نئے انتظامی یونٹس کا قیام

نئے انتظامی یونٹس کا قیام
تحریر: رانا اعجاز حسین چوہان
مملکت خداداد پاکستان کی آبادی پچیس کروڑ سے زیادہ ہے ، پنجاب میں 2023ء کی مردم شماری کے وقت تیرہ کروڑ سے زیادہ لوگ رہتے تھے ۔ دو لاکھ مربع کلومیٹر سے زیادہ رقبے پر پھیلے اس صوبے میں بڑے فیصلے ایک وزیراعلیٰ اور لاہور میں قائم صوبائی انتظامیہ کے تحت ہوتے ہیں۔ ان دنوں گڈ گورننس کے لئے پاکستان کے انتظامی نقشے میں تبدیلی کرکے صوبوں کی تعداد 4سے10یا 12کرنے کی تجویز زیرعمل ہے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی خاصے سرگرم ہیں۔ مارچ 2027ء کے پہلے ہفتے میں متوقع سینیٹ انتخابات سے قبل صوبوں کے معاملے پر پیش رفت ضروری قرار دی گئی ہے ۔ اگر پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی نے آئینی ترمیم کی حمایت نہ کی اور نئے صوبوں سے متعلق آئینی ترمیم کیلئے مطلوبہ حمایت حاصل نہ ہوئی تو معاملہ ریفرنڈم کیلئے پارلیمنٹ میں لایا جا سکتا ہے ۔ ذرائع کے مطابق ریفرنڈم کیلئے آئین کے آرٹیکل 48کی شق 6کے تحت طریقہ کار اپنانے کی تجویز ہے ۔ وزیر اعظم قومی اہمیت کے معاملے پر پارلیمنٹ سے ریفرنڈم کی اجازت حاصل کر سکتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام کی تجویز طرزِ حکمرانی بہتر بنانے ، انتظامی کارکردگی مضبوط کرنے اور ملک بھر میں ترقیاتی عمل کی زیادہ منصفانہ تقسیم یقینی بنانے کی کوشش کا حصہ ہے ۔ مجوزہ اقدام کا مقصد کسی مخصوص صوبے کو نشانہ بنانا یا کسی موجودہ صوبائی اکائی کی سیاسی یا انتظامی حیثیت کمزور کرنا نہیں، بلکہ اس تجویز کی بنیادی دلیل یہ ہے کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی آبادی، انتظامی مسائل اور غیر مساوی ترقی کے تقاضے طرزِ حکمرانی کے لیے ایک نئے طریقہ کار کے متقاضی ہیں۔ اس تجویز کے پس منظر میں موجود سوچ کے مطابق بنیادی مقصد حکومت کو عام شہریوں کے زیادہ قریب لانا، عوامی خدمات تک رسائی بہتر بنانا، انتظامیہ کو زیادہ جواب دہ اور عوامی ضروریات کے مطابق بنانا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں اور وسائل سے ملک کے مختلف علاقوں کے لوگوں کو فائدہ پہنچے ۔ مجوزہ انتظامی ڈھانچے کے تحت پنجاب کو چار صوبوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کو تین تین صوبوں میں، جبکہ سندھ کو دو صوبوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے ۔ اس طرح صوبوں کی مجموعی تعداد موجودہ چار سے بڑھ کر12ہو جائے گی۔ اس تجویز کے حامیوں کا خیال ہے کہ چھوٹی انتظامی اکائیاں حکومتوں کے لیے مقامی ترجیحات کی نشاندہی، سرکاری شعبے کی کارکردگی کی نگرانی، عوامی خدمات کی فراہمی میں موجود خامیوں کو دور کرنے اور شہریوں کے روزمرہ مسائل کا زیادہ موثر انداز میں جواب دینے کو آسان بنا سکتی ہیں۔
بلاشبہ پاکستان کی آبادی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، اور آبادی بڑھنے کے ساتھ تعلیم، صحت، روزگار، ٹرانسپورٹ اور دیگر بنیادی سہولیات کی ضرورت بھی بڑھتی جا رہی ہے ۔ ایسے حالات میں یہ سوال اہمیت اختیار کر جاتا ہے کہ کیا موجودہ حکومتی ڈھانچہ عوام کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ہے ؟ اسی تناظر میں پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کی بحث اہم ہو جاتی ہی ۔ یہ محض سیاسی نقشے میں تبدیلی کا معاملہ نہیں بلکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے ، وسائل کی منصفانہ تقسیم یقینی بنانے اور حکومتی اداروں کو عوام کے قریب لانے کا ایک ممکنہ ذریعہ بھی ہے۔ جب ایک ہی حکومتی مرکز کو لاکھوں بلکہ کروڑوں افراد کی ضروریات پوری کرنا ہوں تو فیصلوں میں تاخیر اور وسائل کی غیر مساوی تقسیم کا امکان بڑھ جاتا ہے ۔ بعض علاقوں کو ترقیاتی منصوبوں اور عوامی خدمات تک نسبتاً بہتر رسائی حاصل ہوتی ہے جبکہ دوسرے علاقوں کے شہری معمولی مسائل کے حل کے لیے بھی طویل انتظار کرتے ہیں۔ یہ صورت حال اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ ملک کے انتظامی نظام کو بدلتے ہوئے حالات کے مطابق بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ تاہم یہ بات سمجھنا ضروری ہے کہ صرف نئی سرحدیں قائم کر دینے سے تمام مسائل حل نہیں ہوں گے ۔ کامیابی کے لیے موثر ادارے ، اہل انتظامیہ، مناسب مالی وسائل اور شفاف نگرانی بھی ضروری ہیں۔ تعلیم اور صحت کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہیں، پاکستان میں ان دونوں شعبوں کو کئی مشکلات کا سامنا ہے ۔ متعدد علاقوں میں اسکولوں کی کمی، تربیت یافتہ اساتذہ کی عدم دستیابی، طبی سہولیات کا فقدان اور ہسپتالوں پر بڑھتا ہوا دبائو عام مسائل ہیں۔ نئے صوبوں کے قیام سے ان شعبوں کی منصوبہ بندی مقامی ضروریات کے مطابق کرنے کے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔
پاکستان کے مستقبل کا انحصار صرف اس بات پر نہیں کہ ملک میں کتنے صوبے ہوں گے بلکہ اس پر ہے کہ حکومتی نظام عوام کی ضروریات پوری کرنے میں کس حد تک کامیاب ہوتا ہے ۔ نئے صوبوں کا قیام اس وقت فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے جب اس کے نتیجے میں تعلیم، صحت، روزگار، بنیادی ڈھانچے اور عوامی خدمات میں حقیقی بہتری آئے ۔ اس مقصد کے لیے ضروری ہے کہ نئے صوبوں کے بارے میں فیصلے جذباتی نعروں یا سیاسی مفادات کے بجائے تحقیق، مشاورت اور زمینی حقائق کی بنیاد پر کیے جائیں۔ ہر علاقے کی ضروریات کا جائزہ لیا جائے ، مالی امکانات کو سمجھا جائے اور ایسے انتظامی ڈھانچے تشکیل دئیے جائیں جو طویل مدت تک موثر انداز میں کام کر سکیں۔ حکومت کو یہ بھی یقینی بنانا ہوگا کہ نئے صوبوں کے قیام سے قومی یکجہتی متاثر نہ ہو، بلکہ مختلف علاقوں کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم ہوں ۔ اگر نئے صوبوں کا قیام واضح منصوبہ بندی، مناسب مالی وسائل، مضبوط اداروں اور عوامی مشاورت کے تحت عمل میں لایا جائے تو یہ پاکستان میں ترقی اور بہتر طرزِ حکمرانی کی جانب ایک مثبت قدم ثابت ہو سکتا ہے ۔ اس کے علاوہ بلدیاتی اداروں کو مالی وسائل، واضح اختیارات اور مناسب انتظامی معاونت فراہم کرنا بھی ضروری ہے تاکہ وہ مقامی سطح پر پانی، صفائی، سڑکوں، نکاسی آب اور دیگر بنیادی سہولیات کے مسائل حل کر سکیں۔ اس کے ساتھ شہریوں کو یہ حق بھی حاصل ہونا چاہیے کہ وہ اپنے منتخب نمائندوں سے سوال کر سکیں اور سرکاری منصوبوں کی کارکردگی و اخراجات کا جائزہ لے سکیں۔ شفافیت اور جواب دہی کا مضبوط نظام ہی عوام کے اعتماد میں اضافہ کر سکتا ہے ۔ اس وقت ملکی خزانہ جو پہلے ہی کھربوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے اور حکمران سودی قرضوں پر قرضے لے کر ان میں دن رات مزید اضافہ کرتے چلے جا رہے ہیں، اس کیفیت میں جب چار کے بجائے درجن بھر صوبے وجود میں آ جائیں گے اور اسی قدر بڑی تعداد میں گورنر، وزرائے اعلیٰ ان کی کابینہ، صوبائی اسمبلیاں اور اشرافیہ کے ارکان، سیکرٹریز، پولیس حکام اور دیگر محکموں کے سربراہان کی شکل میں وجود پذیر ہوں گے تو ان کے اخراجات، ان کے لیے اسٹاف اور دفاتر و مراعات کے لیے پناہ وسائل درکار ہوں، لہٰذا ضروری ہے کہ حکومتی سطح پر کفایت شعاری کی روش اپنائی جائے، اور افسر شاہی کو عوام کا خادم بنایا جائے۔





