ColumnTajamul Hussain Hashmi

صوبوں کے معاملے پر سیاسی منظر نامہ

صوبوں کے معاملے پر سیاسی منظر نامہ

تحریر: تجمّل حسین ہاشمی

پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ ایک مرتبہ پھر سیاسی، انتظامی اور آئینی بحث کا اہم موضوع بن چکا ہے۔ ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی، جغرافیائی وسعت، انتظامی مشکلات اور مختلف علاقوں میں احساسِ محرومی نے اس بحث کو مزید اہم بنا دیا ہے۔ موجودہ انتظامی ڈھانچے میں عوام کو درپیش مشکلات کا پائیدار حل کیسے تلاش کیا جائے۔ پاکستان جیسے وسیع اور کثیر آبادی والے ملک میں اختیارات اور انتظامیہ کو عوام کے مسائل کا حل وقت کی ضرورت ہے۔ نئے صوبوں کا قیام مسائل کے حل کا ایک اہم راستہ ہو سکتا ہے ۔

کئی دہائیوں سے دیہاتی علاقوں کے عوام بنیادی سہولتوں کے حصول کے لیے مشکلات کا شکار ہیں۔ تعلیم اور صحت کی سہولتیں ناکافی ہیں، جس سے متعلق لیفٹیننٹ جنرل ( ر ) نگار جوہر نے ہسپتال اور صحت کے حوالے سے بریفنگ دی ہے، کہیں روزگار کے مواقع محدود ہیں اور کہیں سرکاری اداروں تک رسائی کے لیے شہریوں کو طویل سفر کرنا پڑتا ہے۔ بڑے صوبوں سے فاصلے کے باعث بعض اضلاع کی ضروریات اور مسائل حکومتی ترجیحات میں وہ اہمیت حاصل نہیں کر پاتے جس کی انہیں ضرورت ہے۔ ایسے حالات میں نئے صوبوں کا تصور محض سیاسی نعرہ نہیں بلکہ انتظامی اختیارات کی منصفانہ تقسیم سے جڑا ہوا معاملہ ہے۔

دنیا کے مختلف ممالک نے اپنی آبادی، جغرافیائی حالات اور انتظامی ضروریات کے مطابق صوبوں اور ریاستوں کی تعداد میں اضافہ کیا ہے۔ انڈونیشیا اس حوالے سے قابلِ توجہ مثال ہے۔ 1945ء میں آزادی حاصل کرنے والے اس ملک نے 1998ء کی سیاسی تبدیلی کے بعد اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کا عمل شروع کیا۔ انڈونیشیا میں صوبوں کی تعداد بڑھ کر 2022ء میں 38ہوگئی۔ اس انتظامی تبدیلی کا مقصد غیر ترقی یافتہ علاقوں کو حکومتی فیصلوں اور ترقیاتی منصوبوں میں نمائندگی دینا تھا۔ تاہم پاپوا کے بعض علاقوں میں نئے صوبوں کے قیام پر مقامی رضامندی اور اخراجات کے تحفظات بھی سامنے آئے۔

انتظامی تقسیم کے ساتھ عوامی شمولیت اور اختیارات کی حقیقی منتقلی بھی ضروری ہے۔ پاکستان میں بھی نئے صوبوں کی ضرورت کو اسی تناظر میں دیکھنا ہوگا۔ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی اپنی جغرافیائی، معاشی اور سماجی ضروریات ہیں۔ جنوبی پنجاب اور بہاولپور کے حوالے سے طویل عرصے سے الگ صوبے کے مطالبات سامنے آتے رہے ہیں۔ اسی طرح بلوچستان کے وسیع جغرافیے، سندھ کے شہری و دیہی انتظامی مسائل اور خیبر پختونخوا کی دور دراز علاقوں کی ضروریات بھی قابل ذکر ہیں، علاقوں کے مسائل حکومتی مرکز تک موثر انداز میں نہیں پہنچ رہے تو ان کی آواز کو سیاسی اختلاف کی بنیاد پر نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔ ہمارے ہاں نئے صوبوں کے معاملے پر سیاسی جماعتوں کے بیانات بھی ایک دلچسپ منظرنامہ پیش کر رہے ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنمائوں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور مصطفیٰ کمال نے نئے انتظامی صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور انتظامی ضروریات کے پیش نظر موجودہ نظام عوامی مسائل حل کرنے میں ناکافی ثابت ہو رہا ہے۔ مصطفیٰ کمال نے جولائی 2026ء میں کہا کہ نئے صوبوں کی جدوجہد آئینی اور قانونی دائرے میں جاری رہے گی، جبکہ حالیہ بیان میں انہوں نے دسمبر کو اس معاملے کے حوالے سے اہم قرار دیا اور ریفرنڈم کی بات بھی کی ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کا موقف ہے کہ انتظامی بنیادوں پر نئے صوبے وفاق کو کمزور نہیں بلکہ مضبوط کر سکتے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اس مطالبے کی مخالفت کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی میں واضح کیا کہ سندھ کی جغرافیائی وحدت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی 28اکتوبر 2026ء کو سندھ کی تقسیم سے متعلق بحث ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ سندھ کے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے ایم کیو ایم کے مطالبے کو سیاسی مایوسی سے تعبیر کیا۔ یہاں ایک اہم سوال ضرور پیدا ہوتا ہے کہ اگر جنوبی پنجاب کے الگ صوبے کی حمایت عوامی محرومیوں کا حل سمجھی جاتی ہے تو ملک کے دوسرے علاقوں میں انتظامی تقسیم کی بحث کو بھی یکساں اصولوں کے تحت کیوں نہیں دیکھا جاتا ؟، کسی صوبے کی تاریخی شناخت اور ثقافتی وحدت کا احترام اپنی جگہ، لیکن عوامی سہولتوں اور انتظامی اصلاحات پر بات کرنا بھی جمہوری حق ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے نئے صوبوں کے معاملے پر جلدبازی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ پہلے تمام سیاسی جماعتوں میں اتفاقِ رائے پیدا کیا جائے اور ایک کمیشن قائم کیا جائے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کے عامر ڈوگر نے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے اپنے دورِ حکومت میں قائم کیے گئے جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کو دوبارہ فعال کرنے کا مطالبہ کیا۔ پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی ماضی میں بھی جنوبی پنجاب صوبے کی حمایت کرتی رہی ہیں۔ مسلم لیگ ن کے وفاقی وزیر محمد رضا حیات ہراج نے بھی ٹی وی پروگرام میں نئے صوبوں کی حمایت کی ہے۔ مولانا فضل الرحمان بھی گرم ہیں، مولانا اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے رابطے کو بھی اسی تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔ صورتحال ظاہر کرتی ہے کہ سیاسی جماعتوں کے اندر بھی اس معاملے پر مکمل یکسانیت موجود نہیں۔

کیا نئے صوبوں کی حمایت یا مخالفت کا معیار عوامی ضرورت ہے یا سیاسی مفاد، یہ ایک غور طلب بات ہے ؟، اگر جنوبی پنجاب کے عوام کی انتظامی محرومیوں کو تسلیم کیا جاتا ہے تو دوسرے علاقوں کے مسائل پر بھی اسی سنجیدگی سے غور ہونا چاہیے۔ اسی طرح سندھ کی وحدت کے تحفظ کا مقف رکھنے والوں کو شہری اور دیہی علاقوں میں وسائل، اختیارات اور ترقیاتی منصوبوں کی منصفانہ تقسیم یقینی بنانے کے لیے بھی عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ صرف بیانات، قراردادوں اور سیاسی الزامات سے عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ البتہ نئے صوبوں کے قیام کے مالی پہلو کو بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ ہر نئے صوبے کے لیے اسمبلی، سیکرٹریٹ، انتظامی اداروں اور دیگر حکومتی ڈھانچوں کی ضرورت ہوگی۔ اس لیے آبادی، وسائل، آمدن اور اخراجات کا مکمل جائزہ لینا ضروری ہے۔ آئین کے آرٹیکل 239کے تحت صوبائی حدود میں تبدیلی کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی کی دو تہائی اکثریت سمیت آئینی تقاضے پورے کرنا لازم ہیں۔ یہ فیصلہ کسی ایک جماعت یا حکومت کی خواہش سے نہیں بلکہ پارلیمانی مشاورت اور قومی اتفاقِ رائے سے ہونا چاہیے۔

حکومت کو چاہیے کہ نئے صوبوں کے معاملے پر ایک غیرجانبدار قومی کمیشن قائم کرے جو آبادی، جغرافیے، وسائل، معاشی استعداد، انتظامی ضروریات اور عوامی رائے کی بنیاد پر سفارشات مرتب کرے، یقینا سفارشات مرتب کی گئی ہوں گی۔ پاکستان کو ایسے انتظامی ڈھانچے کی ضرورت ہے جو عوام کے مسائل کو ان کے دروازے پر حل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ نئے صوبے پاکستان کی ضرورت اور انتظامی اصلاحات کا ایک اہم راستہ بن سکتے ہیں۔ تاہم سیاسی جماعتوں کو یہ سمجھنا ہوگا کہ صوبوں کا قیام کسی جماعت کی انتخابی کامیابی یا سیاسی شکست کا معاملہ نہیں بلکہ کروڑوں شہریوں کے مستقبل سے جڑا ہوا فیصلہ ہے۔ پاکستان کی ترقی صرف بڑے شہروں اور صوبائی دارالحکومتوں تک محدود نہیں رہنی چاہیے۔ ہر علاقے کو وسائل، نمائندگی اور ترقی کے یکساں مواقع ملنے چاہئیں۔ سیاسی قیادت صوبوں کے معاملے کو انا، مخالفت اور اقتدار کی سیاست سے نکال کر قومی ضرورت کے طور پر دیکھے، کیونکہ مضبوط وفاق کے لیے مضبوط اور بااختیار انتظامی اکائیاں بھی ضروری ہیں۔ معاشی تھکن سے اب نجات ضروری ہے کئی عرصہ سے عوام اس نظام کے سامنے بے بس ہو چکی ہے ، صوبوں کے ساتھ احتسابی نظام کو سخت ہونا چاہے ، کرپشن اور احتسابی عمل کو مضبوط کیا جانا چاہے ، صوبوں کئی تشکیل کے بعد بھی اگر ایسی ہی صورت حال کا سامنا رہا تو پھر فیصلہ ساز ، سیاسی جماعتوں کے لئے سخت امتحان ہو گا۔

جواب دیں

Back to top button