
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ایکس پر جاری ایک میں بیان میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کے باوجود سابق وزیراعظم عمران خان سے ان کی فیملی اور وکلا کی ملاقات میں رکاوٹ ڈالنے اور ’اڈیالہ جیل کے باہر پیش آنے والی بدترین حکومتی بربریت‘ کی شدید مذمت کی ہے۔
پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ’یہ واقعات محض انتظامی ناکامی نہیں بلکہ آئین، قانون اور عدلیہ کے منہ پر طمانچہ ہیں۔‘
بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ’عمران خان کی بہنوں، علامہ راجہ ناصر عباس، دیگر پارٹی رہنماؤں، کارکنان اور پرامن دھرنا مظاہرین پر پنجاب پولیس نے حکومتی ایما پر ظلم کی تمام حدیں پار کرتے ہوئے کیمیکل ملے ہوئے واٹر کینن سے حملہ کیا‘ اور متعدد کارکنوں کو زبردستی گرفتار کر لیا گیا۔
راولپنڈی میں پولیس نے رات گئے اڈیالہ روڈ پر عمران خان کی بہنوں اور پی ٹی آئی کے کارکنان کی جانب سے عمران خان کی ان کی بہنوں سے ملاقات نہ کروائے جانے کے خلاف دیا گیا دھرنا ختم کروا دیا تھا۔







