ColumnImtiaz Aasi

پی ٹی آئی کے خلاف حکومت کی کامیاب حکمت عملی

پی ٹی آئی کے خلاف حکومت کی کامیاب حکمت عملی
نقارہ خلق
امتیاز عاصی
سیاسی تحریکوں کی کامیابی قیادت سے عبارت ہے۔ سیاسی جماعتوں کے ورکرز کے ساتھ جب تک لیڈرشپ نہ ہو کوئی تحریک کامیابی سے ہمکنار نہیں ہو سکتی۔ اگر ہم ماضی کی طرف دیکھیں تو ذوالفقار علی بھٹو نے ایوب خان کے خلاف تحریک چلائی، جس کے نتیجہ میں ایوب خان کو اقتدار چھوڑنا پڑا۔ پیپلز پارٹی کی تحریک اسی صورت میں کامیاب ہوئی بھٹو پارٹی ورکرز کے ساتھ تھے۔ چنانچہ جب مذہبی جماعتوں نے بھٹو کے خلاف تحریک چلائی تو تمام مذہبی جماعتوں کی لیڈرشپ سڑکوں پر تھی۔ تحریک انصاف کے ساتھ بھی کچھ اسی طرح کا معاملہ ہوا ہے، بانی پی ٹی آئی کی بہن نے ایک بیان کیا دیا ملاقاتوں کا سلسلہ بند کر دیا گیا۔ یہاں تک کہ وکلا ء کو بھی اب کئی ماہ بعد اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر ملاقات کی اجازت دی گئی ہے۔ پی ٹی آئی جو اس وقت ملک کی تمام سیاسی جماعتوں میں عوام کی مقبول ترین جماعت ہے، پارٹی قیادت کے فقدان سے اس کے پر کٹے ہوئے ہیں۔ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا المیہ ہے ایک سابق وزیراعظم کو سزائے موت کا قیدی نہ ہونے کے باوجود موت کی سزا پانے والے قیدیوں کے سیلوں میں رکھا ہوا ہے، جس کے چاروں اطراف بلند و بالا دیوار اور اندر جانے کا ایک ہی راستہ ہے جس پر قفل ہے۔ ہاں البتہ یہ ضرور ہے بانی کے سیلوں کے باہر ایک لان چہل قدمی کے لئے ہے، جہاں پرندوں کے چہچانے کی آوازیں سنائی دیتی ہیں۔ قیدی اور جیل ملازمین بانی پی ٹی آئی کے سیلوں کے قریب نہیں جا سکتے۔ اس سے قبل سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بھی وہیں رکھا گیا تھا، تاہم ان کی قید و بند کا عرصہ بہت مختصر تھا۔ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ کیوں کامیاب نہیں ہو سکا اس کی سب سے بڑی وجہ قیادت کے فقدان اور پارٹی میں لانگ مارچ پر عدم اتفاق تھا۔ پی ٹی آئی کے ایک سابق وزیر شوکت یوسف زئی لانگ مارچ کے حق میں نہیں تھے۔ سہیل آفریدی نے خوب ڈرامہ کیا، وہ لانگ مارچ جو اسلام آباد آنا
تھا، اپنے صوبے کے مختلف شہروں میں گھومتا کہیں گم ہو گیا۔ بظاہر بانی کی ملاقاتوں پر پابندی کی وجہ پریس کانفرنس ہی ٹھہری، حالانکہ کسی قیدی سے ملاقات کے بعد کوئی اخباری بیان دے دے تو کون سی قیامت برپا ہو جاتی ۔ عمران خان کے جیل جانے کی دیر تھی، وہ لوگ جو بانی کے بہت قریبی جانے جاتے تھے چند روز میں تتربتر ہو گئے۔ پارٹی کے وہ لوگ جو وزارتوں کے مزے لوٹتے رہے چند ماہ بھی پارٹی کے ساتھ نہیں ٹھہر سکے، اس کی برعکس کوٹ لکھپت جیل میں قید و بند میں رہنے والے پارٹی رہنمائوں میں خاص طور پر محترمہ ڈاکٹر یاسمین راشد کے عزم اور حوصلے کو داد دینی چاہیے، ایک خاتون ہوتے ہوئے بھی ان کے قدم نہیں ڈگمگائے، اور علالت کے باوجود اسیری کے ایام گزار رہی ہیں۔ ان کے ساتھ اعجاز چودھری جو کبھی جماعت اسلامی سے منسلک تھے، ان کے حوصلے کی بھی داد دینی چاہیے، علالت کے باوجود معافی نامے کی طرف نہیں آئے۔ شاہ محمود بھی خان کے جاں نثار نکلے۔ حال ہی میں عمران خان نے اپنے وکیل سلمان صفدر کی وساطت سے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط بھیجا ہے، جس پر مختلف حلقوں اور خصوصا حکومتی وزراء کے تبصروں افسوس ہوا ہے ۔ ایک وفاقی وزیر نے بانی پی ٹی آئی کے خط کو این آر او سے تشبیہ دی ہے جبکہ بعض طالع آزماء اسے رہائی کی درخواست قرار دے رہے ہیں، حالانکہ خط میں کہیں این آر او کا ذکر نہیں کنہ ہی خط کے مندرجات سے یہ کہا جا سکتا ہے کہ عمران خان نے رہائی کی بھیک مانگی ہے۔ عمران خان نے واضح طور پر اپنے اور اہلیہ کے علاج معالجہ اور اپنے مقدمات اور اپیلوں کی سماعت کرنے کی اپیل کی ہے، جو نہ جانے کن وجوہ کی بنا پر سماعت کی بجائے زیر التواء ہیں۔ تعجب ہے وکلا ء کے ایک حلقے نے عمران خان کے خط کو اہمیت نہ دیتے ہوئے کہا ہے اسے ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا جائے گا حالانکہ جب کوئی قیدی جیل سے عدالت کو خط لکھتا ہے تو عام طور پر عدالتیں اس کا فوری نوٹس لے لیتی ہیں ۔ یہ علیحدہ بات ہے عمران خان بعض حلقوں کے نزدیک ناقابل قبول سیاست دان ہیں ورنہ یہ کوئی بات نہیں عدالت کسی قیدی کے خط کو اہمیت نہ دیں۔ عام طور جیلوں سے ایسے قیدی عدالتوں کو خط تحریر کر دیتے ہیں جن کے پاس وکلا ء کی سہولت نہیں ہوتی یا اگر کوئی قیدی جیل سے متعلق کوئی شکایت کرے تو عدالتیں فوری نوٹس لے لیتی ہیں۔ اس حقیقت میں کوئی شک نہیں بانی پی ٹی آئی عوام کی جنگ تن تنہا لڑ رہا ہے جبکہ سیاسی جماعتوں کے وہ رہنما جو ہمیشہ طاقت ور حلقوں کے پروردہ ہوتے ہیں ان کی دیرینہ خواہش ہے وہ عمر بھر جیل میں رہے تاکہ وہ اقتدار کے مزے لوٹتے رہیں۔ دنیا کی سیاسی تاریخ میں کبھی نہیں ہوا اگر کسی سیاسی رہنما نے عوام کی جنگ لڑی ہو تو اسے کامیابی نہ ہوئی ہے لہذا عمران خان کا معاملہ بھی اسی نوعیت کا ہے وہ ایک دن سرخرو ہو کر نکلے گا۔ آپ دیکھیں لیں نیلسن مینڈیلا برسوں قید و بند میں رہا، ایک دن وہ سرخرو ہو کر نکلا۔ حضرت آیت اللہ خمینی کئی برس تک بیرون ملک جلاوطن رہنی کے بعد وطن واپس لوٹے تو لاکھوں افراد ان کے استقبال کے لئے تہران کے ہوائی اڈے پر موجود تھے۔ یہ بھی دنیا میں واحد مثال ہے ایران کے عوام ان کی کار کو اٹھا کر ہوائی اڈے سے باہر لے آئے ۔ پاکستان کی تاریخ میں ذوالفقار علی بھٹو بہت پاپولر لیڈر تھا لیکن بانی پی ٹی آئی بھٹو سے کئی درجے آگے ہے۔ یہ تو فارم 47 کر شمہ تھا شکست خوردہ لوگوں کو اقتدار دے دیا گیا ، ورنہ شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن ہوتا تو مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہو جاتیں۔ ہم یہ تو نہیں کہتے عمران خان کے لئے عوام سڑکوں پر آئیں گے البتہ شفاف انتخابات ہونے کی صورت میں عوام پی ٹی آئی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں گے۔ ہم پی ٹی آئی کے خلاف حکومت کی حکمت عملی کی بات کر رہے تھے۔ گو وقتی طور پر پی ٹی آئی کی تحریک دب گئی مگر بانی پی ٹی آئی کو عوام کے دلوں سے نکالنے کا نسخہ بھی تک ایجاد نہیں ہو سکا ہے۔

جواب دیں

Back to top button