پٹرولیم قیمتیں: عالمی بحران اور پاکستان

پٹرولیم قیمتیں: عالمی بحران اور پاکستان
پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ ایک بار پھر عوامی سطح پر تشویش اور بحث کا باعث بنا ہے ۔ حکومت کی جانب سے پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد معاشی دبا میں مزید اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ یہ اضافہ بظاہر ایک عام معاشی فیصلہ محسوس ہوتا ہے، لیکن درحقیقت اس کے پیچھے عالمی معیشت کی پیچیدہ صورتحال، خطے کی جغرافیائی سیاست اور توانائی کے عالمی بحران جیسے عوامل کارفرما ہیں۔ حالیہ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول اور ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں دو ہندسی اضافہ کیا گیا ہے، جس نے نہ صرف ٹرانسپورٹ کے اخراجات بڑھا دئیے ہیں بلکہ عام آدمی کی روزمرہ زندگی پر بھی براہ راست اثر ڈالا ہے۔ پاکستان جیسے ملک میں جہاں پہلے ہی مہنگائی ایک بڑا مسئلہ ہے، وہاں ایسے فیصلے عوام کے لیے مزید مشکلات پیدا کرتے ہیں۔ تاہم اس فیصلے کو صرف مقامی تناظر میں دیکھنا مکمل تصویر کو سمجھنے کے لیے کافی نہیں۔ دنیا اس وقت توانائی کے ایک غیر معمولی بحران سے گزر رہی ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مسلسل غیر مستحکم ہیں۔ اس کی بڑی وجہ بین الاقوامی سیاسی کشیدگیاں، سپلائی چین کے مسائل اور بڑی طاقتوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشمکش ہے۔ ایران اور امریکا کے درمیان جاری تنا نے عالمی توانائی مارکیٹ کو شدید متاثر کیا ہے۔ مشرق وسطیٰ وہ خطہ ہے جہاں سے دنیا کے بڑے حصے کو تیل فراہم کیا جاتا ہے۔ جب اس خطے میں کشیدگی بڑھتی ہے تو عالمی منڈی فوراً ردعمل دیتی ہے، جس کا اثر براہ راست ترقی پذیر ممالک پر پڑتا ہے۔ ایران پر پابندیاں، بحیرہ عرب اور خلیج میں کشیدہ صورتحال اور ممکنہ عسکری تنا نے سرمایہ کاروں اور توانائی مارکیٹ کو بے یقینی صورتحال میں ڈال دیا ہے۔ نتیجتاً خام تیل کی قیمتیں بڑھتی ہیں اور اس کا بوجھ آخرکار درآمد کرنے والے ممالک کو اٹھانا پڑتا ہے۔ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو اپنی توانائی کی بڑی ضروریات درآمدی تیل سے پوری کرتے ہیں۔ جب عالمی منڈی میں قیمتیں بڑھتی ہیں تو پاکستان کے درآمدی بل میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھا بھی مقامی قیمتوں کو متاثر کرتا ہے۔ حکومت کے لیے ایک بڑا چیلنج یہ ہوتا ہے کہ وہ یا تو سبسڈی دے کر مالی خسارے میں اضافہ کرے یا قیمتیں عوام تک منتقل کرے۔ دونوں صورتوں میں مشکلات موجود ہیں۔ اگر سبسڈی دی جائے تو مالی دبا بڑھتا ہے اور اگر قیمتیں بڑھائی جائیں تو عوامی ردعمل سامنے آتا ہے۔ گو حکومت ٹارگٹڈ سبسڈی دے رہی ہے۔ یہی وہ نازک توازن ہے جس کے درمیان حکومت کو فیصلے کرنے پڑتے ہیں۔ اکثر اوقات یہ فیصلے سیاسی نہیں بلکہ معاشی مجبوریوں کے تحت کیے جاتے ہیں۔ پٹرول کی قیمت میں اضافہ صرف ایندھن تک محدود نہیں رہتا۔ یہ پورے معاشی نظام کو متاثر کرتا ہے۔ ٹرانسپورٹ کے کرایے بڑھتے ہیں، اشیائے خورونوش کی قیمتیں بڑھ جاتی ہیں اور یوں مہنگائی کا ایک نیا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے۔ ایک عام شہری کے لیے یہ اضافہ براہ راست اس کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرتا ہے۔ جو مزدور پہلے ہی محدود آمدن میں گزارہ کررہا ہوتا ہے، اس کے لیے یہ اضافہ مزید مشکلات پیدا کرتا ہے۔ اسی طرح چھوٹے کاروبار بھی اس سے متاثر ہوتے ہیں، کیونکہ لاگت بڑھنے سے منافع کم ہوجاتا ہے۔ یہ حقیقت بھی تسلیم کرنا ضروری ہے کہ حکومتیں ہمیشہ مکمل آزادی کے ساتھ فیصلی نہیں کرتیں۔ عالمی مالیاتی اداروں کے دبا، درآمدی اخراجات، کرنسی کی صورت حال اور مالی خسارے جیسے عوامل ان فیصلوں کو متاثر کرتے ہیں۔ پاکستان اس وقت ایک ایسے معاشی دور سے گزر رہا ہے جہاں ہر فیصلہ انتہائی احتیاط سے کرنا پڑتا ہے۔ بعض اوقات ایسے اقدامات ناگزیر ہوجاتے ہیں، جنہیں عوامی سطح پر مشکل سمجھا جاتا ہے، مگر معاشی نظام کو برقرار رکھنے کے لیے یہ ضروری ہوتے ہیں۔توانائی ہمیشہ سے عالمی سیاست کا اہم عنصر رہی ہے۔ جب بھی بڑی طاقتوں کے درمیان کشیدگی بڑھتی ہے تو اس کا اثر تیل کی قیمتوں پر پڑتا ہے۔ ایران اور امریکا کی حالیہ کشیدگی نے بھی یہی صورت حال پیدا کی ہے۔ اگر خطے میں صورت حال مزید خراب ہوتی ہے تو توانائی کی سپلائی متاثر ہوسکتی ہے، جس سے قیمتیں مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔ اسی لیے عالمی مارکیٹ ہمیشہ بے یقینی کیفیت میں رہتی ہے۔ تمام تر مشکلات کے باوجود یہ امید موجود ہی کہ حالات ہمیشہ ایک جیسے نہیں رہتے۔ عالمی تاریخ یہ بتاتی ہے کہ ہر بحران کے بعد ایک استحکام کا دور بھی آتا ہے۔ اگر خطے میں کشیدگی کم ہوتی ہے، سفارتی تعلقات بہتر ہوتے ہیں اور عالمی منڈی میں توازن آتا ہے تو توانائی کی قیمتیں بھی نیچے آسکتی ہیں۔ پاکستان میں بھی جب عالمی دبا کم ہوگا تو حکومت کے لیے ممکن ہوگا کہ وہ عوام کو ریلیف فراہم کرے اور قیمتوں کو ایک بار پھر مستحکم سطح پر لے آئے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ بظاہر ایک عام معاشی فیصلہ ہے، لیکن اس کے پیچھے ایک وسیع عالمی اور علاقائی پس منظر موجود ہے۔ ایران اور امریکا کی کشیدگی، عالمی توانائی بحران اور پاکستان کی معاشی صورت حال اس فیصلے کے بنیادی عوامل ہیں۔ عوام کے لیے یہ وقت صبر اور سمجھ داری کا ہے جب کہ ریاست کے لیے یہ وقت متوازن پالیسی سازی کا ہے۔ امید کی جاسکتی ہے کہ جیسے ہی عالمی حالات بہتر ہوں گے، پاکستان میں بھی معاشی استحکام آئے گا اور عوام کو ریلیف ملے گا۔ آخر میں یہی حقیقت رہ جاتی ہے کہ معیشتیں جذبات سے نہیں بلکہ عالمی حقیقتوں سے چلتی ہیں اور امید ہمیشہ زندہ رہتی ہے کہ مشکل وقت کے بعد آسانی ضرور آتی ہے۔
آئی ایم ایف قسط کی منظوری
آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کے لیے 1.29ارب ڈالر کی قسط کی منظوری ایک اہم پیش رفت ہے، جو بظاہر ملکی معیشت کے لیے فوری ریلیف کا باعث بن سکتی ہے۔ اس فیصلے کے تحت نہ صرف ای ایف ایف پروگرام کی قسط جاری کی گئی ہے بلکہ موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق آر ایس ایف فنڈ کی پہلی قسط بھی منظور ہوئی ہے، جو پاکستان جیسے ماحولیاتی خطرات سے دوچار ملک کے لیے اہم ہے۔ یہ مالی معاونت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان کو شدید معاشی دبائو، درآمدی بل میں اضافہ اور زرمبادلہ کے ذخائر کی بے یقینی صورت حال کا سامنا ہے۔ اس رقم کی اسٹیٹ بینک میں منتقلی سے وقتی طور پر کرنسی مارکیٹ کو استحکام ملنے کی توقع ہے اور ادائیگیوں کے دبائو میں کمی آسکتی ہے۔تاہم یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام ہمیشہ آسان شرائط کے ساتھ نہیں آتے۔ ان قرضوں کے ساتھ سخت مالیاتی اصلاحات، ٹیکس نظام میں بہتری اور مالی خسارے میں کمی جیسے اقدامات بھی لازم ہوتے ہیں، جو اکثر عوامی سطح پر مزید دبا کا باعث بنتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یہ ریلیف ایک طرف سہارا فراہم کرتا ہے تو دوسری جانب پالیسی سطح پر نئے چیلنجز بھی پیدا کرتا ہے۔ پاکستان نے ستمبر 2024ء میں 37ماہ کا موجودہ پروگرام حاصل کیا تھا، جس کے تحت مختلف اقساط جاری کی جارہی ہیں۔ اس تسلسل سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان ابھی مکمل مالی خود کفالت کے مرحلے میں نہیں پہنچ سکا اور عالمی مالیاتی اداروں پر انحصار جاری ہے۔ اصل سوال یہ ہے کہ کیا یہ قرضے صرف وقتی سہارا ہیں یا واقعی معاشی استحکام کی طرف ایک قدم؟ اس کا دارومدار حکومت کی پالیسیوں، اصلاحات کے نفاذ اور معیشت کو پیداواری سمت دینے پر ہے۔ مختصر کہ آئی ایم ایف کی یہ قسط وقتی ریلیف ضرور ہے، مگر مستقل استحکام کے لیے پاکستان کو اپنی اندرونی معاشی بنیادیں مضبوط کرنا ہوں گی۔







