Column

امن اور علاقائی تعاون کا تقاضا

اداریہ۔۔۔۔
امن اور علاقائی تعاون کا تقاضا
خطے کی سیاست، بدلتے ہوئے عالمی حالات اور بڑھتے ہوئے معاشی و سلامتی کے چیلنجز نے ایک بار پھر یہ حقیقت واضح کردی ہے کہ قومی مفادات کا تحفظ محض بیانات سے نہیں بلکہ دانش مندانہ سفارت کاری، مضبوط علاقائی روابط اور موثر اجتماعی حکمت عملی سے ممکن ہے۔ پاکستان کو آج جن حالات کا سامنا ہے، ان میں امن، خودمختاری، علاقائی استحکام اور معاشی ترقی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے تقاضے ہیں۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا اقتصادی تعاون تنظیم کے اجلاس میں اظہارِ خیال اور وزیراعظم شہباز شریف کی اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات اسی وسیع تر سفارتی تناظر کی عکاسی کرتی ہے۔ پاکستان کا بنیادی موقف ہمیشہ یہ رہا ہے کہ خطے کا امن کسی ایک ملک کی ذمے داری نہیں بلکہ تمام ممالک کی مشترکہ ذمے داری ہے۔ اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ خطے کو درپیش چیلنجز کسی ایک ریاست تک محدود نہیں، اس لیے ان کا مقابلہ بھی مشترکہ اقدامات کے ذریعے ہی کیا جاسکتا ہے۔ یہ موقف موجودہ عالمی ماحول میں غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے، جہاں سیاسی کشیدگی، معاشی دبا، دہشت گردی، موسمیاتی تبدیلی اور ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی نے ریاستوں کے لیے نئے مسائل پیدا کر دئیے ہیں۔ ایسے حالات میں باہمی تعاون سے گریز مسائل کو پیچیدہ کر سکتا ہے جب کہ مکالمہ اور مشترکہ حکمت عملی پائیدار حل کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔ اقتصادی تعاون تنظیم کی چیئرمین شپ پاکستان کے لیے محض ایک اعزاز نہیں بلکہ علاقائی روابط کو مضبوط بنانے کا اہم موقع بھی ہے۔ وژن 2026ء سے 2035ء تک کا نیا فریم ورک اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ رکن ممالک تجارت، ٹرانسپورٹ، توانائی، انسانی وسائل، ماحولیاتی تحفظ اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے شعبوں میں عملی تعاون کو ترجیح دیں۔ پاکستان کی جغرافیائی اہمیت اسے وسطی ایشیا، مشرقِ وسطیٰ اور جنوبی ایشیا کے درمیان رابطے کا موثر ذریعہ بننے کی صلاحیت فراہم کرتی ہے۔ تاہم اس صلاحیت کو حقیقت میں بدلنے کے لیے مثر ٹرانسپورٹ راہداریاں، آسان سرحدی طریقہ کار، تجارتی سہولتیں اور پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے۔پاکستان کی سفارت کاری کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ وہ علاقائی امن کے لیے بات چیت اور تنازعات کے پُرامن حل کو ترجیح دیتا ہے۔ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے پُرامن حل کے لیے پاکستان کی امید اور سفارتی رابطوں کی حمایت اسی اصول کا اظہار ہے۔ پاکستان کو خطے میں کسی نئی محاذ آرائی کے بجائے ایسے ماحول کی ضرورت ہے جہاں ممالک اپنے وسائل دفاعی کشیدگی کے بجائے عوامی فلاح، تجارت اور ترقی پر خرچ کر سکیں۔ افغانستان کے حوالے سے پاکستان کا موقف بھی اسی تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔ پاکستان ایک مستحکم، پُرامن اور خوشحال افغانستان کا خواہاں ہے، کیونکہ دونوں ممالک کا امن، سرحدی سلامتی اور معاشی مستقبل ایک دوسرے سے وابستہ ہیں۔ تاہم سرحد پار دراندازی اور دہشت گردی کے واقعات پاکستان کے لیے سنگین تشویش کا باعث ہیں۔ کسی بھی ریاست کی پہلی ذمے داری اپنے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہے۔ پاکستان کا یہ سوال بجا ہے کہ اگر سرحد پار سے حملوں میں شہری اور سیکیورٹی اہلکار جانیں گنواتے رہیں تو اس صورت حال کو غیر معینہ مدت تک کیسے برداشت کیا جاسکتا ہے؟ اس کے باوجود مسئلے کا پائیدار حل کشیدگی میں اضافے کے بجائے ذمے دارانہ سفارت کاری، موثر سرحدی انتظام اور قابلِ تصدیق اقدامات میں پوشیدہ ہے۔ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ افغانستان کی عبوری حکومت کو تاحال تسلیم نہیں کیا گیا جبکہ اس کی ای سی او رکنیت بھی معطل ہے۔ ان معاملات میں پاکستان کے تحفظات کو سنجیدگی سے سمجھنا ضروری ہے، لیکن ساتھ ہی دونوں ممالک کے درمیان رابطے کے دروازے کھلے رہنے چاہئیں۔ افغانستان کی جانب سے دہشت گرد گروہوں کے خلاف قابلِ اعتماد کارروائی خطے کے امن کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدہ بھی علاقائی سلامتی کے حوالے سے اہم پیش رفت ہے۔ اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ یہ معاہدہ دفاعی تعاون اور اجتماعی سلامتی کے اصول پر مبنی ہے، اسے کسی دوسرے ملک کے خلاف محاذ آرائی کا منصوبہ قرار نہیں دیا جانا چاہیے۔ اقوام متحدہ کے منشور کا آرٹیکل 51انفرادی اور اجتماعی دفاع کے حق کو تسلیم کرتا ہے۔ اس اصول کے تحت ریاستیں اپنی سلامتی کے تحفظ کے لیے باہمی تعاون کر سکتی ہیں۔ تاہم کسی بھی دفاعی انتظام کی کامیابی اس بات میں ہے کہ وہ امن، دفاعی توازن اور خودمختاری کے احترام کو مضبوط کرے، نہ کہ خطے میں نئی کشیدگی پیدا کرے۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کی او آئی سی کے سیکریٹری جنرل اسماعیل ولد الشیخ احمد سے ملاقات مسلم دنیا کے مشترکہ مسائل پر پاکستان کے سفارتی کردار کی اہمیت اجاگر کرتی ہے۔ فلسطین اور جموں و کشمیر کے عوام کی حمایت کا اعادہ محض رسمی بیان نہیں ہونا چاہیے بلکہ اسے موثر سفارتی کوششوں، انسانی امداد اور عالمی سطح پر مسلسل آواز اٹھانے سے تقویت ملنی چاہیے۔ او آئی سی کو مسلم دنیا کو درپیش مسائل کے حل کے لیے زیادہ مربوط، فعال اور نتیجہ خیز کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان اس مقصد کے لیے اپنی سفارتی صلاحیت اور بین الاقوامی روابط بروئے کار لاسکتا ہے۔ تاہم سفارتی کامیابیوں کا اصل معیار صرف اجلاسوں، ملاقاتوں اور معاہدوں کی تعداد نہیں بلکہ ان کے نتیجے میں عوام کی زندگیوں میں آنے والی بہتری ہے۔ علاقائی تجارت میں اضافہ، روزگار کے مواقع، توانائی کے منصوبے، سرحدی سہولتیں اور سرمایہ کاری ہی ایسے عملی نتائج ہیں جو پاکستان اور خطے کے دیگر ممالک کو ترقی کی راہ پر آگے بڑھا سکتے ہیں۔ پاکستان کو آج ایک ایسی خارجہ پالیسی کی ضرورت ہے جو قومی خودمختاری پر غیر متزلزل ہو، امن کے لیے مکالمے کو ترجیح دے، دہشت گردی کے خلاف واضح موقف رکھے اور معاشی تعاون کے دروازے کھلے رکھے۔ ریاستی وقار اور سفارتی تدبر ایک دوسرے کی ضد نہیں بلکہ ایک دوسرے کے معاون ہیں۔ پاکستان کا مثر ترین پیغام یہی ہونا چاہیے کہ وہ اپنے دفاع، شہریوں کے تحفظ اور قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، لیکن خطے کے تمام ممالک کے ساتھ امن، احترام اور مشترکہ ترقی کے لیے تعاون پر بھی آمادہ ہے۔ یہی راستہ پاکستان کو ایک ذمے دار، پُرامن اور موثر علاقائی کردار ادا کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔

 

شذرہ۔۔۔
آٹے کی قیمتوں میں من مانی
روٹی انسان کی بنیادی ضرورت ہے، مگر جب اسی روٹی کے لیے خریدے جانے والے آٹے کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہونے لگیں تو یہ محض مہنگائی نہیں بلکہ معاشرتی انصاف کا سنجیدہ سوال بن جاتا ہے۔ پاکستان میں پہلے ہی بجلی، گیس، ادویہ اور دیگر بنیادی ضروریات کے اخراجات نے گھریلو بجٹ کو شدید دبا میں ڈال رکھا ہے۔ ایسے میں آٹے کی زائد قیمتوں کی وصولی نے غریب اور متوسط طبقے کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ افسوس ناک امر یہ ہے کہ جس چیز کو ہر گھر کی بنیادی ضرورت ہونا چاہیے، وہ بھی بعض مقامات پر منافع خوری اور انتظامی غفلت کی نذر دکھائی دیتی ہے۔ آٹا کوئی تعیش کی شے نہیں کہ شہری قیمت بڑھنے پر اسے خریدنا چھوڑ دیں۔ مزدور، دیہاڑی دار، کم آمدن والا ملازم اور محدود وسائل رکھنے والا خاندان اپنی روزمرہ زندگی میں سب سے پہلے روٹی کا انتظام کرتا ہی۔ جب دکان دار مقررہ نرخوں سے زیادہ قیمت وصول کرتے ہیں تو اس کا براہِ راست بوجھ ان گھرانوں پر پڑتا ہے جن کی آمدن میں اضافے کا کوئی امکان نہیں ہوتا۔ نتیجتاً کہیں کھانے کی مقدار کم ہوتی ہے، کہیں بچوں کی غذائی ضروریات متاثر ہوتی ہیں اور کہیں خاندان دیگر لازمی اخراجات میں کٹوتی کرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔ حکومت کے لیے ضروری ہے کہ آٹے کی قیمتوں کے تعین اور فراہمی کے پورے نظام کا موثر جائزہ لے۔ گندم کی دستیابی، فلور ملوں کو فراہمی، آٹے کی تیاری، ترسیل اور دکانوں پر فروخت تک ہر مرحلے کی نگرانی ہونی چاہیے۔ اگر کسی مقام پر ذخیرہ اندوزی، مصنوعی قلت یا مقررہ نرخوں سے زائد وصولی ثابت ہو تو ذمے داروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ محض چھاپوں اور جرمانوں سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، بلکہ مستقل نگرانی اور شفاف شکایتی نظام قائم کرنا ہوگا۔ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ پرائس کنٹرول اداروں کی ذمے داری ہے کہ سرکاری نرخ نمایاں مقامات پر آویزاں کرائیں، بازاروں میں باقاعدہ معائنہ کریں اور شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی یقینی بنائیں۔ اسی طرح حکومت کو کم آمدن والے خاندانوں کے لیے معیاری آٹا مناسب نرخوں پر فراہم کرنے کا موثر انتظام کرنا چاہیے تاکہ امداد حقیقی مستحقین تک پہنچے۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ کسان کو اس کی فصل کا مناسب معاوضہ ملنا چاہیے اور فلور ملوں کے جائز کاروباری اخراجات کو بھی نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، لیکن ان عوامل کی آڑ میں صارفین سے من مانے نرخ وصول کرنا کسی طور قابلِ قبول نہیں۔ حکومت کو کسان، تاجر، فلور ملز اور صارف کے مفادات میں توازن پیدا کرنا ہوگا۔ ریاست کی ذمے داری صرف اشیائے خورونوش کی قیمتوں کا اعلان کرنا نہیں بلکہ ان پر عمل درآمد یقینی بنانا بھی ہے۔ آٹے کی قیمتوں پر قابو پانا عوام پر احسان نہیں، بنیادی حکومتی ذمے داری ہے۔ حکمرانوں کو سمجھنا ہوگا کہ عام شہری کے لیے مہنگی روٹی محض معاشی مسئلہ نہیں، روزانہ کی زندگی کا کڑا امتحان ہے۔ عوام کو ریلیف اسی وقت ملے گا جب بازار میں سرکاری نرخ کاغذوں کے بجائے حقیقت بن کر دکھائی دیں گے۔

جواب دیں

Back to top button