
جگائے گا کون؟
’’ ان کو رلائوں گا‘‘ سے انسانی ہمدردی تک
تحریر: سی ایم رضوان
آج غالباً عالمی یوم فلسفہ ہے۔ ہر سال نومبر کی تیسری جمعرات کو ( اور بعض اوقات 18نومبر کو بھی) یونیسکو کے زیر اہتمام عالمی یوم فلسفہ منایا جاتا ہے، جس کا مقصد انسانی زندگی میں فلسفیانہ سوچ اور تنقیدی فکر کو فروغ دینا ہوتا ہے۔ اس نقطہ نظر سے اگر پاکستانی سیاست و حکومت اور قومی زندگی کی فلسفیانہ منظر کشی کی جائے تو یہاں بے جان کرداروں کے سوا کچھ نظر نہیں آتا جو بظاہر تو بولتے اور بات کرتے نظر آتے ہیں لیکن اصل میں یہ نہیں ان میں کوئی اور بول رہا ہوتا ہے۔ اسی طرح اس ملک کے معاملے اور مسائل بھی بظاہر کچھ اور نظر آتے ہیں اور حقیقت میں کچھ اور ہوتے ہیں۔ نئے صوبوں کی زندہ مثال سامنے ہے۔ یہ معاملہ اب ایک ایسا طویل اور پیچیدہ قضیہ بن چکا ہے کہ جسے بجا طور پر ’’ سانپ، سیڑھی کا کھیل‘‘ کہا جا سکتا ہے، کیونکہ اس عمل میں سیاسی مفادات، آئینی پیچیدگیاں اور انتظامی مجبوریوں کی وجہ سے معاملات بار بار وہیں آ کر رک جاتے ہیں جہاں سے شروع ہوتے ہیں۔ ضمنی المیہ یہ ہے کہ وطن عزیز میں جب بھی کوئی سیاسی جماعت اپوزیشن میں ہوتی ہے یا اسے کسی مخصوص خطے ( مثلاً جنوبی پنجاب، ہزارہ، یا کراچی) میں ووٹ بینک کی ضرورت ہوتی ہے، تو وہ نئے صوبے کے قیام کا نعرہ بلند کرتی ہے۔ پھر اسمبلیوں میں قرار دادیں پاس ہوتی ہیں، کمیٹیاں بنتی ہیں اور عوام کو امید کی ایک ’’ سیڑھی‘‘ مل جاتی ہے کہ اب ان کی محرومیاں ختم ہونے والی ہیں اور جیسے ہی معاملہ عملی اقدامات، آئینی ترامیم یا ( دو تہائی اکثریت) اور وسائل کی تقسیم تک پہنچتا ہے تو مختلف سیاسی جماعتوں کے درمیان مفادات کا ٹکرا شروع ہو جاتا ہے اور آئین کے آرٹیکل 239کے تحت نئے صوبے کے قیام کے لئے پیچیدہ آئینی مراحل حائل ہو جاتے ہیں اور اتفاق رائے نہ ہونے کی وجہ سے معاملہ وہیں صفر پر آ جاتا ہے جیسے سانپ کے کاٹنے پر کھلاڑی نیچے آ گرتا ہے۔ نئے صوبوں کے حامیوں کا موقف ہے کہ انتظامی بنیادوں پر بڑے صوبوں کی تقسیم ترقی کے ثمرات کو نچلی سطح تک پہنچانے اور گورننس کو بہتر بنانے کے لئے ناگزیر ہے۔ اس کے برعکس، ناقدین یہ خدشہ ظاہر کرتے ہیں کہ لسانی اور نسلی بنیادوں پر صوبے بننے سے قومی ہم آہنگی متاثر ہو سکتی ہے جبکہ نئے صوبوں کے قیام کے بعد سب سے بڑا سوال مالیاتی خود مختاری اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کا ہو گا جس پر اکثر اکائیاں متفق نہیں۔ لہٰذا نئے صوبوں کا معاملہ محض ایک انتظامی یا آئینی مسئلہ نہیں رہا بلکہ یہ پاکستانی سیاست کا ایک ایسا آسان بہانہ بن چکا ہے جو الیکشن کے دنوں میں تو آگے بڑھایا جاتا ہے اور بعد میں یہ سرد خانے کی نذر کر دیا جاتا ہے۔
یہاں سیاستدانوں، حکمرانوں کے اقتدار اور قید میں بھی ہوا کے ایک جھونکے کا ہی کردار اہم ہوتا ہے۔ لہٰذا اس کھیل کو بھی سانپ اور سیڑھی کا کھیل کہنا ہی مناسب ہو گا۔ اس ضمن میں آج کل مختلف جرائم میں عدالتی سزائیں کاٹنے کے لئے اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی کی مثال بڑی عبرت ناک اور دلچسپ ہے کہ وہ بانی پی ٹی آئی جو اقتدار کی نشے میں اپنے مخالفین کے متعلق کہتے تھے کہ ’’ میں ان کو رلائوں گا، ان کو تکلیف پہنچے گی، میں ان کو تکلیف پہنچائوں گا‘‘، اب انسانی ہمدردی کا واسطہ دے کر رعایت مانگنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ یاد رہے کہ دسمبر 2020ء میں جب پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کی تحریک عروج پر تھی، تب عمران خان نے اپنے مخالفین اور کرپشن کے جھوٹے کیسز میں قید ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے قائدین کے خلاف سخت کارروائی کا عزم ظاہر کرتے ہوئے یہ الفاظ کہے تھے۔ ان کے اس پرانے بیان کو اب جبکہ وہ خود انسانی ہمدردی کی بات کر رہے ہیں یاد کیا جا رہا ہے کہ اب وہ خود گویا رو رہے ہیں اور یہ الفاظ اب سیاسی و ملکی حالات میں مختلف انداز میں یاد کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی نے گزشتہ روز 16نومبر 2026ء کو پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ کے چیف جسٹس صاحبان کے نام ایک کھلا خط ارسال کیا ہے، جسے ان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے سوشل میڈیا پر جاری کیا ہے۔ اس خط کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر طبی سہولیات کی فراہمی اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد کی اپیل قرار دیا گیا ہے۔ یہ خط چیف جسٹس آف پاکستان، چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے نام لکھا گیا ہے جس میں بانی نے موقف اختیار کیا ہے کہ طویل قید تنہائی کے باعث ان کا بلڈ پریشر خطرناک حد (192 اور 193) تک پہنچ چکا ہے اور ڈاکٹروں نے انہیں برین ہیمرج اور دل کا دورہ پڑنے کے شدید خطرے سے آگاہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ ان کی دائیں آنکھ کی بینائی 85فیصد متاثر ہو چکی ہے۔ خط میں اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بگڑتی ہوئی حالت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اپریل 2026ء میں آنکھ کے آپریشن کے بعد مناسب علاج نہ ملنے کی وجہ سے ان کی بینائی مستقل طور پر ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔ خط کے مطابق دسمبر 2025ء سے انہیں روزانہ قریباً 22 گھنٹے قید تنہائی میں رکھا جا رہا ہے، جیل عملے کو ان سے بات کرنے کی اجازت نہیں اور عدالتی احکامات کے باوجود اہل خانہ، بیٹوں اور وکلا سے ملاقاتوں میں رکاوٹ ڈالی جا رہی ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے نشان دہی کی ہے کہ 18اگست 2026ء کو سپریم کورٹ نے انہیں علاج کے لئے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے اور میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دیا تھا جس پر تاحال عمل نہیں ہوا۔ خط کے اختتام پر انہوں نے لکھا ہے کہ وہ کسی رعایت یا احسان کے طلبگار نہیں ہیں بلکہ صرف انسانی ہمدردی اور انصاف کے تقاضوں کے تحت اپنا اور اپنی اہلیہ کا علاج کروانا چاہتے ہیں تاکہ وہ زندہ رہ کر عدالتوں میں اپنی بے گناہی ثابت کر سکیں۔ گویا وہ کہہ رہے ہیں کہ زندہ رہا تو بے گناہی ثابت کروں گا۔
اب بقول بانی کے زندگی موت تک معاملہ پہنچا ہے تو نواز شریف کی اہلیہ مرحومہ محترمہ کلثوم نواز کی بیرون ملک بیماری اور وفات کے دن بھی یاد کیے جا رہے ہیں کہ اس دوران نواز شریف کو ان کی عیادت حتیٰ کہ وفات پر بھی جانے کی اجازت اس وقت کی عمران حکومت نے نہیں دی تھی اور کہا گیا تھا کہ وہ بیماری کا ڈرامہ کر رہی ہیں۔ یہاں تک کہ جب وہ وفات پا گئیں تو کہا گیا کہ کلثوم نواز مری نہیں بلکہ انسانی ہمدردی حاصل کرنے کے لئے یہ ڈرامہ کیا جا رہا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے بیگم کلثوم نواز کی بیماری سے متعلق دیئے گئے مبینہ بیانات اور خطوط پر اب پاکستان مسلم لیگ ن اور دیگر سیاسی حلقوں کی طرف سے شدید ردعمل اور تنقید سامنے آ رہی ہے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیر علی اور دیگر کا کہنا ہے کہ عمران خان نے ماضی میں بیگم کلثوم نواز کی بیماری اور علاج کے حوالے سے طنز اور نامناسب بیانات دیئے تھے، جنہیں اب بھی سیاسی مباحثوں میں تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ اس تناظر میں پی ٹی آئی کے حامیوں اور عمران خان کے خطوط کے حوالے سے بحث جاری ہے، بعض کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیاست میں انسانی ہمدردی کو ترجیح دی جانی چاہیے، جبکہ دونوں جانب سے ایک دوسرے پر ماضی کے رویوں کے حوالے سے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔
دوسری طرف انسانی ہمدردی کے لئے ملتمس اس کھلے خط کو لے کر پی ٹی آئی کے قائدین اور حامیوں میں یہ ولولہ زیادہ شدت کے ساتھ عود کر آیا ہے کہ اب بانی پی ٹی آئی کی رہائی فوری اور یقینی ہو جانی چاہیے لیکن سوال یہ ہے کہ کیا بانی کے خلاف متعدد کیسز کی موجودگی میں ان کی رہائی ممکن ہے جبکہ پاکستان کے قانون اور عدالتی نظام کے تحت، کسی بھی قیدی یا ملزم کی رہائی کا انحصار اس بات پر ہوتا ہے کہ اسے کن کن مقدمات میں ضمانت ملی ہے اور کن میں سزائیں یا زیرِ سماعت مقدمات برقرار ہیں۔ سابق وزیر اعظم بانی پی ٹی آئی کے معاملے میں بھی صورت حال وہی ہے جو کہ کسی بھی عام پاکستانی کی ہوتی ہے۔ اگرچہ سپریم کورٹ یا متعلقہ عدالتوں کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کو کچھ مقدمات ( جیسے 9مئی کے بعض مقدمات) میں ضمانت مل چکی ہے، لیکن ان کی مکمل رہائی میں دیگر مقدمات اور سزائیں ( مثلاً 190ملین کیس یا توشہ خانہ کے مقدمات جن میں سزائیں یا گرفتاری کے احکامات شامل ہیں ) رکاوٹ ہیں اور بنتی رہی ہیں۔ پاکستانی قانون کے مطابق، اگر کسی ملزم کو ایک یا چند مقدمات میں ضمانت مل جائے، لیکن وہ کسی دوسرے مقدمے میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہو، سزا یافتہ ہو یا اس کے خلاف کسی اور کیس میں گرفتاری ڈالی گئی ہو، تو وہ جیل سے رہا نہیں ہو سکتا جب تک کہ وہ تمام متعلقہ مقدمات میں ضمانت حاصل نہ کر لے۔ رہائی کے لئے ضروری ہے کہ بانی کو ہر اس مقدمے میں عدالت سے ضمانت یا بریت ملے جس میں وہ نامزد ہیں یا سزا یافتہ ہیں۔ جب تک کسی بھی فعال مقدمے یا سزا کی قانونی حیثیت قائم رہتی ہے، عام طریقے سے رہائی ممکن نہیں ہوتی۔ جہاں تک ان کی صحت و علاج کے معاملات ہیں تو اس ضمن میں ہر پاکستانی کی خواہش یہی ہے کہ ان کا مکمل، تسلی بخش علاج ہو۔ اس معاملے میں کسی کوتاہی یا لاپرواہی سے یکسر گریز کیا جائے۔ ساتھ ہی یہ بھی ضروری ہے کہ ان کے خلاف مقدمات کے فیصلے اور تحقیقات میں کسی رعایت یا این آر او کا ڈول نہ ڈالا جائے بلکہ قانون پر عملدرآمد ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔ دعا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ بانی پی ٹی آئی کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔





