
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے انتباہ کیا ہےکہ زور زبردستی سندھ کی تقسیم ہوئی تو کراچی کی سڑکوں پرجو خون بہےگا اس پرسوال پوچھے جائيں گے، زور زبردستی صوبےکی تقسیم کریں گے تو عام آدمی ہتھیار اٹھائيں گے اور بات دشمنی تک جائے گی، سسٹم تباہ نہیں ہوا، سسٹم کو تباہ کرایا گیا ہے، سسٹم اگر تباہ ہوا ہے تو اس کا علاج ری سیٹ میں ہے، یہ سیاسی ری سیٹ ہوگا۔
کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ سسٹم بالکل تباہ ہوچکا ہے لیکن کیوں ہوا ہے اس پر کوئی بات نہیں کر رہا، سسٹم کو ری سیٹ کرنا ہوگا تاکہ حقدار کو اس کا حق مل سکے، میں بھی سسٹم کولیپس ہونے میں ذمہ دار ہوں۔
انہوں نے کہا ہمیں ایک غیر سیاسی نہیں سیاس ری سیٹ کی ضرورت ہے، اگر سسٹم کو سیاسی ری سیٹ کرنا ہے تو آغاز پارلیمان سے کیا جائے، اپوزیشن کو پارلیمان پر بالکل بھی اعتماد نہیں ہے، اپوزیشن کا اعتماد پارلیمان میں بحال کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
چیئر مین پی پی نے کہا کہ اپوزیشن سے مخصوص نستیں چھین کر دو ترامیم کرالیں، اب تیسری بھی کرانے جارہے ہیں، مکمل اتفاق رائے نہیں تو باہمی رضامندی سے ہم نے 26 ویں ترمیم کرائی، 27 ویں ترمیم اتفاق رائے یا باہمی رضامندی سے نہیں بلکہ جبری اکثریت سے منظور کرائی گئی، 27 ویں ترمیم کے بعد سینئر ججز نے استعفے دیے، ججوں کے استعفوں سے واضح ہوگیا کہ ان کا اب اعتماد نہیں رہا۔ہمیں سب سے پہلے عوام کا اداروں پر اعتماد بحال کرنا ہوگا، ہر ادارے نے جو اعتماد کھویا ہے اسے بحال کیا جانا چاہیے۔
چیئرمین پی پی نے کہا میڈیا کے ساتھ پارلیمان سب سے اہم ادارہ ہے، پارلیمان پاکستان کا طاقت ور ادارہ ہے وہاں اختلاف رائے ہونا چاہیے، ہم پارلیمان میں کسی بھی مسئلے پر اختلاف رائے کرسکتے ہیں، پارلیمان کا مسئلہ یہ ہےکہ اپوزیشن کو ہماری پارلیمان پر اعتماد ہی نہیں، پارلیمان کا اعتماد بحال کرنے کی سب سے بڑی ذمہ داری حکومت کی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی ملک میں عوام کی خواہشات، آئین و قانون کے مطابق صوبے بننےکی حمایتی ہے، زور زبردستی اگر سندھ کی تقسیم ہوتی ہے تو کراچی کی سڑکوں پر جو خون بہے گا اس پر سوال پوچھےجائیں گے، زور زبردستی صوبےکی تقسیم کریں گے تو معاشرے میں تقسیم ہوگی اور وہ دشمنی تک جائے گی، عام آدمی ہتھیار اٹھائیں گے اور یہ خون خرابا ایک خون تک محدود نہیں رہےگا، اگر یہ زور زبردستی کریں گے تو سندھ میں بھائی بھائی کو قتل کرے گا، میں خون خرابہ نہیں دیکھ سکتا ہوں،عوام کی تائید سے جو صوبہ بنایا جاتاہے ہم اس کے ساتھ ہیں۔ریفرنڈم کی بات نہیں، نیت کی بات ہوتی ہے، پاکستان کی تاریخ میں غیر جمہوری کام کے لیے ریفرنڈم کرایا گیا، آئین میں طریقہ کارموجود ہے، یہ تجویز دینا بھی ایسا ہےکہ آپ غیر آئینی طریقہ کار تلاش کر رہے ہیں۔







