع کمانے والے کا نام لینا مشکل۔ جب تک ماحولیاتی انصاف کو خیرات اور کاربن کے اخراج کو کاروباری مجبوری مانا جاتا رہے گا، ایسے اجلاس تصویروں اور بیانات سے آگے نہیں بڑھیں گے۔ اس معاملے میں منافقت بھی کم نہیں۔ گزشتہ سال کوپ 30میں 80سے زائد ممالک فوسل ایندھن سے نکلنے کا روڈ میپ چاہتے تھے، مگر آخری گھڑی کی سودے بازی میں وہ متن سے نکل گیا۔ اس بار دوسرا سب سے بڑا اخراج کرنے والا ملک امریکا انطالیہ میں موجود ہی نہیں، اس دلیل کے ساتھ کہ پیرس معاہدہ غیر منصفانہ معاشی بوجھ ڈالتا ہے۔ یعنی جو سب سے زیادہ دھواں چھوڑتا ہے وہ بل میں حصہ ڈالنے سے انکاری ہے، اور جو سب سے پہلے ڈوب رہا ہے اس سے صبر کی توقع کی جاتی ہے۔ ہم اسے سفارت کاری کہتے ہیں۔
کوپرنیکس کلائمیٹ چینج سروس کے مطابق اکتوبر 2026ء ریکارڈ پر گرم ترین اکتوبر رہا، جو قبل از صنعتی دور سے 1.75 ڈگری زیادہ گرم تھا۔ ادارے کو قریباً یقین ہے کہ پورا سال 1.5ڈگری سے اوپر رہے گا، اور اندازہ 1.56سے 1.61ڈگری کے درمیان ہے۔ اکتوبر میں سمندروں کی سطح کا اوسط درجہ حرارت 20.95ڈگری رہا، جو اکتوبر کا نیا ریکارڈ ہے۔ عالمی موسمیاتی تنظیم کے مطابق 2023ء سے 2026ء تک کے چار سال ریکارڈ پر گرم ترین 4سال بننے جا رہے ہیں۔ اور پہلی بار عالمی ادارہ صحت نے ال نینو کے متوقع صحت اثرات کو ہیلتھ ایمرجنسی کا درجہ دیا ہے۔
امپیریل کالج لندن اور لندن اسکول آف ہائجین اینڈ ٹراپیکل میڈیسن کی تحقیق کا تخمینہ ہے کہ اس سال کی گرمیوں میں یورپ کے 854شہروں میں حرارت سے 50391اضافی اموات ہوئیں، اور ان میں سے 32619، یعنی 65فیصد، موسمیاتی تبدیلی کے کھاتے میں جاتی ہیں۔ نیپال میں 26اگست کو ایک گلیشیر اور پہاڑ کا حصہ ٹوٹ کر لہیندے کھولا میں آ گرا۔ ستمبر کے وسط تک نیپالی حکام 1386اموات اور 5130لاپتہ افراد کی تصدیق کر چکے تھے۔ انڈونیشیا میں سینٹر فار ریسرچ آن انرجی اینڈ کلین ایئر کے اندازے کے مطابق صرف ستمبر میں جنگلات کی آگ کے دھوئیں سے 3560جانیں گئیں۔ ان میں تخمینے بھی ہیں اور سرکاری اعداد بھی، مگر سب کا رخ ایک ہی طرف ہے۔
11نومبر کو انطالیہ میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے کہا کہ 9بڑی تیل کمپنیوں نے پچھلی سہ ماہی میں 95ارب ڈالر منافع کمایا، جبکہ نقصان و تلافی کے فنڈ کو قریباً 60کروڑ ڈالر ملے۔ ان کے بقول یہ رقم ان کمپنیوں نے لگ بھگ 14گھنٹوں میں کما لی۔ ذرا سوچیے۔ جن ملکوں کے گھر پانی میں بہہ رہے ہیں ان کی مدد کا فنڈ 9بڑی کمپنیوں کی ایک دن سے بھی کم کی کمائی کے برابر ہے۔ گلوبل کاربن بجٹ 2026کے مطابق فوسل ایندھن سے اخراج 0.4فیصد کم ہو کر 38.2ارب ٹن رہنے کا امکان ہے، مگر جنگلات کی کٹائی اور آگ سے زمینی استعمال کا اخراج 5.1ارب ٹن تک بڑھ رہا ہے، اس لیے کل اخراج 42.8سے بڑھ کر 43.3ارب ٹن ہو جائے گا۔ فضا میں کاربن ڈائی آکسائیڈ 427.7حصے فی ملین تک پہنچنے کا اندازہ ہے، جو قبل از صنعتی دور سے 54فیصد زیادہ ہے۔ اور 1.5ڈگری کی حد کے لیے باقی کاربن بجٹ 150ارب ٹن ہے، یعنی موجودہ رفتار سے 4سال سے بھی کم۔
توانائی کی طلب میں اضافے کا قریباً 2تہائی حصہ اب شمسی اور ہوائی توانائی اور برقی گاڑیاں پورا کر رہی ہیں، اور شمسی و ہوائی بجلی نے اس سال اندازاً 4.6ارب ٹن اخراج روکا ہے۔ چین، امریکا، یورپی یونین اور جاپان کے فوسل اخراج میں کمی کا اندازہ ہے۔ کثیر خطرات کے پیشگی انتباہی نظام اب 136ممالک میں ہیں، اور جن ملکوں کے نظام مضبوط ہیں وہاں آفات سے اموات 6.1گنا کم رہیں۔ اس سال اخراج میں کمی کا ایک بڑا سبب ایران جنگ اور آبنائے ہرمز کی بندش سے آنے والا تیل کا جھٹکا بتایا گیا ہے، جسے محققین وقتی کہتے ہیں۔ یعنی کمی کا کریڈٹ ہماری پالیسیوں کو کم اور جنگ کو زیادہ جاتا ہے۔ پھر 136میں سے صرف 64ممالک کے پاس چاروں ستونوں کی صلاحیت ہے۔ اور انطالیہ میں پیش کیا گیا ہدف، کہ 2035ء تک حتمی توانائی کی کھپت میں بجلی کا حصہ 35فیصد ہو، رضاکارانہ ہے اور اس میں یہ شرط بھی نہیں کہ بجلی صاف ذرائع سے آئے۔
گوتیرس کی بات کو تقریر سے نکال کر قانون بنایا جائے۔ تیل اور گیس کمپنیوں کے غیر معمولی منافع پر ٹیکس لگے اور رقم نقصان و تلافی کے فنڈ اور موافقتی منصوبوں کو ملے۔ اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کے مطابق ترقی پذیر ممالک کو 2035 ء تک سالانہ 305ارب ڈالر چاہئیں، جبکہ 2024ء میں بین الاقوامی عوامی موافقتی مالیات 28.2سے 31.7ارب ڈالر رہی۔ اسے تین گنا کرنے کا وعدہ پورا ہو بھی جائے تو ضرورت کا صرف 20سے 29فیصد پورا ہوگا۔ فوسل ایندھن سے مرحلہ وار نکلنے کا واضح اور تاریخ وار روڈ میپ انطالیہ میں دوبارہ میز پر رکھا جائے۔ اہم یہ کہ پاکستان امداد کا انتظار چھوڑ کر ہیٹ ایکشن پلان، پیشگی انتباہ، شہری منصوبہ بندی اور پانی کے ذخائر کو قومی سلامتی کا حصہ بنائے۔ جس شہر کے لوگ مئی میں دفتر کے باہر سو رہے ہوں، اسے ہر سال نیا بیان نہیں، نیا نظام چاہیے۔
بل میک کیبن برسوں سے سمجھا رہے ہیں کہ اصل مذاکرات انسان اور فزکس کے درمیان ہیں، اور فزکس مذاکرات نہیں کرتی۔ علامہ اقبالؒ نے مشین کے غلبے پر کہا تھا کہ ’’ ہے دل کے لیے موت مشینوں کی حکومت۔۔۔ احساسِ مروّت کو کچل دیتے ہیں آلات‘‘۔ آج وہی مشین بیلنس شیٹ ہے اور وہی مروّت نقصان و تلافی کا فنڈ۔ 14گھنٹے۔ اتنی دیر میں تیل کمپنیاں وہ رقم کما لیتی ہیں جو دنیا نے کمزور ملکوں کے فنڈ میں جمع کی۔ جب گھر جل رہا ہو تو کرایہ دار اور مالک مکان ایک ہی چھت کے نیچے راکھ ہوتے ہیں۔ سوال صرف یہ ہی کہ آگ بجھانے کی بات ہم کب کریں گے۔







